کتاب 6: باب الصَّعِيدُ الطَّيِّبُ وَضُوءُ الْمُسْلِمِ ، يَكْفِيهِ مِنَ الْمَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 344
ہم سے مسدد نے بیان کیا کہا: بیچی بن سعید نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عوف نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابو رجاء نے حضرت عمران سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتلایا۔ کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ایک سفر میں تھے اور ہم رات کو چلے۔ جب رات کا آخری حصہ ہوا تو ہم ایسی نیند پڑ گئے کہ مسافر کے نزدیک اس سے زیادہ میٹھی اور کوئی نہ ہوگی۔ پھر ہمیں سورج کی گرمی ہی نے جگایا اور سب سے پہلے جو جاگا؛ فلاں تھا۔ پھر فلاں، پھر فلاں۔ ابو رجاء ان کا نام لیتے تھے مگر عوف بھول گئے۔ پھر حضرت عمر بن خطاب چوتھے تھے اور نبی ﷺ کو جب آپ سوتے نہ جگایا جاتا۔ یہاں تک کہ آپ خود ہی جاگتے۔ کیونکہ ہمیں پتہ نہ ہوتا کہ آپ کی نیند میں آپ کو کیا کچھ پیش آرہا ہے۔ جب حضرت عمر جاگے اور انہوں نے جو کچھ لوگوں پر گذرا تھا دیکھا؛ اور وہ دلیر آدمی تھے۔ انہوں نے اللہ اکبر کہا اور تکبیر کے ساتھ اپنی آواز بلند کی اور وہ اللهُ أَكْبَرُ کہتے رہے اور تکبیر کے ساتھ اپنی آواز بلند کرتے جاتے تھے۔ یہاں تک کہ نبی ﷺ اُن کی آواز سے جاگ پڑے۔ جب آپ جاگے تو لوگوں نے جو اُن کے ساتھ ہوا تھا اُس کی آپ کے پاس شکایت کی۔ آپ نے فرمایا: کوئی ضرر نہیں۔ لَا ضَيْرَ یا لَا يَضِيرُ۔ کوچ کرو اور آپ نے کوچ کیا۔ کچھ دُور نہیں گئے تھے کہ آپ اُترے اور وضو کا پانی منگوایا اور وضو کیا اور نماز کی منادی کی گئی اور آپ نے لوگوں کو نماز پڑھائی۔ جب آپ اپنی نماز پڑھ کر پھرے تو کیا دیکھتے ہیں کہ ایک شخص ہے جو الگ تھلگ بیٹھا ہے۔ اُس نے لوگوں کے ساتھ نماز نہیں پڑھی تھی۔ آپ نے فرمایا: اے فلاں! لوگوں کے ساتھ نماز پڑھنے سے کس بات نے روکا ہے؟ اُس نے کہا کہ مجھے جنابت ہوگئی ہے اور پانی نہیں۔ فرمایا: مٹی کو لو؛ وہ تمہیں کافی ہے۔ پھر نبی ﷺ چل پڑے اور لوگوں نے آپ کے پاس پیاس کی شکایت کی۔ آپ اُترے اور کسی شخص کو بلایا۔ ابو رجاء اس کا نام لیتے تھے اور عوف بھول گئے۔ اور حضرت علی کو بلایا اور فرمایا کہ تم دونوں جاؤ اور پانی ڈھونڈ کر لاؤ۔ اس پر وہ دونوں چل پڑے اور ایک عورت کو اپنے ایک اونٹ پر (سوار) پانی کے دو مشکیزوں یا دو پکھالوں کے درمیان (بیٹھے ہوئے) دیکھا۔ اور انھوں نے اس سے پوچھا: پانی کہاں ہے؟ اس نے کہا: میں نے پانی کل اس وقت دیکھا تھا اور ہمارے آدمی پیچھے ہیں۔ ان دونوں نے اس سے کہا: چلو۔ اُس نے کہا: کہاں؟ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے پاس۔ اس نے کہا: وہی جسے صابی کہتے ہیں؟ انہوں نے کہا: وہی ہے جو تمہاری مراد ہے۔ پس چلو۔ وہ اسے نبی ﷺ کے پاس لے کر آئے اور آپ کو سارا واقعہ بتایا۔ حضرت عمران کہتے تھے کہ انہوں نے اس کو اُس کے اونٹ سے نیچے اُتارا اور نبی ﷺ نے ایک برتن منگوایا اور اس میں اُن دو مشکیزوں یا پکھالوں کے دہانوں سے پانی ڈالا اور ان کے اوپر کے دہانے تسمہ سے بند کر دیے اور نیچے کے دہانے چھوڑ دئے اور لوگوں میں منادی کی گئی: پیو پلاؤ اور پانی لے لو۔ پس جس نے چاہا پیا، پلایا اور جس نے چاہا پانی لیا اور آخر یہ ہوا کہ آپ نے اُس شخص کو پانی کا برتن دیا جسے جنابت ہو گئی تھی اور فرمایا: جاؤ اور اسے اپنے اوپر ڈال لو اور وہ جو کچھ اس کے پانی کے ساتھ کیا جارہا تھا؛ کھڑی دیکھ رہی تھی اور اللہ تعالیٰ کی قسم ہے کہ اُن پکھالوں سے ہمیں معلوم ہوتا تھا کہ وہ اس وقت سے بھی زیادہ بھری ہوئی ہیں کہ جب آپ نے ان سے پانی لینا شروع کیا تھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس کے لیے کچھ اکٹھا کرو تو اس کے لیے کچھ خشک کھجور میں اور کچھ آٹا اور کچھ ستو اکٹھے کئے۔ یہاں تک کہ اس کے لیے بہت سی خوراک جمع کردی اور ایک کپڑے میں ڈال کر اس عورت کو اس کے اونٹ پر سوار کیا اور وہ کپڑا اُس کے سامنے رکھ دیا۔ آپ نے فرمایا: تم جانتی ہو کہ ہم نے تمہارے پانی سے کچھ بھی کم نہیں کیا ہے۔ لیکن اللہ ہی ہے جس نے ہمیں پلایا ہے۔ اس کے بعد وہ اپنے گھر والوں کے پاس آئی اور وہ اُن سے رکی رہی تھی۔ کہنے لگے: اے فلانی! تجھے کس چیز نے روکا تھا۔ کہنے لگی: عجیب بات ہوئی۔ مجھے دو آدمی ملے اور وہ مجھ کو اُس (شخص) کے پاس لے گئے جسے صابی کہا جاتا ہے اور اُس نے اللہ کی قسم ایسا ایسا کیا اور وہ اس اور اُس کے درمیان تمام لوگوں سے بڑھ کر جادو گر ہے اور اپنی درمیانی انگلی اور سبابه یعنی انگوٹھے کے پاس والی انگلی سے نیچے کو اشارہ کیا اور پھر ان دونوں کو اوپر کو اٹھایا اور اس کی مراد آسمان و زمین تھے۔ یا یہ کہ وہ یقینا اللہ کے سچے رسول ہیں۔ اس کے بعد مسلمان اس عورت کے ارد گرد مشرکوں پر حملہ کرتے اور جس قبیلہ سے وہ تھی اس کو نقصان نہ پہنچاتے۔ ایک دن اس نے اپنی قوم سے کہا: میں سمجھتی ہوں کہ یہ لوگ تم کو عمداً چھوڑتے ہیں۔ پس کیا تمہیں اسلام میں داخل ہونے کی خواہش ہے؟ اس پر انہوں نے اس کی بات مان لی اور وہ اسلام میں داخل ہو گئے۔ ابو عبد اللہ نے کہا: صبا کے معنی ہیں ایک دین سے نکل کر دوسرے دین میں چلا گیا اور ابوالعالیہ نے کہا: الصَّابِئِينَ اور ایک نسخہ کے مطابق الصَّابِؤُونَ کہا۔ اہل کتاب کا ایک فرقہ ہے جو زبور پڑھا کرتے تھے۔ { (سورہ یوسف آیت ۳۴ میں جو) اصبُ (آیا ہے اس کے معنی ہیں) جھک جاؤں گا۔}