کتاب 24: باب خُرُوجِ النَّارِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7118
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ سعید بن مسیب نے کہا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ گھڑی اس وقت تک قائم نہیں ہوگی جب تک کہ حجاز کی زمین سے ایک آگ نہ نکلے جو بُصریٰ میں اونٹوں کی گردنوں کو روشن کردے گی۔
صحیح بخاری 7119
عبداللہ بن سعید کندی نے ہم سے بیان کیا کہ عُقبہ بن خالد نے ہمیں بتایا۔ عبید اللہ (بن عمر) نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے خبیب بن عبدالرحمٰن سے، خبیب نے اپنے دادا حفص بن عاصم سے، اُنہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: وہ زمانہ قریب ہے کہ فرات سونے کا ایک خزانہ نمودار کرے گا سو جو وہاں موجود ہو تو وہ اس میں سے کچھ نہ لے۔ عقبہ (بن خالد) نے کہا اور عبید اللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو زناد نے ہمیں اسی طرح بتلایا۔ اُنہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی مگر انہوں نے یوں کہا کہ فرات سونے کا ایک پہاڑ نمودار کرے گا۔