کتاب 27: باب لاَ يَدْخُلُ الدَّجَّالُ الْمَدِينَةَ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 7132

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ أَخْبَرَنِي عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُتْبَةَ بْنِ مَسْعُودٍ أَنَّ أَبَا سَعِيدٍ قَالَ حَدَّثَنَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَوْمًا حَدِيثًا طَوِيلاً عَنِ الدَّجَّالِ فَكَانَ فِيمَا يُحَدِّثُنَا بِهِ أَنَّهُ قَالَ " يَأْتِي الدَّجَّالُ وَهُوَ مُحَرَّمٌ عَلَيْهِ أَنْ يَدْخُلَ نِقَابَ الْمَدِينَةِ فَيَنْزِلُ بَعْضَ السِّبَاخِ الَّتِي تَلِي الْمَدِينَةَ فَيَخْرُجُ إِلَيْهِ يَوْمَئِذٍ رَجُلٌ وَهْوَ خَيْرُ النَّاسِ أَوْ مِنْ خِيَارِ النَّاسِ فَيَقُولُ أَشْهَدُ أَنَّكَ الدَّجَّالُ الَّذِي حَدَّثَنَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم حَدِيثَهُ فَيَقُولُ الدَّجَّالُ أَرَأَيْتُمْ إِنْ قَتَلْتُ هَذَا ثُمَّ أَحْيَيْتُهُ هَلْ تَشُكُّونَ فِي الأَمْرِ فَيَقُولُونَ لاَ. فَيَقْتُلُهُ ثُمَّ يُحْيِيهِ فَيَقُولُ وَاللَّهِ مَا كُنْتُ فِيكَ أَشَدَّ بَصِيرَةً مِنِّي الْيَوْمَ. فَيُرِيدُ الدَّجَّالُ أَنْ يَقْتُلَهُ فَلاَ يُسَلَّطُ عَلَيْهِ ".

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی کہ عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: ایک دن رسول اللہ ﷺ نے ہم سے دجال کے متعلق ایک لمبی بات بیان کی منجملہ اس کے جو آپؐ ہم سے بیان کیا کرتے تھے یہ بات بھی ہے آپؐ نے فرمایا: دجال آئے گا اور اس پر حرام ہوگا کہ مدینہ کے راستوں سے داخل ہو تو وہ ان کھاری زمینوں میں سے کسی زمین پر اُترے گا جو مدینہ کے قریب ہیں اور اُس وقت ایک شخص جو عام لوگوں سے بہتر ہو گا یا فرمایا: بہترین لوگوں میں سے ہوگا، نکل کر اس کے پاس جائے گا اور وہ کہے گا میں جانتا ہوں کہ تم وہی دجال ہو جس کا ذکر رسول اللہ ﷺ نے ہم سے فرمایا۔ تو دجال کہے گا: بھلا بتاؤ تو سہی کہ اگر میں اس کو مار ڈالوں اور پھر اسے زندہ کروں تو کیا تم اس امر میں شک کرو گے۔ لوگ کہیں گے نہیں۔ چنانچہ وہ اس کو مار ڈالے گا اور پھر اسے زندہ کرے گا اور وہ شخص کہے گا اللہ کی قسم! جتنی بصیرت مجھے آج تمہارے متعلق ہوئی ہے اس سے پہلے نہ تھی۔ دجال چاہے گا کہ اس کو مار ڈالے۔ مگر اس کو اس پر قدرت نہ دی جائے گی۔

صحیح بخاری 7133

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ مَسْلَمَةَ عَنْ مَالِكٍ عَنْ نُعَيْمِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ الْمُجْمِرِ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " عَلَى أَنْقَابِ الْمَدِينَةِ مَلاَئِكَةٌ لاَ يَدْخُلُهَا الطَّاعُونُ وَلاَ الدَّجَّالُ ".

عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے مالک سے، مالک نے نعیم بن عبداللہ مجمر سے، نعیم نے حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت کی اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مدینہ کے رستوں پر فرشتے ہیں نہ طاعون اس میں داخل ہوگی اور نہ دجال۔

صحیح بخاری 7134

حَدَّثَنِي يَحْيَى بْنُ مُوسَى حَدَّثَنَا يَزِيدُ بْنُ هَارُونَ أَخْبَرَنَا شُعْبَةُ عَنْ قَتَادَةَ عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " الْمَدِينَةُ يَأْتِيهَا الدَّجَّالُ فَيَجِدُ الْمَلاَئِكَةَ يَحْرُسُونَهَا فَلاَ يَقْرَبُهَا الدَّجَّالُ ـ قَالَ ـ وَلاَ الطَّاعُونُ إِنْ شَاءَ اللَّهُ ".

یحيٰ بن موسیٰ نے مجھ سے بیان کیا کہ یزید بن ہارون نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہمیں خبر دی۔ شعبہ نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے نبیؐ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: مدینہ میں دجال آئے گا تو وہ فرشتوں کو پائے گا کہ اس کا پہرہ دے رہے ہیں تو انشاء اللہ نہ دجال اس کے قریب پھٹکے گا اور نہ طاعون۔

10 von 10 heute frei