کتاب 93: كتاب الأحكام
صحیح بخاری, حصہ 4
صحیح بخاری 7197
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن عروہ نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نے حضرت ابوحمید ساعدیؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے بنو سلیم کے صدقے وصول کرنے کے لئے ابن لتبیہ کو کارکن مقرر کیا۔ جب وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ نے اس سے حساب لیا تو اس نے کہا: یہ تو تمہارا ہے اور یہ ہدیہ ہے جو مجھے دیا گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم اپنے باپ یا ماں کے گھر کیوں نہ بیٹھ رہے کہ تمہارے ہدیے تمہارے پاس آتے، اگر تم سچے ہو ؟ پھر رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور آپؐ نے لوگوں کو مخاطب کیا اور اللہ کی حمد و ثنا بیان کی۔ پھر فرمایا: اما بعد میں ان کاموں پر جس کا نگران اللہ نے مجھے بنایا ہے تم میں سے کچھ لوگوں کو مقرر کرتا ہوں تو تم میں کوئی آتا ہے اور کہتا ہے یہ تمہارا ہے اور یہ ہدیہ ہے جو مجھے دیا گیا وہ اپنے باپ یا اپنی ماں کے گھر کیوں نہ بیٹھ رہا کہ اس کا ہدیہ اس کے پاس آتا اگر وہ سچا ہے؟ اللہ کی قسم ! تم میں سے جو کوئی بھی ان صدقات میں سے کچھ بھی لے گا، ہشام نے کہا: اپنے حق کے علاوہ، تو ضرور وہ قیامت کے دن اللہ کے پاس اس کو اٹھائے ہوئے لائے گا۔ دیکھو سنو! وہ جو اللہ کے پاس لائے گا میں اسے ضرور پہچان لوں گا، وہ اونٹ لے کر آئے گا جو بلبلا رہا ہو گا یا ایک گائے کو جو بیں بیں کر رہی ہوگی یا ایک بکری کو جو ممیا رہی ہوگی۔ یہ کہہ کر آپ نے اپنے دونوں ہاتھ اتنے اونچے اٹھائے کہ میں نے آپؐ کے بغلوں کی سفیدی دیکھی۔ فرمایا: سنو! کیا میں نے پہنچا دیا ہے؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7198
اصبغ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ یونس نے مجھ سے بیان کیا۔ یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے، اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: اللہ نے کوئی ایسا نبی نہیں بھیجا اور نہ ہی کوئی ایسا خلیفہ بنایا جس کے دو راز دار رفیق نہ ہوں۔ ایک رفیق اس کو بھلائی کا حکم دیتا ہے اور اس کو اس کی ترغیب دیتا ہے اور ایک رفیق اس کو شر کا حکم دیتا ہے اور اس کو اس کی ترغیب دیتا رہتا ہے اور معصوم وہی ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے بچایا۔ اور سلیمان (بن بلال) نے یحيٰ (انصاری) سے نقل کرتے ہوئے کہا کہ ابن شہاب نے بھی یہی مجھ کو بتایا اور اُنہوں نے ابن ابی عتیق اور موسیٰ (بن عتبہ) سے روایت کی۔ اُن دونوں نے بھی ابن شہاب سے اسی طرح روایت کیا۔ اور شعیب نے زہری سے نقل کیا کہ ابوسلمہ نے حضرت ابوسعیدؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے اُن کا یہی قول بیان کیا اور اوزاعی اور معاویہ بن سلام نے کہا کہ زہری نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوسلمہ نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ اُنہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور ابن ابی حسین اور سعید بن زیاد نے ابوسلمہ سے نقل کیا کہ انہوں نے حضرت ابوسعیدؓ سے ان کا یہ قول روایت کیا اور عبیداللہ بن ابی جعفر نے کہا کہ مجھ سے صفوان نے بیان کیا۔ اُنہوں نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے ابوایوب سے روایت کی اُنہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7199
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے یحيٰ بن سعید سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا : عبادہ بن ولید نے مجھے بتایا کہ میرے باپ نے مجھے خبر دی۔ اُن کے باپ نے حضرت عبادہ بن صامتؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم نے رسول اللہ ﷺ سے یہ بیعت کی کہ خوشی اور ناخوشی میں سننا اور ماننا ہوگا.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7200
اور یہ کہ ہم حکومت کے متعلق اُن لوگوں سے جھگڑا نہیں کریں گے جو اس کے اہل ہیں اور ہم حق پر عمل کریں گے اور حق بات کہیں گے جہاں کہیں بھی کہ ہم ہوں گے۔ اللہ کے لئے ہم کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے نہیں ڈریں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7201
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن حارث نے ہمیں بتایا۔ حمید نے ہم سے بیان کیا۔ حمید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ ایک صبح سردی کے وقت باہر آئے اور مہاجرین اور انصار خندق کھود رہے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ بھلائی درحقیقت آخرت کی ہی بھلائی ہے۔ اس لئے انصار اور مہاجرین کی کمزوریوں پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے ان سے درگزر فرما۔ صحابہ نے (یہ سن کر) جواب میں کہا: ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے محمدؐ سے بیعت کی ہے کہ جب تک ہم زندہ رہیں گے ہمیشہ جہاد کرتے رہیں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7202
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبداللہ بن دینار سے، اُنہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم جب رسول اللہ ﷺ سے بیعت کرتے کہ ہم آپؐ کا حکم سنیں گے اور اطاعت کریں گے تو آپؐ ہم سے یہ کہتے: جہاں تک تم سے ہو سکے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7203
مسدّد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ عبداللہ بن دینار نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: میں اس وقت حضرت ابن عمرؓ کے پاس موجود تھا جب لوگ عبد الملک (کے ہاتھ) پر اکٹھے ہو گئے تھے۔ ابن دینار کہتے تھے کہ اُنہوں نے یہ خط لکھا: میں اللہ کے بندے عبدالملک امیر المؤمنین کا حکم جہاں تک مجھ سے ہو سکا اللہ کی شریعت اور اس کے رسول کی سنت کے مطابق سننے اور ماننے کا اقرار کرتا ہوں اور میرے بیٹوں نے بھی ایسا ہی اقرار کیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7204
یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ سیار نے ہم سے بیان کیا۔ سیار نے شعبی سے، شعبی نے حضرت جریر بن عبداللہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے بیعت کی کہ میں سنوں گا اور مانوں گا اور آپؐ نے مجھے یہ سکھایا جہاں تک مجھ سے ہو سکا اور ہر مسلمان کی خیرخواہی کروں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7205
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کرتے ہوئے کہا: عبد اللہ بن دینار نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے کہا: جب لوگوں نے عبدالملک کی بیعت کی تو حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے ان کو لکھا کہ اللہ کے بندے امیر المومنین عبدالملک کا حکم اللہ کی شریعت اور اس کے رسول کی سنت کے مطابق جہاں تک مجھ سے ہو سکا سنوں گا اور مانوں گا اور میرے بیٹوں نے بھی یہی اقرار کیا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7206
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یزید بن ابی عبید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت سلمہ (بن اکوعؓ) سے پوچھا: آپ لوگوں نے حدیبیہ کے دن نبی ﷺ سے کس بات پر بیعت کی تھی؟ اُنہوں نے کہا: موت پر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7207
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے مالک سے، مالک نے زہری سے روایت کی کہ حمید بن عبدالرحمٰن نے اُنہیں بتایا کہ حضرت مسور بن مخرمہؓ نے ہمیں خبر دی کہ وہ لوگ جن کو حضرت عمرؓ نے خلافت کے لئے نامزد کیا تھا اکٹھے ہوئے اور آپس میں مشورہ کرنے لگے۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ نے ان سے کہا: میں ایسا نہیں جو تمہارے مقابلہ میں اس امر کی خواہش کروں لیکن اگر تم چاہو تو میں تمہارے لئے تم میں سے کسی کا انتخاب کروں۔ چنانچہ اُنہوں نے اس فیصلہ کو حضرت عبدالرحمٰنؓ کے حوالہ کیا۔ جب اُنہوں نے اپنا معاملہ حضرت عبدالرحمٰنؓ کے سپرد کردیا تو لوگ حضرت عبدالرحمنؓ کی طرف مائل ہو گئے۔ یہاں تک کہ میں ایک آدمی کو بھی نہ دیکھتا تھا جو ان آدمیوں کے ساتھ جاتا اور نہ کوئی اُن کے پیچھے جاتا تھا اور لوگ حضرت عبدالرحمٰنؓ پر جھک پڑے۔ ان سے راتوں کو مشورے کرنے لگے۔ جب وہ رات ہوئی کہ جس کی صبح کو اُٹھ کر ہم نے حضرت عثمانؓ سے بیعت کی۔ حضرت مسورؓ نے کہا کہ حضرت عبدالرحمٰنؓ کچھ رات گزرنے کے بعد میرے پاس اچانک آئے اور دروازہ کھٹکھٹایا جس سے میں جاگ پڑا۔ کہنے لگے: میں سمجھتا ہوں کہ تم سوئے ہوئے ہو۔ اللہ کی قسم! میں تو یہ تین راتیں کچھ زیادہ نہ سو سکا۔ چلو زبیرؓ اور سعدؓ کو بلاؤ۔ میں اُن کے پاس انکو بلا لایا اور اُنہوں نے ان دونوں سے مشورہ کیا۔ پھر اس کے بعد مجھے بلایا اور کہا کہ علیؓ کو میرے پاس بلا لاؤ اور میں ان کو بلا لایا۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ اتنی دیر تک ان سے درپردہ باتیں کرتے رہے کہ آدھی رات ہوگئی۔ اس کے بعد حضرت علیؓ ان کے پاس سے اُٹھ کر چلے گئے اور وہ امید رکھتے تھے اور حضرت عبدالرحمٰنؓ حضرت علیؓ سے کچھ ڈرتے بھی تھے۔ پھر اُنہوں نے کہا: حضرت عثمانؓ کو میرے پاس بلا لاؤ اور میں ان کو بلا لایا اور وہ اُن سے درپردہ باتیں کرتے رہے۔ حتی کہ مؤذن نے صبح کی اذان دے کر اُنہیں ایک دوسرے سے الگ کیا۔ جب وہ لوگوں کو صبح کی نماز پڑھا چکے اور یہ گروہ منبر کے پاس جمع ہوگیا تو حضرت عبدالرحمٰنؓ نے جو مہاجرین اور انصار موجود تھے ان کو بلا بھیجا نیر سرداران لشکر کو بھی بلوایا جو اتفاق سے اس حج میں آگئے تھے اور حضرت عمرؓ کے ساتھ اُنہوں نے حج کیا تھا۔ جب سب اکٹھے ہوگئے تو حضرت عبدالرحمٰنؓ نے تشہد پڑھا پھر کہا۔ اما بعد۔ اے علیؓ میں نے لوگوں کے معاملہ میں خوب غور کیا ہے اور مَیں اُنہیں نہیں دیکھتا کہ وہ حضرت عثمانؓ کے برابر کسی کو سمجھتے ہوں اس لئے اب آپ اپنے متعلق (ملامت کی) کوئی راہ نہ نکالیں۔ پھر حضرت عثمانؓ نے کہا: میں آپ سے اللہ کی شریعت اور اس کے رسول اور آپؐ کے بعد دونوں خلیفوں کی سنت کے مطابق بیعت کرتا ہوں۔ یہ کہہ کر حضرت عبدالرحمٰنؓ نے ان سے بیعت کی اور دوسرے لوگوں مہاجرین اور انصار اور سرداران لشکر اور تمام مسلمانوں نے ان سے بیعت کی۔
فَبَايَعَهُ عَبْدُ الرَّحْمَنِ وَبَايَعَهُ النَّاسُ الْمُهَاجِرُونَ وَالأَنْصَارُ وَأُمَرَاءُ الأَجْنَادِ وَالْمُسْلِمُونَ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7208
ابو عاصم نے ہم سے بیان کیا انہوں نے یزید بن ابی عبید سے، اُنہوں نے حضرت سلمہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم نے درخت کے تلے نبی ﷺ سے بیعت کی تھی۔ تو آپؐ نے مجھ سے فرمایا: سلمہؓ تم نہیں بیعت کرتے؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ ! میں پہلے بیعت کر چکا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: اور دوسری بار بھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7209
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے مالک سے، مالک نے محمد بن منکدر سے، اُنہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ایک بدوی نے رسول اللہ ﷺ کی اسلام پر قائم رہنے کی بیعت کی۔ پھر اُس کو بخار آنے لگا تو کہنے لگا: میری بیعت فسخ کر دیں تو آپؐ نے انکار کیا۔ پھر وہ آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: مجھ سے میری بیعت فسخ کر دیں۔ آپؐ نہ مانے۔ وہ بدوی نکل کر چلا گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مدینہ بھٹی کی طرح ہے جو میل باہر پھینک دیتا ہے اور اس کی صاف چیز خالص ہو جاتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7210
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن یزید نے ہمیں بتایا۔ سعید نے جو ابو ایوب کے بیٹے ہیں، ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: ابو عقیل زہرہ بن معبد نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے اپنے دادا حضرت عبداللہ بن ہشامؓ سے روایت کی اور انہوں نے نبی ﷺ کا زمانہ پایا تھا اور اُن کی ماں حضرت زینب بنت حمیدؓ اُن کو لے کر رسول اللہ ﷺ کے پاس گئی تھیں۔ اُن کی ماں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ اس سے بیعت لیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: وہ چھوٹا ہے اور آپؐ نے اُن کے سر پر ہاتھ پھیرا اور اُن کے لئے دعا کی۔ اور حضرت عبداللہ بن ہشامؓ اپنے تمام گھر والوں کی طرف سے ایک ہی بکری قربانی کیا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7211
عبد اللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے محمد بن منکدر سے، ابن منکدر نے حضرت جابر بن عبداللہ سے روایت کی کہ ایک بدوی نے رسول اللہ ﷺ سے اسلام پر قائم رہنے کی بیعت کی۔ پھر اس بدوی کو مدینہ میں ہی بخار آنے لگا۔ تو وہ بدوی رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور اُس نے کہا: یا رسول اللہ! میری بیعت صبح کریں۔ رسول اللہ ﷺ نے انکار کیا۔ پھر وہ آپ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میری بیعت فسخ کر دیں۔ آپ نے نہ مانا۔ پھر وہ آپ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میری بیعت فسخ کر دیں۔ تب بھی آپ نے نہ مانا۔ اس پر وہ بدوی نکل کر چل دیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مدینہ تو بھٹی کی طرح ہے جو اپنی میل کو باہر پھینک دیتا ہے اور اس کی صاف چیز خالص ہو جاتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7212
عبدان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو حمزہ سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تین شخص ہیں اللہ قیامت کے دن اُن سے بات نہیں کرے گا اور نہ اُنہیں پاک صاف کرے گا اور اُن کو دردناک سزا ہوگی۔ ایک وہ شخص جس کے پاس راستے میں بچا ہوا پانی ہو مسافر کو اس سے محروم رکھے اور ایک وہ شخص جو امام سے بیعت کرے محض دنیا ہی کی خاطر اُس سے بیعت کر رہا ہو اگر وہ اس کو دے جو چاہتا ہے تو اس سے وفا کرے اور اگر نہ دے تو اس سے وفا نہ کرے اور ایک وہ شخص جو عصر کے بعد کسی آدمی کو کوئی سامان بیچ رہا ہو اور اللہ کی قسمیں کھائے کہ مجھے تو اس کا اتنا اتنا دیا گیا تھا تو وہ اس کو سچا سمجھ کر اس سامان کو لے لے حالانکہ اسے اس کا اتنا نہیں دیا گیا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7213
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی۔ نیز لیث نے کہا: یونس نے مجھ سے بیان کیا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ابوادریس خولانی نے مجھے خبر دی کہ اُنہوں نے حضرت عبادہ بن صامتؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے ہم سے فرمایا اور ہم اس وقت مجلس میں تھے تم مجھ سے بیعت کرو کہ کسی چیز کو بھی تم اللہ کا شریک نہ ٹھہراؤ گے اور نہ تم چوری کرو گے اور نہ زنا کرو گے اور نہ ہی اپنی اولاد کو قتل کرو گے اور نہ کوئی تم ایسا بہتان باندھو گے جسے تم دیکھتے بھالتے اپنے سامنے اپنے ہاتھوں سے گھڑتے ہو اور معروف بات میں تم نافرمانی نہیں کرو گے۔ سو جس نے تم میں سے اس عہد کو پورا کیا اس کا اجر اللہ کے ذمے ہوگا اور جس نے ان باتوں میں سے کوئی بات کی اور دنیا میں اس کو سزا دے دی گئی تو وہ سزا اس کے لئے کفارہ ہوگئی اور جس نے ان باتوں میں سے کوئی بات کی اور اللہ نے اس کی پردہ پوشی فرمائی تو اس کا معاملہ اللہ کے سپرد ہے۔ اگر وہ چاہے تو اس کو سزا دے چاہے تو معاف کر دے چنانچہ انہی باتوں پر ہم نے آپؐ سے بیعت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7214
محمود (بن غیلان) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، اُنہوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپ فرماتی ہیں: نبی ﷺ عورتوں سے اس آیت کے مطابق یعنی اس شرط پر کہ وہ اللہ کا شریک کسی کو قرار نہیں دیں گی۔ زبانی بیعت لیا کرتے تھے۔ آپ بیان کرتی ہیں اور رسول اللہ ﷺ کا ہاتھ کسی عورت کے ہاتھ کو کبھی نہیں چھوا سوائے اس عورت کے جس کے آپؐ مالک ہوتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7215
ہم سے مسدد نے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ایوب سے، ایوب نے حفصہ سے، حفصہ نے حضرت اُم عطیہؓ سے روایت کی۔ آپ بیان کرتی ہیں: ہم نے نبی ﷺ سے بیعت کی تو آپؐ نے ہمارے سامنے یہ آیت پڑھی یعنی اس شرط پر کہ وہ اللہ کا شریک کسی کو قرار نہیں دیں گی۔ اور ہمیں بین کرنے سے روکا۔ (یہ سن کر) ہم میں سے ایک عورت نے اپنا ہاتھ کھینچ کر سکیڑ لیا اور بولیں فلاں عورت نے میری مدد کی تھی اور میں چاہتی ہوں کہ اس کا بدلہ ادا کروں۔ آپؐ نے کچھ نہیں فرمایا۔ وہ گئی اور پھر لوٹ آئی۔ کسی عورت نے بھی وفا نہ کی مگر اُم سلیمؓ اور اُم علاءؓ اور ابوبسرہؓ کی بیٹی نے جو معاذؓ کی بیوی تھیں۔ یا کہا: ابو سبرہؓ کی بیٹی اور معاذؓ کی بیوی نے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7216
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے محمد بن منکدر سے روایت کی۔ میں نے حضرت جابرؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ایک بدوی نبی ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: اسلام پر قائم رہنے کی بیعت مجھ سے لے لیں۔ چنانچہ آپؐ نے اس سے اسلام پر رہنے کی بیعت لی۔ پھر وہ دوسرے دن بخار میں مبتلا ہو کر آیا اور کہنے لگا: میری بیعت فسخ کر دیجئے۔ آپؐ نے انکار کر دیا۔ جب اس نے پیٹھ پھیری آپؐ نے فرمایا: مدینہ بھٹی کی طرح ہے وہ اپنی میل باہر پھینک دیتا ہے اور اس کی صاف چیز خالص ہو جاتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah