کتاب 1: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {أَطِيعُوا اللَّهَ وَأَطِيعُوا الرَّسُولَ وَأُولِي الأَمْرِ مِنْكُمْ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7137
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے زُہری سے روایت کی۔ ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھے بتایا اُنہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا وہ بیان کرتے ہیں، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے میری اطاعت کی اس نے اللہ کی اطاعت کی اور جس نے میری نافرمانی کی اس نے اللہ کی نافرمانی کی اور جس نے میرے مقرر کردہ امیر کی اطاعت کی اس نے میری اطاعت کی اور جس نے میرے مقرر کردہ امیر کی نافرمانی کی اس نے میری نافرمانی کی۔
صحیح بخاری 7138
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے عبداللہ بن دینار سے، اُنہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سنو تم میں سے ہر ایک پاسبان ہے اور تم میں سے ہر ایک کو اُس کی رعیت کے متعلق پوچھا جائے گا۔ وہ بڑا امام بھی جو لوگوں پر مقرر ہے ایک پاسبان ہے اور اسے اس کی رعیت کے متعلق پوچھا جائے گا اور مرد بھی اپنے گھر والوں کا پاسبان ہے اور وہ بھی اپنی رعیت کے متعلق پوچھا جائے گا اور عورت بھی اپنے خاوند کے گھر والوں اور اس کی اولاد کی پاسبان ہے اور وہ بھی ان کے متعلق پوچھی جائے گی اور آدمی کا غلام بھی اپنے آقا کے مال کا پاسبان ہے اور اس سے بھی اس کے متعلق پوچھا جائے گا۔ دیکھو خیال رکھو تم میں سے ہر ایک پاسبان ہے۔ اور تم میں سے ہر ایک سے اس کی رعیت کے متعلق پوچھا جائے گا۔