کتاب 11: باب مَا ذُكِرَ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم لَمْ يَكُنْ لَهُ بَوَّابٌ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7154
اسحاق بن منصور نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالصمد نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ ثابت بُنانی نے ہمیں بتایا۔ ثابت نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ وہ اپنے گھر والوں میں سے کسی عورت سے کہہ رہے تھے: کیا تم فلاں عورت کو جانتی ہو؟ اُس نے کہا: ہاں۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ اس کے پاس سے گزرے اور وہ ایک قبر کے پاس بیٹھی رو رہی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کو اپنا سپر بناؤ اور صبر کرو۔ وہ بولی: مجھ سے چلے جاؤ کیونکہ تمہیں وہ دکھ نہیں جو مجھے ہے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: یہ سن کر آنحضرت ﷺ اس کو چھوڑ کر آگے چلے گئے۔ پھر ایک اور شخص اس کے پاس سے گزرا اُس نے پوچھا: رسول اللہ ﷺ نے تم سے کیا کہا تھا؟ وہ بولی میں نے اُن کو نہیں پہچانا۔ اس آدمی نے کہا: وہی تو رسول اللہ ﷺ ہیں۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: یہ سن کر وہ عورت آنحضرت ﷺ کے دروازے پر آئی اور وہاں کوئی دربان نہ پایا۔ کہنے لگی: یا رسول اللہ ! بخدا میں نے آپؐ کو پہچانا نہیں تھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: صبر تو وہی ہے جو شروع صدمہ میں ہو۔