کتاب 13: باب هَلْ يَقْضِي الْحَاكِمُ أَوْ يُفْتِي وَهْوَ غَضْبَانُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7158
آدم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ عبدالملک بن عمیر نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے عبدالرحمٰن بن ابی بکر سے سنا وہ کہتے تھے۔ حضرت ابوبکرہؓ نے اپنے بیٹے کو لکھا اور وہ سجستان میں تھا کہ تم دو آدمیوں کے درمیان ایسی حالت میں فیصلہ نہ کرنا کہ تم غصے میں ہو کیونکہ میں نے نبی ﷺ کو فرماتے سنا۔ کوئی حاکم دو آدمیوں کے درمیان ایسی حالت میں فیصلہ نہ کرے کہ وہ غصے میں ہو۔
صحیح بخاری 7159
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل بن ابی خالد نے ہمیں خبر دی۔ اسماعیل نے قیس بن ابی حازم سے، قیس نے حضرت ابومسعود انصاریؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ایک شخص رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! میں تو اللہ کی قسم صبح کی نماز میں فلاں شخص کے سبب دیر سے آیا ہوں اس لئے کہ وہ اس نماز میں لمبی سورتیں پڑھ کر دیر تک ہمیں روکے رکھتا ہے۔ حضرت ابومسعودؓ کہتے تھے۔ میں نے کبھی کسی وعظ میں نبی ﷺ کو اس سے بڑھ کر غصہ میں نہیں دیکھا جو اس دن تھے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: لوگو! تم میں سے کچھ ایسے لوگ ہیں جو نفرت دلانے والے ہیں۔ سو جو کوئی تم میں سے لوگوں کو نماز پڑھائے تو چاہیئے کہ وہ نماز کو مختصر کرے۔ کیونکہ ان میں کوئی بوڑھا بھی ہوتا ہے اور کوئی کمزور بھی اور کوئی ضرورت والا بھی۔
صحیح بخاری 7160
محمد بن ابی یعقوب کرمانی نے ہم سے بیان کیا کہ حسان بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ہم سے بیان کیا کہ محمد نے کہا: سالم نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے اُنہیں بتایا کہ اُنہوں نے اپنی بیوی کو طلاق دے دی اور وہ حائضہ تھی تو حضرت عمرؓ نے نبی ﷺ سے ذکر کیا۔ رسول اللہ ﷺ اس طلاق کی وجہ سے ناراض ہوئے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: وہ اسے لوٹا لے اور اسے رکھے یہاں تک کہ وہ حیض سے پاک ہو جائے۔ پھر وہ حائضہ ہو اور پاک ہو۔ تو پھر اگر اس کو اسے طلاق دینا ہی مناسب معلوم ہو تو اسے طلاق دے دے۔