کتاب 29: بَابُ مَنْ قُضِيَ لَهُ بِحَقِّ أَخِيهِ فَلاَ يَأْخُذْهُ، فَإِنَّ قَضَاءَ الْحَاكِمِ لاَ يُحِلُّ حَرَامًا وَلاَ يُحَرِّمُ حَلاَلاً
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7181
عبدالعزیز بن عبداللہ (اویسی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ حضرت زینب بنت ابی سلمہؓ نے اُنہیں بتایا کہ حضرت اُم سلمہؓ نبی ﷺ کی زوجہ نے اُنہیں بتایا۔ اُنہوں نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے اپنے حجرے کے دروازے پر کچھ جھگڑا سنا۔ آپؐ سن کر اُن کے پاس باہر گئے اور فرمایا: میں تو ایک بشر ہی ہوں اور جھگڑنے والے میرے پاس آتے ہیں تو شاید تم میں سے کوئی کسی سے زیادہ بلیغ ہو اور میں سمجھوں کہ وہ سچا ہے اور اس کے حق میں اس کے جھگڑے کے متعلق فیصلہ کر دوں تو جس کے لئے کسی مسلمان کا حق دلانے کا میں فیصلہ کروں تو وہ تو درحقیقت آگ کا ایک ٹکڑا ہے۔ وہ اس کو لے لے یا اس کو چھوڑ دے۔
صحیح بخاری 7182
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ نبی ﷺ کی زوجہ سے روایت کی کہ وہ فرماتی تھیں: عتبہ بن ابی وقاصؓ نے اپنے بھائی سعد بن ابی وقاصؓ کو نصیحت کی کہ زمعہؓ کی لونڈی کا بیٹا میرا ہے اس کو لے کر اپنے پاس رکھنا۔ جس سال مکہ فتح ہوا تو سعدؓ نے اس کو لے لیا اور کہا کہ میرے بھائی کا بیٹا ہے اس نے اس کے متعلق مجھے وصیت کی تھی۔ عبد بن زمعہؓ اُٹھ کر اُن کے پاس آئے اور کہا: میرا بھائی ہے اور میرے باپ کی لونڈی کا بیٹا ہے جو اس کے بستر پر جنا گیا۔ آپس میں کھینچا کھینچی ہوئی۔ رسول اللہ ﷺ کے پاس پہنچے۔ سعد نے کہا: یا رسول اللہ! یہ میرے بھائی کا بیٹا ہے اس نے اس کے متعلق مجھے وصیت کی تھی۔ عبد بن زمعہؓ نے کہا: میرا بھائی ہے میرے باپ کی لونڈی کا بیٹا ہے جو اس کے بستر پر جنا گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عبد بن زمعہؓ یہ تمہارا ہے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بچہ صاحب بستر کا ہی ہوتا ہے اور بدکار کو پتھر پڑتے ہیں۔ پھر آپ نے حضرت سودہ بنت زمعہؓ سے فرمایا: اس سے پردہ کرنا اس لئے کیونکہ آپؐ نے عتبہؓ سے اس کی شکل ملتی جلتی دیکھی تو اُس نے حضرت سودہؓ کو کبھی نہیں دیکھا اسی حالت میں اللہ تعالیٰ سے جا ملا۔