کتاب 37: باب يُسْتَحَبُّ لِلْكَاتِبِ أَنْ يَكُونَ أَمِينًا عَاقِلاً
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7191
محمد بن عبیداللہ ابو ثابت نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ ابراہیم نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبید بن سباق سے، عبید نے حضرت زید بن ثابتؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: اہل یمامہ کی لڑائی میں حضرت ابو بکرؓ نے مجھے بلا بھیجا اور اُن کے پاس حضرت عمرؓ تھے تو حضرت ابوبکرؓ نے کہا کہ عمرؓ میرے پاس آئے ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ یمامہ کی جنگ میں قرآن کے قاری بہت مارے گئے ہیں اور مجھے ڈر ہے اگر اسی طرح جنگوں میں قاری شہید ہوتے گئے تو قرآن کا بہت سا حصہ ضائع ہو جائے گا۔ اور میں سمجھتا ہوں کہ آپؐ قرآن کو یکجا کرنے کا حکم دیں۔ میں نے کہا: میں ایسا کام کیسے کروں جو رسول اللہ ﷺ نے نہیں کیا؟ حضرت عمرؓ نے کہا: اللہ کی قسم! یہ بہترین کام ہے۔ حضرت عمرؓ اس کے متعلق مجھے مسلسل کہتے رہے یہاں تک کہ اللہ نے میرا سینہ اس کام کے لئے کھول دیا جس کے لئے حضرت عمرؓ کے سینے کو اس نے کھولا اور اس کے متعلق میری بھی وہی رائے ہے جو حضرت عمرؓ کی رائے ہے۔ حضرت زیدؓ کہتے تھے: حضرت ابوبکرؓ نے کہا اور تم جوان ہو عقلمند ہو ہم تمہیں کسی بات سے متہم نہیں کرتے تم رسول اللہ ﷺ کے لئے وحی لکھا کرتے تھے اس لئے تم قرآن کی جہاں جہاں بھی ہو تلاش کرو اور اسے جمع کرو۔ حضرت زیدؓ کہتے تھے: اللہ کی قسم! اگر پہاڑوں میں سے کسی پہاڑ کے منتقل کرنے کی ذمہ داری مجھ پر ڈالتے تو وہ مجھ پر قرآن کو جمع کرنے کی ذمہ داری سے زیادہ گراں نہ تھا۔ میں نے کہا: آپ دونوں ایسا کام کیسے کریں گے جو رسول اللہ ﷺ نے نہیں کیا؟ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: اللہ کی قسم! یہ بہتر کام ہے۔ حضرت ابوبکرؓ اس کے متعلق لگاتار مجھ سے بات چیت کرتے رہے یہاں تک کہ اللہ نے میرا اس کام کے لیے سینہ کھول دیا جس کے لئے حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ کا سینہ اس نے کھول دیا تھا اور اس کے متعلق میری بھی وہی رائے ہوئی جو اُنہوں نے دی تھی۔ میں نے قرآن کی تلاش کی اُسے کھجوروں کی شاخوں، چمڑے کے ٹکڑوں، پتھروں اور آدمیوں کے سینوں سے اکٹھا کرنے لگا۔ اور میں نے سورة توبہ کی آخری آیت لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ آخر تک۔ حضرت خزیمہؓ یا کہا حضرت ابوخزیمہؓ کے پاس پائی اور میں نے اس کو اس کی اپنی سورة میں ملا دیا اور یہ صحف حضرت ابوبکرؓ کے پاس اُن کی زندگی میں رہے یہاں تک کہ اللہ عزوجل نے اُن کو وفات دی پھر حضرت عمرؓ کے پاس اُن کی زندگی میں رہے یہاں تک کہ اللہ نے اُن کو وفات دی پھر حضرت عمرؓ کی بیٹی حضرت حفصہؓ کے پاس رہے۔ محمد بن عبیداللہ نے کہا: لِخَافُ کے معنی ہیں ٹھیکرے۔