کتاب 38: باب كِتَابِ الْحَاكِمِ إِلَى عُمَّالِهِ، وَالْقَاضِي إِلَى أُمَنَائِهِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7192
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے ابو لیلیٰ سے روایت کی۔ نیز اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے ابو لیلیٰ بن عبداللہ بن عبدالرحمٰن بن سہل سے۔ اُنہوں نے حضرت سہل بن ابی حثمہؓ سے روایت کی کہ حضرت سہلؓ نے اور اُن کی قوم کے بڑے لوگوں میں سے کچھ آدمیوں نے اُن کو بتایا کہ حضرت عبداللہ بن سہلؓ اور حضرت محیصہؓ دونوں بوجہ تنگ دستی خیبر کی طرف چلے گئے۔ حضرت محیصہؓ کو خبر دی گئی کہ حضرت عبداللہؓ شہید ہو گئے ہیں۔ پانی کے گڑھے یا کہا چشمے میں اُن کو پھینک دیا گیا ہے یہ دیکھ کر وہ یہودیوں کے پاس آئے اور کہنے لگے: اللہ کی قسم ! تمہی نے ان کو قتل کیا ہے۔ یہودیوں نے کہا: ہم نے بخدا اُن کو قتل نہیں کیا۔ اس کے بعد وہ لوٹ آئے اور اپنی قوم کے پاس آئے اور ان سے یہ واقعہ بیان کیا اور وہ اور اُن کے بھائی حضرت حویصہؓ جو کہ اُن سے بڑے تھے اور حضرت عبدالرحمٰن بن سہلؓ آنحضرتؐ کے پاس آئے اور وہ بات کرنے لگے اور وہی خیبر میں تھے تو نبی ﷺ نے حضرت محیصہؓ سے فرمایا: بڑے کو بات کرنے دو، بڑے کو بات کرنے دو یعنی جو عمر میں بڑا تھا۔ چنانچہ حضرت حویصہؓ نے گفتگو کی۔ پھر اس کے بعد حضرت محیصہؓ نے گفتگو کی۔ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یا تو وہ تمہارے اس ساتھی کی دیت دیں یا جنگ کا اعلان کردیں۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے اس کے متعلق اُن کو لکھا تو آپؐ کو جواباً یہ لکھا گیا کہ ہم نے اس کو قتل نہیں کیا۔ تب رسول اللہ ﷺ نے حضرت حویصہؓ، حضرت محیصہؓ اور حضرت عبدالرحمٰنؓ سے فرمایا: کیا تم قسم کھاؤ گے اور اپنے ساتھی کے خون بہا کے حقدار بنو گے؟ اُنہوں نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر کیا یہود تمہارے سامنے قسمیں کھائیں؟ اُنہوں نے کہا: وہ تو مسلمان نہیں تو رسول اللہ ﷺ نے اپنے پاس سے ایک سو اونٹنی اس کی دیت دی اور وہ گھر میں لائی گئیں۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: ان میں سے ایک اونٹنی نے مجھے لات بھی ماری تھی.