کتاب 40: باب تَرْجَمَةِ الْحُكَّامِ، وَهَلْ يَجُوزُ تُرْجُمَانٌ وَاحِدٌ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7195
خارجہ بن زید بن ثابت نے حضرت زید بن ثابتؓ سے روایت کرتے ہوئے کہا کہ نبی ﷺ نے اُن کو یہودیوں کا طریقۂ تحریر سیکھنے کا حکم دیا تو میں نے نبی ﷺ کے لیے آپؐ کے خط لکھے اور یہود کے خط جب وہ آپؐ کو لکھتے میں نے آپؐ کو پڑھ کر سنائے۔ اور حضرت عمرؓ نے کہا اور اس وقت ان کے پاس حضرت علیؓ اور حضرت عبد الرحمٰنؓ (بن حاطب) اور حضرت عثمانؓ تھے۔ یہ عورت کیا کہتی ہے ؟ حضرت عبدالرحمٰن بن حاطبؓ کہتے تھے میں نے کہا: آپ کو یہ اپنے اس ساتھی کے متعلق بتا رہی ہے جس نے اس کے ساتھ بدکاری کی۔ اور ابو جمرہ کہتے تھے میں حضرت ابنِ عباسؓ اور لوگوں کے درمیان ترجمانی کیا کرتا تھا۔ اور بعض لوگوں نے کہا حاکم کے لیے دو ترجمانوں کا ہونا نہایت ضروری ہے۔
صحیح بخاری 7196
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی۔ عبیداللہ بن عبد اللہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبد اللہ بن عباسؓ نے اُنہیں بتایا کہ حضرت ابوسفیان بن حربؓ نے اُنہیں بتایا کہ ہرقل نے ان کو مع ایک قریش کے قافلے کے بلا بھیجا۔ پھر اپنے ترجمان سے کہنے لگا۔ ان سے کہہ میں اس شخص سے پوچھنے لگا ہوں اگر یہ مجھ سے جھوٹ کہے تو تم اس کو جھٹلا دینا۔ پھر اُنہوں نے ساری حدیث بیان کی اور ہرقل نے ترجمان سے کہا۔ اس سے کہو جو تم کہتے ہو اگر یہ سچ ہے تو عنقریب وہ میرے ان دونوں پاؤں رکھنے کی جگہ کا مالک ہو جائے گا۔