کتاب 43: باب كَيْفَ يُبَايِعُ الإِمَامُ النَّاسَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7199
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے یحيٰ بن سعید سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا : عبادہ بن ولید نے مجھے بتایا کہ میرے باپ نے مجھے خبر دی۔ اُن کے باپ نے حضرت عبادہ بن صامتؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم نے رسول اللہ ﷺ سے یہ بیعت کی کہ خوشی اور ناخوشی میں سننا اور ماننا ہوگا.
صحیح بخاری 7200
اور یہ کہ ہم حکومت کے متعلق اُن لوگوں سے جھگڑا نہیں کریں گے جو اس کے اہل ہیں اور ہم حق پر عمل کریں گے اور حق بات کہیں گے جہاں کہیں بھی کہ ہم ہوں گے۔ اللہ کے لئے ہم کسی ملامت کرنے والے کی ملامت سے نہیں ڈریں گے۔
صحیح بخاری 7201
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن حارث نے ہمیں بتایا۔ حمید نے ہم سے بیان کیا۔ حمید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: نبی ﷺ ایک صبح سردی کے وقت باہر آئے اور مہاجرین اور انصار خندق کھود رہے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ بھلائی درحقیقت آخرت کی ہی بھلائی ہے۔ اس لئے انصار اور مہاجرین کی کمزوریوں پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے ان سے درگزر فرما۔ صحابہ نے (یہ سن کر) جواب میں کہا: ہم وہ لوگ ہیں جنہوں نے محمدؐ سے بیعت کی ہے کہ جب تک ہم زندہ رہیں گے ہمیشہ جہاد کرتے رہیں گے۔
صحیح بخاری 7202
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عبداللہ بن دینار سے، اُنہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم جب رسول اللہ ﷺ سے بیعت کرتے کہ ہم آپؐ کا حکم سنیں گے اور اطاعت کریں گے تو آپؐ ہم سے یہ کہتے: جہاں تک تم سے ہو سکے۔
صحیح بخاری 7203
مسدّد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ عبداللہ بن دینار نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: میں اس وقت حضرت ابن عمرؓ کے پاس موجود تھا جب لوگ عبد الملک (کے ہاتھ) پر اکٹھے ہو گئے تھے۔ ابن دینار کہتے تھے کہ اُنہوں نے یہ خط لکھا: میں اللہ کے بندے عبدالملک امیر المؤمنین کا حکم جہاں تک مجھ سے ہو سکا اللہ کی شریعت اور اس کے رسول کی سنت کے مطابق سننے اور ماننے کا اقرار کرتا ہوں اور میرے بیٹوں نے بھی ایسا ہی اقرار کیا ہے۔
صحیح بخاری 7204
یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ سیار نے ہم سے بیان کیا۔ سیار نے شعبی سے، شعبی نے حضرت جریر بن عبداللہؓ سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے بیعت کی کہ میں سنوں گا اور مانوں گا اور آپؐ نے مجھے یہ سکھایا جہاں تک مجھ سے ہو سکا اور ہر مسلمان کی خیرخواہی کروں گا۔
صحیح بخاری 7205
عمرو بن علی نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کرتے ہوئے کہا: عبد اللہ بن دینار نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے کہا: جب لوگوں نے عبدالملک کی بیعت کی تو حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے ان کو لکھا کہ اللہ کے بندے امیر المومنین عبدالملک کا حکم اللہ کی شریعت اور اس کے رسول کی سنت کے مطابق جہاں تک مجھ سے ہو سکا سنوں گا اور مانوں گا اور میرے بیٹوں نے بھی یہی اقرار کیا ہے۔
صحیح بخاری 7206
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے یزید بن ابی عبید سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت سلمہ (بن اکوعؓ) سے پوچھا: آپ لوگوں نے حدیبیہ کے دن نبی ﷺ سے کس بات پر بیعت کی تھی؟ اُنہوں نے کہا: موت پر۔
صحیح بخاری 7207
فَبَايَعَهُ عَبْدُ الرَّحْمَنِ وَبَايَعَهُ النَّاسُ الْمُهَاجِرُونَ وَالأَنْصَارُ وَأُمَرَاءُ الأَجْنَادِ وَالْمُسْلِمُونَ.
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے مالک سے، مالک نے زہری سے روایت کی کہ حمید بن عبدالرحمٰن نے اُنہیں بتایا کہ حضرت مسور بن مخرمہؓ نے ہمیں خبر دی کہ وہ لوگ جن کو حضرت عمرؓ نے خلافت کے لئے نامزد کیا تھا اکٹھے ہوئے اور آپس میں مشورہ کرنے لگے۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ نے ان سے کہا: میں ایسا نہیں جو تمہارے مقابلہ میں اس امر کی خواہش کروں لیکن اگر تم چاہو تو میں تمہارے لئے تم میں سے کسی کا انتخاب کروں۔ چنانچہ اُنہوں نے اس فیصلہ کو حضرت عبدالرحمٰنؓ کے حوالہ کیا۔ جب اُنہوں نے اپنا معاملہ حضرت عبدالرحمٰنؓ کے سپرد کردیا تو لوگ حضرت عبدالرحمنؓ کی طرف مائل ہو گئے۔ یہاں تک کہ میں ایک آدمی کو بھی نہ دیکھتا تھا جو ان آدمیوں کے ساتھ جاتا اور نہ کوئی اُن کے پیچھے جاتا تھا اور لوگ حضرت عبدالرحمٰنؓ پر جھک پڑے۔ ان سے راتوں کو مشورے کرنے لگے۔ جب وہ رات ہوئی کہ جس کی صبح کو اُٹھ کر ہم نے حضرت عثمانؓ سے بیعت کی۔ حضرت مسورؓ نے کہا کہ حضرت عبدالرحمٰنؓ کچھ رات گزرنے کے بعد میرے پاس اچانک آئے اور دروازہ کھٹکھٹایا جس سے میں جاگ پڑا۔ کہنے لگے: میں سمجھتا ہوں کہ تم سوئے ہوئے ہو۔ اللہ کی قسم! میں تو یہ تین راتیں کچھ زیادہ نہ سو سکا۔ چلو زبیرؓ اور سعدؓ کو بلاؤ۔ میں اُن کے پاس انکو بلا لایا اور اُنہوں نے ان دونوں سے مشورہ کیا۔ پھر اس کے بعد مجھے بلایا اور کہا کہ علیؓ کو میرے پاس بلا لاؤ اور میں ان کو بلا لایا۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ اتنی دیر تک ان سے درپردہ باتیں کرتے رہے کہ آدھی رات ہوگئی۔ اس کے بعد حضرت علیؓ ان کے پاس سے اُٹھ کر چلے گئے اور وہ امید رکھتے تھے اور حضرت عبدالرحمٰنؓ حضرت علیؓ سے کچھ ڈرتے بھی تھے۔ پھر اُنہوں نے کہا: حضرت عثمانؓ کو میرے پاس بلا لاؤ اور میں ان کو بلا لایا اور وہ اُن سے درپردہ باتیں کرتے رہے۔ حتی کہ مؤذن نے صبح کی اذان دے کر اُنہیں ایک دوسرے سے الگ کیا۔ جب وہ لوگوں کو صبح کی نماز پڑھا چکے اور یہ گروہ منبر کے پاس جمع ہوگیا تو حضرت عبدالرحمٰنؓ نے جو مہاجرین اور انصار موجود تھے ان کو بلا بھیجا نیر سرداران لشکر کو بھی بلوایا جو اتفاق سے اس حج میں آگئے تھے اور حضرت عمرؓ کے ساتھ اُنہوں نے حج کیا تھا۔ جب سب اکٹھے ہوگئے تو حضرت عبدالرحمٰنؓ نے تشہد پڑھا پھر کہا۔ اما بعد۔ اے علیؓ میں نے لوگوں کے معاملہ میں خوب غور کیا ہے اور مَیں اُنہیں نہیں دیکھتا کہ وہ حضرت عثمانؓ کے برابر کسی کو سمجھتے ہوں اس لئے اب آپ اپنے متعلق (ملامت کی) کوئی راہ نہ نکالیں۔ پھر حضرت عثمانؓ نے کہا: میں آپ سے اللہ کی شریعت اور اس کے رسول اور آپؐ کے بعد دونوں خلیفوں کی سنت کے مطابق بیعت کرتا ہوں۔ یہ کہہ کر حضرت عبدالرحمٰنؓ نے ان سے بیعت کی اور دوسرے لوگوں مہاجرین اور انصار اور سرداران لشکر اور تمام مسلمانوں نے ان سے بیعت کی۔