کتاب 1: باب كَيْفَ فُرِضَتِ الصَّلاَةُ فِي الإِسْرَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 349
ہم سے یحییٰ بن بکیر نے بیان کیا، کہا: لیث نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوذرؓ بیان کرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں مکہ میں ہی تھا کہ میرے گھر کی چھت کھولی گئی اور جبرائیل اُترے اور انہوں نے میرے سینے کو کھولا۔ پھر اسے آب زمزم سے دھویا۔ پھر وہ ایک سونے کا طشت لائے جو حکمت اور ایمان سے بھرا ہوا تھا اور اس کو میرے سینہ میں انڈیل دیا۔ پھر اسے بند کردیا پھر میرا ہاتھ لیا اور سب سے ورلے آسمان کی طرف مجھے اٹھا کر لے گئے جب میں ورلے آسمان پر پہنچا تو جبرائیلؑ نے آسمان کے محافظ سے کہا: کھولو۔ تو اس نے پوچھا: کون ہے؟ کہا: جبرائیلؑ۔ اس نے کہا: کیا تمہارے ساتھ کوئی ہے؟ کہا: ہاں میرے ساتھ محمد ﷺ ہیں تو اس نے کہا: کیا ان کو بلوا بھیجا ہے؟ کہا: ہاں۔ پس جب اس نے کھولا تو ہم ورلے آسمان کے اوپر گئے تو میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک شخص بیٹھا ہوا ہے اس کے دائیں طرف بھی بہت سے آدمی ہیں اور بائیں طرف بھی بہت سے آدمی ہیں۔ جب وہ اپنے دائیں طرف دیکھتا تو ہنستا اور جب اپنے بائیں طرف دیکھتا تو روتا۔ اس نے کہا: اس نیک نبی اور اس نیک بیٹے کا آنا خوشی سے ہو۔ جبرائیلؑ سے میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ آدمؑ ہیں اور یہ لوگ جو اس کے دائیں اور بائیں طرف ہیں یہ اس کی اولاد کی روحیں ہیں۔ ان میں سے دائیں طرف والے جنتی ہیں اور وہ لوگ جو اِن کی بائیں طرف ہیں دوزخی ہیں۔ جب وہ دائیں طرف دیکھتے ہیں تو ہنستے ہیں اور جب وہ بائیں طرف دیکھتے ہیں تو روتے ہیں۔ اسی اثناء میں وہ مجھے دوسرے آسمان پر لے گئے اور اس کے محافظ سے کہا: کھولو۔ اور اس کے محافظ نے بھی اُن سے اسی طرح کہا جس طرح کہ پہلے نے کہا تھا۔ تب اس نے کھول دیا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے کہ (حضرت ابوذرؓ نے) ذکر کیا کہ آپؐ نے آسمانوں میں حضرت آدمؑ، حضرت ادریسؑ، حضرت موسٰیؑ، حضرت عیسٰیؑ اور حضرت ابراہیم علیہم الصلوٰۃ کو پایا۔ اور انہوں نے معین طور پر بیان نہیں کیا کہ ان کے مقامات کیسے تھے۔ سوائے اس کے کہ انہوں نے یہ ذکر کیا کہ آپؐ نے حضرت آدمؑ کو سب سے نچلے آسمان میں اور حضرت ابراہیمؑ کو چھٹے آسمان میں پایا۔ حضرت انسؓ نے کہا کہ جب جبرائیلؑ نبی ﷺ کو حضرت ادریسؑ کے پاس سے لے کر گزرے تو انہوں نے کہا: خوشی سے آئیں یہ نیک نبی اور نیک بھائی۔ تو میں نے کہا: یہ کون ہیں؟ جبرائیلؑ نے کہا: یہ ادریسؑ ہیں۔ پھر میں حضرت موسٰیؑ کے پاس سے گزرا۔ اور انہوں نے کہا کہ خوشی سے آئیں یہ نیک نبی اور نیک بھائی۔ میں نے کہا: یہ کون ہیں؟ انہوں نے کہا: موسٰیؑ ہیں۔ پھر میں حضرت عیسٰیؑ کے پاس سے گزرا اور انہوں نے کہا: خوشی سے آئیں یہ نیک بھائی اور نیک نبی۔ میں نے کہا: یہ کون ہیں؟ انہوں نے کہا: عیسٰیؑ ہیں۔ پھر میں حضرت ابراہیمؑ کے پاس سے گزرا۔ انہوں نے کہا: خوشی سے آئیں یہ نیک نبی اور نیک بیٹا۔ میں نے کہا: یہ کون ہیں؟ انہوں نے کہا: ابراہیم ﷺ ہیں۔ ابن شہاب نے کہا: مجھے ابن حزم نے بتلایا کہ حضرت ابن عباسؓ اور حضرت ابو حبّہ انصاریؓ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: پھر مجھے اوپر لے گئے۔ اور آخر میں ایک بلند ہموار جگہ پر چڑھا جہاں میں قلموں کے لکھنے کی آواز سنتا تھا۔ ابن حزم اور حضرت انس بن مالکؓ کہتے تھے کہ نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے میری امت پر پچاس نمازیں مقرر کیں اور اس حکم کو لے کر میں واپس لوٹا۔ جب میں حضرت موسٰیؑ کے پاس سے گزرا تو اُنہوں نے پوچھا: آپؐ کی امت پر اللہ تعالیٰ نے آپؐ کے لیے کیا فرض کیا ہے؟ میں نے کہا: پچاس نمازیں فرض کی ہیں۔ تو انہوں نے کہا: اپنے ربّ کے پاس لوٹ جائیں کیونکہ آپؐ کی امت اس کی طاقت نہیں رکھے گی۔ اس پر میں نے واپس جاکر نظر ثانی کے لئے کہا تو اللہ تعالیٰ نے اس میں سے نصف کم کردیں اور میں حضرت موسٰیؑ کی طرف لوٹا اور میں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ان میں سے نصف کم کردی ہیں تو انہوں نے کہا: اپنے ربّ سے جاکر دوبارہ کہیں کیونکہ آپؐ کی اُمت (اس کی) طاقت نہیں رکھے گی۔ اس پر میں نے جاکر دوبارہ عرض کی تو اللہ تعالیٰ نے آدھی کم کردیں۔ پھر میں ان کی طرف واپس آیا اور انہوں نے کہا: اپنے ربّ کے پاس واپس جائیں کیونکہ آپؐ کی امت اس کی بھی طاقت نہیں رکھے گی۔ پھر میں نے اللہ تعالیٰ سے دوبارہ عرض کی تو فرمایا: وہ پانچ بھی ہیں اور پچاس بھی ہیں۔ میرے ہاں بات تبدیل نہیں ہوتی۔ تب میں حضرت موسٰیؑ کے پاس لوٹ آیا اور انہوں نے کہا: جائیں اپنے رب سے پھر کہیں۔ میں نے کہا: اب میں اپنے رب سے شرما گیا ہوں۔ پھر جبرائیلؑ مجھے لے کر چل پڑے اور آخر مجھے سدرۃ المنتہیٰ تک لے گئے اور کئی رنگوں نے سدرہ المنتہیٰ کو ڈھانپا ہوا تھا۔ میں نہیں جانتا کہ وہ کیا چیز تھی؟ پھر مجھے جنت میں داخل کیا گیا تو کیا دیکھتا ہوں کہ اس میں موتیوں کی لڑیاں ہیں اور کیا دیکھتا ہوں کہ اس کی مٹی کستوری ہے۔
صحیح بخاری 350
ہم سے عبداللہ بن یوسف نے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتلایا۔ انہوں نے صالح بن کیسان سے۔ صالح نے عروہ بن زبیر سے۔ عروہ نے حضرت عائشہ ام المؤمنین سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں کہ اللہ تعالیٰ نے نماز جب مقرر کی تو دو دو رکعتیں حضر اور سفر میں مقرر کی تھیں پھر سفر کی نماز برقرار رکھی گئی اور حضر کی نماز بڑھائی گئی۔