کتاب 6: باب مَا يُكْرَهُ مِنَ التَّمَنِّي
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7233
حسن بن ربیع نے ہم سے بیان کیا کہ ابوالاحوص نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عاصم (بن سلیمان) سے، عاصم نے نضر بن انس سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: حضرت انس رضی اللہ عنہ کہتے تھے: اگر میں نے نبی ﷺ کو یہ فرماتے نہ سنا ہوتا کہ تم موت کی آرزو نہ کرو تو ضرور میں آرزو کرتا۔
صحیح بخاری 7234
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ عبدہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے (اسماعیل) بن ابی خالد سے، انہوں نے قیس سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا: ہم حضرت خباب بن ارَتّؓ کے پاس اُن کی عیادت کرنے کو آئے اور اُنہوں نے سات داغ لگائے ہوئے تھے۔ کہنے لگے: اگر رسول اللہ ﷺ نے موت کی دعا کرنے سے منع نہ کیا ہوتا تو میں ضرور اس کی دعا کرتا۔
صحیح بخاری 7235
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے زُہری سے، زُہری نے ابوعبید سے روایت کی۔ اُن کا نام سعد بن عبید ہے جو عبدالرحمٰن بن ازہر کے غلام تھے، کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے کوئی موت کی آرزو نہ کرے۔ اگر وہ نیک ہے تو ہو سکتا ہے کہ وہ اور نیکیاں کرے اور اگر وہ بُرا ہے تو ہو سکتا ہے کہ وہ نیک عمل کر کے اللہ کی ناراضگی کو دور کرے۔