کتاب 1: بَابُ مَا جَاءَ فِي إِجَازَةِ خَبَرِ الْوَاحِدِ الصَّدُوقِ فِي الأَذَانِ وَالصَّلاَةِ وَالصَّوْمِ وَالْفَرَائِضِ وَالأَحْكَامِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7246
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے ابوقلابہ سے روایت کی کہ مالک بن حویرث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس آئے اور ہم تقریباً ایک ہی عمر کے جوان تھے۔ ہم آپؐ کے پاس بیس راتیں ٹھہرے اور رسول اللہ ﷺ بہت ہی نرم دل تھے۔ جب آپؐ یہ سمجھے کہ ہم اپنے گھر والوں سے ملنے کی خواہش رکھتے ہیں۔ راوی نے قَدِ اشْتَهَيْنَا کہا یا قَدِ اشْتَقْنَا تو آپؐ نے ہم سے پوچھا کہ ہم اپنے پیچھے کن کو چھوڑ آئے ہیں؟ ہم نے آپؐ کو بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے گھر والوں کی طرف لوٹ جاؤ۔ ان میں رہو اور انہیں احکام سکھاؤ اور ان پر عمل کرنے کے لئے ان سے کہو۔ (ابوقلابہ کہتے تھے: مالک بن حویرث نے) کئی باتیں بیان کیں، کچھ یاد ہیں اور کچھ یاد نہیں (اور آپؐ نے فرمایا:) تم ویسے ہی نماز پڑھو جیسے تم نے مجھے پڑھتے دیکھا۔ جب نماز کا وقت آجائے تو تم میں سے ایک اذان دے اور جو تم میں سے بڑا ہو وہ تمہاری امامت کرائے۔
صحیح بخاری 7247
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے يحيٰ (بن قطان) سے، يحيٰ نے (سلیمان) تیمی سے، تیمی نے ابوعثمان سے، ابوعثمان نے حضرت ابن مسعودؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ (ﷺ) نے فرمایا: بلالؓ کی اذان تم میں سے کسی کو اپنی سحری کھانے سے نہ روکے کیونکہ وہ رات کو اذان دیتا ہے یا فرمایا: منادی کرتا ہے تا جو تم میں سے کھڑا نماز پڑھ رہا ہے وہ لوٹ جائے اور اپنے سوئے ہوئے کو جگا دے اور فجر وہ نہیں (جو اس طرح کی نیم روشنی ہو) اور يحيٰ نے اپنی دونوں ہتھیلیوں کو ملا کر بتایا کہ جب تک اس طرح سے روشنی نہ ہو جائے اور يحيٰ نے اپنی شہادت کی انگلیوں کو پھیلایا۔
صحیح بخاری 7248
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن دینار نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: بلال رات کو اذان دیتا ہے۔ تم کھاتے پیتے رہو یہاں تک کہ ابن اُمّ مکتوم اذان دے۔
صحیح بخاری 7249
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حکم سے، حکم نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے ہمیں ظہر کی پانچ رکعتیں پڑھائیں تو (آپؐ سے) پوچھا گیا: کیا نماز بڑھا دی گئی ہے؟ آپؐ نے فرمایا: کیا بات ہے؟ لوگوں نے کہا: آپؐ نے پانچ رکعتیں پڑھی ہیں۔ تو آپؐ نے سلام کے بعد دو سجدے کئے۔
صحیح بخاری 7250
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے، محمد نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ دو رکعتیں ہی پڑھ کر فارغ ہوگئے تو ذوالیدین نے آپؐ سے کہا: یا رسول اللہ! کیا نماز کم ہوگئی ہے یا آپؐ بھول گئے ہیں؟ آپؐ نے پوچھا: کیا ذوالیدین نے سچ کہا ہے؟ لوگوں نے کہا: ہاں۔ تو رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوگئے اور آپؐ نے دو اَور رکعتیں پڑھائیں۔ پھر سلام پھیرا۔ پھر اللہ اکبر کہا اور سجدہ کیا جیسے آپؐ سجدہ کیا کرتے تھے یا اس سے کچھ لمبا۔ پھر آپؐ نے سر اُٹھایا۔ پھر اللہ اکبر کہا اور سجدہ کیا۔ اتنا ہی جتنا آپؐ سجدہ کیا کرتے تھے۔ پھر آپؐ نے سر اُٹھایا۔
صحیح بخاری 7251
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ مالک نے مجھے بتایا۔ مالک نے عبداللہ بن دینار سے، انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک بار جبکہ لوگ مسجد قبا میں صبح کی نماز پڑھ رہے تھے کہ کوئی آنے والا ان کے پاس آیا اور اس نے کہا کہ آج رات رسول اللہ ﷺ پر قرآن نازل کیا گیا ہے اور آپؐ کو حکم دیا گیا ہے کہ آپؐ کعبہ کی طرف منہ کریں اس لئے تم بھی اس طرف منہ کر لو اور اس وقت ان کے منہ شام کی طرف تھے تو وہ گھوم کر کعبہ کی طرف ہو گئے۔
صحیح بخاری 7252
یحيٰ (بلخی) نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابو اسحاق سے، ابو اسحاق نے حضرت براءؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ مدینہ میں آئے تو سولہ یا سترہ مہینے تک آپؐ بیت المقدس کی طرف منہ کرکے نماز پڑھتے رہے اور آپؐ یہ پسند کرتے تھے کہ کعبہ کی طرف منہ کیا جائے تو اللہ تعالیٰ نے (آیت) نازل کی: ہم خوب دیکھ رہے ہیں جو تمہاری توجہ آسمان کی طرف بار بار لوٹ رہی ہے اور ہم ضرور وہی قبلہ تمہارے سپرد کریں گے جس کو تم پسند کرتے ہو۔ غرض آپؐ کو کعبہ کی طرف منہ کرنے کے لئے حکم دیا گیا اور ایک شخص نے عصر کی نماز آپؐ کے ساتھ پڑھی پھر وہ نکل کر چلا گیا اور انصار کے کچھ لوگوں کے پاس سے گزرا تو اس نے کہا کہ وہ شہادت دیتا ہے کہ اس نے نبی ﷺ کے ساتھ نماز پڑھی اور یہ کہ آپؐ کو کعبہ کی طرف منہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ (یہ سن کر) وہ پھر گئے اور وہ عصر کی نماز میں رکوع میں تھے۔
صحیح بخاری 7253
یحيٰ بن قزعہ نے مجھ سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، اسحاق نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں ابوطلحہ انصاریؓ، ابوعبیدہ بن الجراحؓ اور اُبیّ بن کعبؓ کو فضیخ شراب پلا رہا تھا اور وہ کھجور کی ہوتی ہے۔ اتنے میں ان کے پاس ایک آنے والا آیا اور کہنے لگا: شراب تو حرام کر دی گئی ہے۔ حضرت ابوطلحہؓ نے کہا: انس! اُٹھو، ان مٹکوں کی طرف آؤ اور انہیں توڑ ڈالو۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: میں اُٹھا اور اپنے ہاون دستے کی طرف گیا اور اس کو نیچے کی طرف سے ان مٹکوں کو مارتا گیا یہاں تک کہ وہ سب ٹوٹ گئے۔
صحیح بخاری 7254
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے صلہ (بن زفر) سے، صلہ نے حضرت حذیفہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے اہل نجران سے فرمایا: میں تمہارے پاس ایک امین شخص جو حقیقی امین ہوگا، کو ہی بھیجوں گا۔ یہ سن کر نبی ﷺ کے صحابہ گردن اُٹھا کر دیکھنے لگے اور آپؐ نے حضرت ابوعبیدہؓ کو بھیجا۔
صحیح بخاری 7255
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد (بن مہران) سے، خالد نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: ہر اُمت کا ایک امین ہوتا ہے اور اس اُمت کا امین ابوعبیدہ ہے۔
صحیح بخاری 7256
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید سے، یحيٰ نے عبید بن حنین سے، عبید نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے حضرت عمر رضی اللہ عنہم سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: انصار میں سے ایک شخص تھا، جب وہ رسول اللہ ﷺ سے غیر حاضر ہوتا تو میں آپؐ کے پاس حاضر ہوتا اور رسول اللہ ﷺ سے جو حکم بھی ہوتا وہ میں اُس کے پاس لے آتا اور جب میں رسول اللہ ﷺ سے غیر حاضر ہوتا اور وہ موجود ہوتا تو وہ جو بھی رسول اللہ ﷺ سے حکم ہوتا میرے پاس لے آتا۔
صحیح بخاری 7257
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے زبید سے، زبید نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابوعبدالرحمٰن سے، ابوعبدالرحمٰن نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ایک لشکر بھیجا اور ایک شخص کو ان لوگوں پر امیر مقرر کیا۔ اس نے آگ جلائی اور کہا: اس میں داخل ہو۔ بعض نے ارادہ کیا کہ اس میں داخل ہو جائیں اور دوسروں نے کہا: ہم اس آگ سے ہی تو بھاگے تھے۔ پھر انہوں نے نبی ﷺ سے اس کا ذکر کیا۔ آپؐ نے ان سے فرمایا: جنہوں نے اس میں داخل ہونے کا ارادہ کیا تھا اگر وہ اس میں داخل ہوتے تو وہ اس میں قیامت کے دن تک رہتے اور دوسرے گروہ سے فرمایا: معصیت میں اطاعت نہیں، اطاعت تو معروف میں ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 7258
زُہیر بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عبیداللہ بن عبداللہ نے ان کو بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت زید بن خالدؓ دونوں نے ان کو خبر دی کہ دو شخص نبی کریم ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لائے۔
صحیح بخاری 7259
زُہیر بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عبیداللہ بن عبداللہ نے ان کو بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ اور حضرت زید بن خالدؓ دونوں نے ان کو خبر دی کہ دو شخص نبی کریم ﷺ کے پاس اپنا جھگڑا لائے۔
صحیح بخاری 7260
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) مجھے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود نے بتایا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: اس اثنا میں کہ ہم رسول اللہ ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ بدوؤں میں سے ایک شخص کھڑا ہوا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! کتاب اللہ کے موافق میرا فیصلہ کر دیں۔ (یہ سن کر) اس کا مخالف کھڑا ہوا اور بولا: یا رسول اللہ! اس نے سچ کہا ہے، کتاب اللہ کے موافق ہی اس کا فیصلہ فرما دیں اور مجھے اجازت دیں۔ نبی ﷺ نے اس سے فرمایا: بیان کرو۔ اس نے کہا: میرا بیٹا اس شخص کے پاس ملازم تھا اور ملازم نوکر کو کہتے ہیں، تو اس نے اس کی عورت سے زنا کیا، لوگوں نے مجھے بتایا کہ میرے بیٹے کو سنگسار کیا جائے گا، میں نے ایک سو بکری اور ایک لونڈی فدیہ دے کر اس کو اس سے چھڑایا پھر اس کے بعد میں نے اہل علم سے پوچھا تو انہوں نے مجھے بتایا کہ اس کی بیوی کو سنگسار کیا جائے گا اور میرے بیٹے کو تو صرف سو کوڑے لگائے جائیں گے اور ایک سال کے لئے جلا وطن کیا جاوے گا۔ آپؐ نے (یہ سن کر) فرمایا کہ اُس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کہ میں تم دونوں کے درمیان کتاب اللہ کے موافق فیصلہ کروں گا۔ وہ لونڈی اور بکریاں تو واپس کر دو اور تیرے بیٹے کو سو کوڑے لگائے جائیں اور ایک سال کے لئے جلاوطن کیا جائے اور اسلم قبیلہ کے ایک شخص کا نام لے کر فرمایا: اُنیس! تم کل صبح اس شخص کی عورت کے پاس جاؤ، اگر وہ اقرار کرے تو اس کو سنگسار کر دو۔ چنانچہ اُنیس صبح اُس کے پاس گئے اور اس نے اقرار کیا جس پر انہوں نے اس کو سنگسار کیا۔