کتاب 4: باب مَا كَانَ يَبْعَثُ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم مِنَ الأُمَرَاءِ وَالرُّسُلِ وَاحِدًا بَعْدَ وَاحِدٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7264
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک خط کسریٰ کو بھیجا اور (حضرت عبداللہ بن حذافہؓ سے) فرمایا کہ یہ خط بحرین کے سردار کو پہنچا دے، بحرین کا سردار کسریٰ کو پہنچا دے۔ جب کسریٰ نے اس خط کو پڑھا تو اس نے اس کو پھاڑ ڈالا، (ابن شہاب نے کہا:) میرا خیال ہے کہ ابن مسیب کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے ان کے خلاف دعا کی کہ وہ بھی اسی طرح ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے جائیں۔
صحیح بخاری 7265
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی عبید سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) حضرت سلمہ بن اکوَعؓ نے ہم سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے اسلم (قبیلہ) کے ایک شخص سے عاشورہ کے دن فرمایا: اپنی قوم میں یا (فرمایا:) اپنے لوگوں میں اعلان کر دو کہ جس نے کچھ کھا لیا ہو تو وہ باقی دن بھی روزے کو پورا کرے اور جس نے نہ کھایا ہو تو وہ بھی روزہ رکھ لے۔