کتاب 96: كتاب الاعتصام بالكتاب والسنة
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 7308
عبدان نے ہم سے بیان کہ ابوحمزہ نے ہمیں بتایا کہ میں نے اعمش سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابووائل سے پوچھا: کیا آپ صفین میں موجود تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ اور میں نے حضرت سہل بن حنیفؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے۔
نیز موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابووائل سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت سہل بن حنیفؓ کہتے تھے: اے لوگو! اپنے دین کے مقابل میں اپنی ہر رائے کو غلط سمجھا کرو۔ میں اپنے تئیں اُس دن دیکھ چکا ہوں جس دن ابوجندلؓ آیا تھا اور اگر میں رسول اللہؐ کی بات کو ردّ کر سکتا تو میں ضرور اس کو ردّ کرتا۔ ہم نے جب بھی کسی ایسی مہم کے لئے کہ جس نے ہمیں اچانک گھبرا دیا ہو اپنے کندھوں پر اپنی تلواریں رکھیں تو ضرور ہی اُن تلواروں نے ہمیں اس نتیجہ تک آسانی سے پہنچا دیا جس کو ہم خوب سمجھتے تھے سوائے اس مہم کے۔
(اعمش نے) کہا: ابووائل کہتے تھے: میں صفین میں موجود تھا اور کیا ہی بُری تھی صفین (کی لڑائی)۔
وَحَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا أَبُو عَوَانَةَ عَنِ الأَعْمَشِ عَنْ أَبِي وَائِلٍ قَالَ قَالَ سَهْلُ بْنُ حُنَيْفٍ يَا أَيُّهَا النَّاسُ اتَّهِمُوا رَأْيَكُمْ عَلَى دِينِكُمْ لَقَدْ رَأَيْتُنِي يَوْمَ أَبِي جَنْدَلٍ وَلَوْ أَسْتَطِيعُ أَنَّ أَرُدَّ أَمْرَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لَرَدَدْتُهُ وَمَا وَضَعْنَا سُيُوفَنَا عَلَى عَوَاتِقِنَا إِلَى أَمْرٍ يُفْظِعُنَا إِلاَّ أَسْهَلْنَ بِنَا إِلَى أَمْرٍ نَعْرِفُهُ غَيْرَ هَذَا الأَمْرِ.
قَالَ وَقَالَ أَبُو وَائِلٍ شَهِدْتُ صِفِّينَ وَبِئْسَتْ صِفُّونَ.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7309
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابن منکدر سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے سنا۔ کہتے تھے: میں بیمار ہوا تو رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ میری عیادت کو میرے پاس آئے اور وہ دونوں پیدل چل کر آئے اور ایسے وقت میں وہ میرے پاس پہنچے کہ مجھ پر غشی طاری تھی۔ رسول اللہ ﷺ نے وضو کیا اور پھر اپنے وضو کا پانی مجھ پر ڈالا جس سے میں ہوش میں آگیا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! اور کبھی سفیان نے یوں کہا: میں نے کہا: اے رسول اللہ! میں اپنی جائیداد کے متعلق کیسے فیصلہ کروں؟ میں اپنی جائیداد کو کیا کروں؟ کہتے تھے: آپؐ نے مجھے کچھ جواب نہیں دیا۔ یہاں تک کہ میراث کی آیت نازل ہوئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7310
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن اصبہانی سے، عبدالرحمٰن نے ابوصالح ذکوان سے، ابوصالح نے حضرت ابوسعیدؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور کہنے لگی: یا رسول اللہ! مرد تو آپؐ کی ساری باتیں لے گئے۔ ہمارے لئے بھی آپؐ اپنی ذات سے کچھ حصہ ایسے دن رکھیں کہ جس میں ہم آپؐ کے پاس آیا کریں، جو باتیں اللہ نے آپؐ کو سکھائی ہیں وہ ہمیں سکھائیں۔ اس پر آپؐ نے فرمایا: فلاں فلاں دن فلاں فلاں جگہ پر تم سب اکٹھی ہو۔ چنانچہ وہ اکٹھی ہوئیں اور رسول اللہ ﷺ ان کے پاس آئے اور آپؐ نے ان کو بھی وہ باتیں سکھائیں جو اللہ نے آپؐ کو سکھائی تھیں۔ پھر آپؐ نے فرمایا: تم میں سے جو عورت بھی اپنے تین بچے اپنے آگے بھیجے گی تو وہ اُس کے لئے آگ سے بچاؤ کا موجب ہوں گے۔ اُن میں سے ایک عورت نے کہا: یا رسول اللہ! دو ہوں۔ حضرت ابوسعیدؓ کہتے تھے: اس نے اس لفظ کو دُہرایا آپؐ نے فرمایا: اور دو بھی اور دو اور دو بھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7311
عبیداللہ بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اسماعیل سے، اسماعیل نے قیس سے، قیس نے حضرت مغیرہ بن شعبہؓ سے، حضرت مغیرہؓ نے نبیؐ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میری اُمت میں سے ایک گروہ ہمیشہ غالب رہے گا یہاں تک اللہ کا حکم اُن کو ایسی حالت میں پہنچے گا کہ وہ غالب ہی ہوں گے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7312
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حُمید نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت معاویہ بن ابی سفیانؓ سے سنا۔ وہ تقریر کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: اللہ جس شخص کی بھلائی کا ارادہ کرتا ہے اُس کو دین کی سمجھ دیتا ہے اور میں تو صرف تقسیم کرنے والا ہوں اور اللہ دیتا ہے اور اس اُمت کی حالت اس وقت تک کہ وہ گھڑی برپا ہو یا (فرمایا:) اس وقت تک کہ اللہ عزوجل کا حکم آجائے درست رہے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7313
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عمرو دینار نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جب رسول اللہ ﷺ پر یہ الفاظ نازل ہوئے: قُلْ هُوَ الْقَادِرُ عَلٰۤى اَنْ يَّبْعَثَ عَلَيْكُمْ عَذَابًا مِّنْ فَوْقِكُمْ۔ تو آپؐ نے کہا: میں تیرے منہ کی پناہ لیتا ہوں۔ (جب یہ الفاظ نازل ہوئے) اَوْ مِنْ تَحْتِ اَرْجُلِكُمْ۔ تو کہا: میں تیرے منہ کی پناہ لیتا ہوں۔ جب یہ الفاظ نازل ہوئے: اَوْ يَلْبِسَكُمْ شِيَعًا وَّ يُذِيْقَ بَعْضَكُمْ بَاْسَ بَعْضٍ تو آپؐ نے فرمایا: یہ دونوں باتیں ہلکی ہیں یا فرمایا: آسان ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7314
اصبغ بن فرج نے ہم سے بیان کیا کہ ابن وہب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ ایک بدوی رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میری بیوی نے ایک سیاہ فام لڑکا جنا ہے اور میں نے انکار کردیا ہے کہ وہ میرا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے اس سے فرمایا کہ کیا تمہارے کچھ اونٹ ہیں؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اُن کا کیا رنگ ہے؟ اس نے کہا: سرخ۔ آپؐ نے پوچھا: کیا اُن میں کوئی خاکی رنگ کا بھی ہے؟ اس نے کہا: اس میں خاکی رنگ کے بھی ہیں۔ فرمایا: بتاؤ یہ رنگ کہاں سے اُن میں آیا؟ کہنے لگا: یا رسول اللہ! کوئی رَگ ہے جس نے ان کو اپنے ہم رنگ کر لیا ہے،
آپؐ نے فرمایا: شاید یہ بھی کوئی رَگ ہو جس نے اس بچے کو اپنے ہم شکل کر لیا ہو اور آپؐ نے اُس کو اجازت نہ دی کہ اُس بچے سے انکار کرے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7315
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ ایک عورت نبی ﷺ کے پاس آئی کہنے لگی: میری ماں نے حج کرنے کی نذر مانی تھی مگر حج کرنے سے پہلے وہ مرگئی تو کیا میں اس کی طرف سے حج کرلوں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں اس کی طرف سے حج کرلو۔ بھلا بتاؤ تو سہی اگر تمہاری ماں کے ذمے کچھ قرض ہو تو کیا تم اسے چکاؤ گی؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر جو اللہ کا ہے وہ بھی تم چکاؤ کیونکہ اللہ زیادہ حق دار ہے کہ اس کا حق ادا کیا جاوے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7316
شہاب بن عباد نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن حُمید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل سے، اسماعیل نے قیس سے، قیس نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: رشک نہیں ہونا چاہیئے مگر دو شخصوں پر ہی۔ ایک وہ شخص جس کو اللہ نے مال دیا ہو اور حق میں اس مال کے خرچ کرنے کی اس کو توفیق دی گئی ہو اور دوسرا وہ شخص جس کو اللہ نے حکمت دی ہو اور وہ اُس سے فیصلہ کرتا ہے اور اس کو سکھاتا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7317
محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت مغیرہ بن شعبہؓ سے روایت کی کہ حضرت مغیرہؓ نے کہا: حضرت عمر بن خطابؓ نے عورت کے جنین کے گرائے جانے کے متعلق پوچھا کہ جس کو پیٹ پر مارا جاوے اور وہ بچہ گرا دے۔ آپؓ نے فرمایا: تم میں سے کسی نے نبی ﷺ سے اس کے متعلق کچھ سنا؟ میں نے کہا: میں نے سنا ہے تو انہوں نے کہا: کیا سنا ہے؟ میں نے کہا کہ میں نے نبی ﷺ کو فرماتے سنا ہے کہ اس میں ایک بردہ دینا ہوگا، غلام ہو یا لونڈی، حضرت عمرؓ نے فرمایا: تم جاؤ گے نہیں جب تک کہ جو تم نے کہا ہے اُس کے متعلق نکلنے کی راہ میرے پاس نہیں لاتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7318
اس پر میں وہاں سے نکل کر چلا گیا اور حضرت محمد بن مسلمہؓ کو میں نے پایا اور میں اُن کو لے آیا تو انہوں نے میرے ساتھ یہ شہادت دی کہ انہوں نے نبی ﷺ کو فرماتے سنا تھا کہ اس میں ایک بردہ دینا ہوگا، غلام ہو یا لونڈی۔ ابن ابی زناد نے بھی اپنے باپ سے، ان کے باپ نے عروہ سے، عروہ نے حضرت مغیرہؓ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7319
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مقبری سے، مقبری نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: وہ گھڑی اس وقت تک قائم نہ ہوگی جب تک کہ میری اُمت اُن امتوں کا رویہ نہ اختیار کر لے جو اس سے پہلے گزر چکی ہیں، بالشت سے بالشت اور ہاتھ سے ہاتھ۔ آپؐ سے پوچھا گیا: یا رسول اللہ! فارسیوں اور رومیوں کی طرح؟ آپؐ نے فرمایا: اور کون لوگ ہیں؟ وہی تو ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7320
محمد بن عبدالعزیز نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعمر صنعانی نے جو یمن کے تھے ہمیں بتایا۔ ابوعمر نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خُدریؓ سے، حضرت ابوسعید خدریؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: ضرور اُن لوگوں کی چالوں پر چلو گے جو تم سے پہلے تھے، بالشت سے بالشت اور ہاتھ سے ہاتھ یہاں تک کہ اگر وہ لوگ گوہ کے سوراخ میں بھی داخل ہوئے ہوں تو تم بھی اُن کے پیچھے ہی جاؤ گے۔ ہم نے کہا: یا رسول اللہ! کیا یہود و نصاریٰ کی؟ آپؐ نے فرمایا: پھر اور کس کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7321
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے عبداللہ بن مرہ سے، عبداللہ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جو نفس بھی ظلم سے مارا جاتا ہے تو اس کے گناہ کا ایک حصہ آدم کے پہلے بیٹے پر بھی ضرور ہوتا ہے۔ اور کبھی سفیان نے یوں کہا کہ اس کے خون کا حصہ کیونکہ وہ پہلا شخص ہے جس نے پہلے پہل قتل کی رسم جاری کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7322
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے محمد بن منکدر سے، محمد نے حضرت جابر بن عبداللہ سلمیؓ سے روایت کی کہ ایک بدوی نے رسول اللہ ﷺ کی اسلام پر (قائم رہنے کی) بیعت کی۔ اس بدوی کو مدینہ میں (ہی) بخار ہوگیا تو وہ بدوی رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: یا رسول اللہ! میری بیعت فسخ کردیں، رسول اللہ ﷺ نے انکار کیا۔ پھر وہ آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میری بیعت فسخ کردیں، آپؐ نے انکار کیا۔ پھر وہ آپؐ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میری بیعت فسخ کردیں، آپؐ نے انکار کیا۔ اس پر وہ بدوی نکل کر چل دیا تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مدینہ تو ایک بھٹی کی طرح ہے۔ اپنی مَیل کو نکال باہر پھینکتا ہے اور اس کی پاکیزہ چیز خالص ہوجاتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7323
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے زُہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے مجھ سے بیان کیا، انہوں نے کہا: میں حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ کو قرآن پڑھایا کرتا تھا۔ جب وہ آخری حج ہوا جو حضرت عمرؓ نے کیا تو حضرت عبدالرحمٰنؓ نے منیٰ میں کہا: اگر تم امیر المؤمنین کے پاس ہوتے۔ ایک شخص ان کے پاس آیا۔ کہنے لگا کہ فلاں شخص کہتا ہے: اگر امیر المؤمنین کا وصال ہو جائے تو ہم فلاں شخص سے بیعت کریں گے۔ حضرت عمرؓ نے (سن کر) فرمایا: آج شام کو میں لوگوں میں کھڑا ہوں گا اور اُن لوگوں کے متعلق خبردار کروں گا جو چاہتے ہیں کہ مسلمانوں سے اُن کا حق چھین لیں۔ میں نے کہا: آپؓ ایسا نہ کریں کیونکہ حج (اچھے بُرے) ہر قسم کے لوگوں کو اکٹھا کرتا ہے۔ آپؓ کی مجلس میں ایسے لوگ زیادہ ہوں گے اور میں ڈرتا ہوں کہ کہیں آپؓ کی گفتگو کو اَور معنوں میں نہ لے جائیں اور پھر ہر اُڑانے والا اس کو اُڑاتا نہ پھرے۔ آپؓ اس وقت تک ٹھہر جائیں کہ مدینہ جو کہ دار ہجرت اور سنت نبوی کا مقام ہے، وہاں نہ پہنچ جائیں۔ وہاں آپؓ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ مہاجرین اور انصار کے ساتھ الگ تھلگ ہوں گے وہ آپؓ کی بات کو محفوظ رکھیں گے اور اس کا مطلب بھی ٹھیک بیان کریں گے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: اللہ کی قسم! میں پہلے ہی موقع میں جو مجھے مدینہ میں ملے گا ضرور اس بات کو بیان کروں گا۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: ہم مدینہ آئے تو حضرت عمرؓ نے بیان کیا: اللہ نے محمد ﷺ کو سچائی کے ساتھ بھیجا اور آپؐ پر کتاب نازل کی۔ منجملہ اُن احکام کے جو آپؐ پر نازل کئے گئے رجم کا بھی حکم تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7324
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے محمد (بن سیرین) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت ابوہریرہؓ کے پاس تھے اور انہوں نے کتان کے دو گیرو رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنے کپڑے سے ناک صاف کیا اور کہنے لگے: واہ واہ ابوہریرہ، وہ کتان کے کپڑے میں ناک صاف کرتا ہے۔ میں نے اپنے تئیں ایسا زمانہ بھی دیکھا ہے کہ جب میں رسول اللہ ﷺ کے منبر سے حضرت عائشہؓ کے حجرے تک چلتے ہوئے بے ہوش ہو کر گر پڑتا تھا تو کوئی آنے والا آتا اور وہ اپنا پاؤں میری گردن پر رکھ دیتا اور وہ سمجھتا کہ میں مجنون ہوں حالانکہ مجھے جنون نہ ہوتا۔ یہ (بے ہوشی) تو صرف بھوک کی وجہ سے ہوتی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7325
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمٰن بن عابس سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا گیا: کیا آپ نبی ﷺ کے ساتھ عید میں موجود تھے؟ تو انہوں نے کہا: ہاں۔ اگر میرا تعلق آپؐ سے نہ ہوتا تو میں بوجہ چھوٹا ہونے کے (عید میں) آپؐ کے ساتھ شریک نہ ہوتا۔ آپؐ اس نشان کے پاس آئے جو کثیر بن صلت کی حویلی کے پاس ہے اور وہاں آکر آپؐ نے نماز پڑھی۔ پھر آپؐ لوگوں سے مخاطب ہوئے۔ حضرت ابن عباسؓ نے اذان کا ذکر نہیں کیا اور نہ اقامت کا۔ پھر آپؐ نے صدقہ کا حکم دیا۔ اس پر عورتیں اپنے کانوں اور بالیوں کی طرف ہاتھ بڑھانے لگیں۔ آپؐ نے بلالؓ کو حکم دیا اور وہ عورتوں کے پاس آئے اور پھر وہ نبی ﷺ کے پاس لوٹ آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7326
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ مسجد قبا میں چل کر بھی آتے اور سوار ہو کر بھی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7327
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے عبداللہ بن زبیرؓ سے کہا: مجھے میری ہم نشینوں کے ساتھ دفن کرنا اور نبیﷺ کے ساتھ گھر میں مجھے دفن نہ کرنا کیونکہ میں ناپسند کرتی ہوں کہ مجھے اس وجہ سے پاک ٹھہرایا جائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah