کتاب 96: كتاب الاعتصام بالكتاب والسنة
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 7348
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید سے، سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اس اثنا میں کہ ہم مسجد میں تھے، رسول اللہ ﷺ باہر آئے اور فرمایا: یہودیوں کے پاس چلو۔ ہم آپؐ کے ساتھ باہر گئے اور ان کے تورات پڑھانے کے مدرسہ میں پہنچے۔ نبی ﷺ وہاں کھڑے ہو گئے اور اُن کو پکار کر کہا: اے یہودیوں کی جماعت! اسلام قبول کر لو تم سلامتی میں رہو گے۔ انہوں نے کہا: ابوالقاسم! آپؐ نے پیغام پہنچا دیا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمایا: میں یہی چاہتا ہوں تم اسلام قبول کر لو، تم سلامتی میں رہو گے۔ یہودیوں نے کہا: ابوالقاسم! آپؐ نے پہنچا دیا پھر رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمایا: میں یہی چاہتا ہوں۔ پھر آپؐ نے تیسری بار یہ دُہرایا اور فرمایا: تم جان لو کہ یہ زمین اللہ اور اس کے رسول کی ہے۔ پس میں چاہتا ہوں کہ تمہیں اس ملک سے نکالوں اس لئے تم میں سے جو شخص اپنی جائیداد کے بدلے میں کوئی قیمت چاہتا ہو تو وہ اسے بیچ دے ورنہ جان لو کہ یہ زمین اللہ اور اس کے رسول کی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7349
اسحاق بن منصور نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ ابوصالح نے ہمیں بتایا۔ ابوصالح نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قیامت کے دن حضرت نوحؓ کو لایا جائے گا اور اُن سے پوچھا جائے گا کہ کیا پیغام دیا تھا؟ وہ کہیں گے ہاں اے میرے ربّ! (دیا تھا۔) پھر اُن کی اُمت سے پوچھا جائے گا: کیا انہوں نے تم کو پیغام پہنچا دیا تھا؟ تو وہ کہیں گے کہ ہمارے پاس کوئی ڈرانے والا نہیں آیا تو اللہ فرمائے گا: تمہارے کون گواہ ہیں؟ وہ کہیں گے: محمد (ﷺ) اور اُن کی اُمت، پھر تمہیں لایا جائے گا اور تم شہادت دو گے۔ پھر رسول اللہ ﷺ نے یہ آیت پڑھی: اور اسی طرح ہم نے تمہیں اعلیٰ درجہ کی اُمت بنایا ہے تاکہ تم (دوسرے) لوگوں کے نگران بنو اور یہ رسول تم پر نگران ہو۔ (وَسَطًا کے معنی بیان کرتے ہوئے) کہا: یعنی عادل۔ اور جعفر بن عون سے مروی ہے کہ اعمش نے بھی ہم سے یہی بیان کیا۔ انہوں نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے، حضرت ابو سعیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
وَعَنْ جَعْفَرِ بْنِ عَوْنٍ حَدَّثَنَا الأَعْمَشُ عَنْ أَبِي صَالِحٍ عَنْ أَبِي سَعِيدٍ الْخُدْرِيِّ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم بِهَذَا.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7350
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے بھائی سے، ان کے بھائی نے سلیمان بن بلال سے، سلیمان نے عبدالمجید بن سہیل بن عبدالرحمٰن بن عوف سے روایت کی کہ انہوں نے سعید بن مسیب کو یہ بیان کرتے سنا کہ حضرت ابوسعید خدریؓ اور حضرت ابوہریرہؓ، دونوں نے اُن کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے بنو عدی کے ایک انصاری شخص کو بھیجا اور آپؐ نے اس کو خیبر کا مُحَصِّل بنایا اور وہ عمدہ کھجور لایا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس سے پوچھا کہ کیا خیبر کی ساری کھجوریں ایسی ہی ہوتی ہیں؟ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بخدا نہیں۔ ہم ملی جلی کھجوروں کے دو صاع کے بدلہ میں ایک صاع خرید لیتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایسا نہ کرو بلکہ برابر برابر ہی لیا دیا کرو یا اس کو بیچو اور اس کی قیمت سے اس کو خریدو اور اسی طرح ہر وہ چیز جو تولی جاتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7351
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے بھائی سے، ان کے بھائی نے سلیمان بن بلال سے، سلیمان نے عبدالمجید بن سہیل بن عبدالرحمٰن بن عوف سے روایت کی کہ انہوں نے سعید بن مسیب کو یہ بیان کرتے سنا کہ حضرت ابوسعید خدریؓ اور حضرت ابوہریرہؓ، دونوں نے اُن کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے بنو عدی کے ایک انصاری شخص کو بھیجا اور آپؐ نے اس کو خیبر کا مُحَصِّل بنایا اور وہ عمدہ کھجور لایا۔ رسول اللہ ﷺ نے اس سے پوچھا کہ کیا خبیر کی ساری کھجوریں ایسی ہی ہوتی ہیں؟ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بخدا نہیں۔ ہم ملی جلی کھجوروں کے دو صاع کے بدلہ میں ایک صاع خرید لیتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایسا نہ کرو بلکہ برابر برابر ہی لیا دیا کرو یا اس کو بیچو اور اس کی قیمت سے اس کو خریدو اور اسی طرح ہر وہ چیز جو تولی جاتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7352
عبداللہ بن یزید مُقری مکی نے ہم سے بیان کیا کہ حیوہ بن شریح نے ہمیں بتایا۔ یزید بن عبداللہ بن ہاد نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن ابراہیم بن حارث سے، انہوں نے بُسر بن سعید سے، بُسر نے ابوقیس سے جو حضرت عمرو بن العاصؓ کے غلام تھے، ابوقیس نے حضرت عمرو بن العاصؓ سے روایت کی کہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے ہیں: جب حاکم فیصلہ کرے اور وہ پوری طرح کوشش کرے پھر صحیح فیصلہ کو پہنچ جاوے تو اُس کو دو ثواب ہوں گے اور جب وہ فیصلہ کرے اور پوری پوری کوشش کرے پھر غلطی کر بیٹھے تو اس کو ایک ثواب ہوگا۔ (یزید بن عبداللہ) کہتے تھے: میں نے ابوبکر بن عمرو بن حزم سے یہ حدیث بیان کی تو انہوں نے کہا کہ ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے بھی حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے ایسے ہی بیان کیا اور عبدالعزیز بن مطلب نے بھی عبداللہ بن ابوبکر سے اسی طرح نقل کیا۔ عبداللہ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7353
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) عطاء نے مجھ سے بیان کیا۔ عطاء نے عبید بن عمیر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوموسیٰؓ نے حضرت عمرؓ کے پاس آنے کی اجازت مانگی۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے ان کو مشغول پایا تو وہ واپس لوٹ آئے۔ حضرت عمرؓ نے کہا کہ کیا میں نے عبداللہ بن قیسؓ کی آواز نہیں سنی؟ انہیں اجازت دو۔ چنانچہ اُن کو بلا کر حضرت عمرؓ کے پاس لے آئے تو حضرت عمرؓ نے پوچھا: تم نے جو کیا ہے، کس بات نے تم کو اس پر آمادہ کیا؟ تو حضرت عبداللہ بن قیسؓ نے کہا: ہمیں یہی حکم دیا جاتا تھا۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اس بات پر میرے پاس ثبوت لاؤ ورنہ میں تمہیں سزا دوں گا۔ تو وہ انصار کی ایک مجلس میں چلے گئے۔ انصار نے کہا: ہم میں سے جو چھوٹے ہیں وہ بھی شہادت دے سکتے ہیں۔ اس پر حضرت ابوسعید خدریؓ کھڑے ہوئے اور انہوں نے کہا: بے شک ہمیں یہی حکم دیا جاتا تھا تو حضرت عمرؓ کہنے لگے: نبی ﷺ کا یہ حکم مجھ پر پوشیدہ رہا۔ بازاروں میں خرید و فروخت نے مجھے غافل رکھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7354
علی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ زُہری نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے اعرج سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوہریرہؓ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے کہا: تم یہ خیال کرتے ہو کہ ابوہریرہ رسول اللہ ﷺ کی بہت باتیں سناتا ہے۔ سب نے اللہ کے پاس جانا ہے۔ میں ایک مسکین آدمی تھا، اپنا پیٹ بھر کر رسول اللہ ﷺ سے چمٹا رہتا تھا اور مہاجرين ایسے تھے کہ بازاروں میں ان کو خریدو فروخت مشغول رکھتی اور انصار جو تھے ان کی جائیدادوں کی نگرانی ان کو مشغول رکھتی۔ ایک دن میں رسول اللہ ﷺ کے پاس موجود تھا تو آپؐ نے فرمایا: جو شخص اپنی چادر اس وقت تک بچھائے رکھے گا جب تک میں اپنی بات ختم نہ کر لوں، پھر اس کو سمیٹ لے گا تو وہ کبھی کچھ نہیں بھولے گا جو اُس نے مجھ سے سنا ہو۔ (یہ سن کر) میں نے اپنی چادر بچھا دی جو مجھ پر ہوا کرتی تھی۔ اُس ذات کی قسم ہے جس نے آپؐ کو سچائی کے ساتھ بھیجا، میں کبھی کچھ نہیں بھولا جو میں نے آپؐ سے سن لیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7355
حماد بن حُمَید نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن معاذ نے ہمیں بتایا۔ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے سعد بن ابراہیم سے، سعد نے محمد بن منکدر سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ کو دیکھا۔ وہ اللہ کی قسم کھاتے تھے کہ ابن صیاد ہی وہ دجال ہے۔ میں نے کہا: آپؓ اللہ کی قسمیں کھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمرؓ کو نبی ﷺ کے پاس اِس بات پر قسم کھاتے سنا تو نبی ﷺ نے اس کا انکار نہیں کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7356
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے ابو صالح سمان سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: گھوڑے رکھنا تین طرح کا ہے۔ ایك شخص کے لئے ثواب، ایک شخص کے لئے پردہ پوشی اور ایك شخص پر وبال۔ وہ شخص جس کے لئے ثواب ہے تو وہ وہ شخص ہے جس نے اُن کو اللہ کی راہ میں باندھے رکھا اور مرغزار یا کسی باغ میں ان کی رسی کو لمبا کردیا تو وہ اُس رسی کے لمبائی میں اُس مرغزار یا باغ سے جہاں تک چریں وہ اُس کے لئے نیکیاں ہوں گی۔ اور اگر وہ رسی توڑا کر ایک یا دو میل تک چھلانگیں لگاتے ہوئے بھاگ بھی جائیں تو اُن کے قدموں کے نشان اور ان کی لید میں بھی اُس کے لئے نیکیاں ہوں گی اور اگر وہ کسی ندی پر سے گزریں اور وہاں سے (پانی) پی لیں اور وہ نہ چاہتا ہو کہ وہاں سے اُن کو پلائے تو یہ بھی اس کے لئے نیکیاں ہوں گی اور یہ گھوڑے ایسے شخص کے لئے ثواب ہیں۔ اور ایك شخص نے اپنی ضرورت پوری کرنے کے لئے اور مانگنے سے بچنے کی غرض سے ان کو باندھا اور اللہ کا وہ حق نہ بھولا جو اُن کی گردنوں اور ان کی پیٹھوں میں ہے تو یہ گھوڑے اس کے لئے پردہ پوشی کا موجب ہوں گے۔ اور ایك شخص نے ان کو فخر اور دکھلاوے کے لئے باندھا تو یہ اُس پر وبال ہیں۔ اور رسول اللہ ﷺ سے گدھوں کے متعلق پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا: ان کے متعلق مجھ پر اللہ نے سوائے اس بے نظیر جامع آیت کے اور کوئی وحی نازل نہیں کی۔ یعنی جو ذرہ بھر بھلائی کرے گا وہ اُس کو دیکھ لے گا اور جو ذرہ بھر بُرائی کرے گا وہ اسے دیکھ لے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7357
یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور بن صفیہ سے، منصور نے اپنی والدہ سے، اُن کی والدہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ ایک عورت نے نبی ﷺ سے پوچھا۔ نیز محمد نے جو عقبہ کے بیٹے ہیں ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نمیری بصری نے ہمیں بتایا۔ منصور بن عبدالرحمٰن ابن شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ میری والدہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ ایک عورت نے نبی ﷺ سے حیض کے متعلق پوچھا کہ اس سے فارغ ہونے کے بعد کیسے نہائے؟ آپؐ نے فرمایا: تم ایک کپڑا جس کو مُشک لگی ہو لو اور اُس کے ذریعے سے تم دھو کر صاف کرو۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! میں اس سے کیسے صاف کروں؟ نبی ﷺ نے فرمایا: دھو کر صاف کرو۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! میں اس سے کیسے پاک صاف کروں؟ نبی ﷺ نے فرمایا: اس کے ذریعہ سے صاف ستھری ہو جاؤ۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں: میں وہ بات سمجھ گئی جو رسول اللہ ﷺ چاہتے تھے تو میں نے اس عورت کو اپنی طرف کھینچ لیا اور اس کو سمجھا دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7358
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ حضرت اُمّ حُفَید بنت حارث بن حزنؓ نے نبی ﷺ کو کچھ گھی اور پنیر اور گوہیں بطور تحفہ کے بھیجیں۔ نبی ﷺ نے ان کو منگوایا اور وہ آپؐ کے دسترخوان پر کھائی گئیں۔ نبی ﷺ نے کراہت کرنے والے کی طرح ان سے ہاتھ کھینچ لیا، اگر وہ حرام ہوتیں تو آپؐ کے دسترخوان پر نہ کھائی جاتیں اور آپؐ نے ان کے کھانے کا حکم بھی نہیں دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7359
احمد بن صالح نے ہم سے بیان کیا کہ ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ یونس نے مجھے خبر دی۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عطاء بن ابی رباح نے مجھے بتایا۔ عطاء نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جو لہسن یا پیاز کھائے وہ ہم سے الگ رہے یا (فرمایا:) ہماری مسجد سے الگ رہے اور وہ اپنے گھر میں ہی بیٹھا رہے اور آپؐ کے پاس ایک برتن لایا گیا۔ ابن وہب نے کہا: یعنی ہانڈی جس میں کچھ کچی ترکاریاں تھیں۔ آپؐ نے اُن کی بو محسوس کی تو آپؐ نے ان کے متعلق پوچھا۔ جو اس میں ترکاریاں تھیں آپؐ کو بتائی گئیں۔ آپؐ نے فرمایا: انہیں ان کے سامنے رکھو۔ چنانچہ انہوں نے صحابہ میں سے کسی کے سامنے رکھیں جو آپؐ کے ساتھ تھے۔ جب انہوں نے آنحضرت ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ نے ان کے کھانے سے کراہت کی ہے تو آپؐ نے فرمایا: تم کھاؤ کیونکہ میں اس سے مناجات کرتا ہوں جس سے تم مناجات نہیں کرتے۔ اور ابن عفیر نے ابن وہب سے نقل کیا کہ ایک ہانڈی لائی گئی جس میں ترکاری تھی اور لیث اور ابو صفوان نے یونس سے ہانڈی کا واقعہ نہیں ذکر کیا اس لئے میں نہیں جانتا کہ آیا یہ زُہری کا قول ہے یا حدیث میں ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7360
عبیداللہ بن سعد بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ اور میرے چچا نے ہمیں بتایا۔ ان دونوں نے کہا: ہمارے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ محمد بن جبیر نے مجھے بتایا کہ ان کے باپ حضرت جبیر بن مطعمؓ نے اُن کو خبر دی کہ انصار کی ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور اس نے آپؐ سے کسی امر کے متعلق بات کی تو آپؐ نے اس کے متعلق ایک فرمان جاری کیا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بتائیں اگر میں آپؐ کو نہ پاؤں؟ آپؐ نے فرمایا: اگر تم مجھے نہ پاؤ تو ابوبکرؓ کے پاس آؤ۔ حمیدی نے ابراہیم بن سعد سے روایت کرتے ہوئے اتنا بڑھایا کہ اس کا مطلب تھا آپؐ وفات پا جائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7361
اور ابوالیمان نے کہا کہ شعیب نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ حمید بن عبدالرحمٰن نے مجھے خبر دی کہ انہوں نے حضرت معاویہؓ سے سنا۔ وہ مدینہ میں قریش کی ایک جماعت سے بیان کر رہے تھے اور انہوں نے کعب الاحبار کا ذکر کیا اور کہنے لگے: اگر چہ وہ ان تمام محدثین سے جو اہل کتاب کی روایت کی بنا پر باتیں بیان کرتے ہیں سب سے زیادہ سچے ہیں اس کے باوجود ہم ان کی بھی بعض باتیں جھوٹی پایا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7362
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ عثمان بن عمر نے ہمیں بتایا۔ علی بن مبارک نے ہم سے بیان کیا۔ علی نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اہل کتاب تورات، عبرانی زبان میں پڑھا کرتے تھے اور مسلمانوں کے لئے عربی زبان میں اس کی تفسیر کیا کرتے تھے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اہل کتاب کو نہ سچا کہو اور نہ جھوٹا کہو اور یہ کہو: ہم اللہ پر ایمان لائے ہیں اور اس پر جو ہماری طرف اُتارا گیا اور جو تمہاری طرف اُتارا گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7363
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہم سے بیان کیا۔ ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: تم اہل کتاب سے کسی بات کے متعلق کیسے پوچھتے ہو حالانکہ تمہاری وہ کتاب جو رسول اللہ ﷺ پر نازل کی گئی قریب تر زمانے کی ہے۔ تم اس کو خالص پڑھتے ہو جس میں کچھ نہیں ملایا گیا اور حالانکہ اللہ نے تمہیں بتایا ہے کہ اہل کتاب نے اللہ کی کتاب کو بدل ڈالا ہے اور اس کو کچھ اَور کا اَور کر دیا ہے اور انہوں نے اپنے ہاتھوں سے ایک اور کتاب لکھی ہے اور کہتے ہیں کہ یہ اللہ کی طرف سے ہے تا کہ وہ اس ذریعہ سے تھوڑا سا مول کما لیں۔ جو علم تمہارے پاس آیا ہے کیا یہ تمہیں ان سے پوچھنے سے نہیں روکتا؟ اللہ کی قسم ہم نے ان میں سے کبھی کسی شخص کو نہیں دیکھا کہ وہ تم سے اس کتاب کے متعلق پوچھتا ہو جو تم پر نازل کی گئی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7364
اسحاق نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن مہدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلاّم بن ابی مطیع سے، سلاّم نے ابوعمران جونی سے، جونی نے حضرت جندب بن عبداللہ بجلیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تک تمہارے دل مانوس ہوں قرآن پڑھتے رہو، جب دل اُکتانے لگے تو پھر اس سے اُٹھ کھڑے ہو۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: عبدالرحمٰن نے سلام سے سنا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7365
اسحاق نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالصمد نے ہمیں بتایا۔ ہمام نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عمران جونی نے ہمیں بتایا۔ جونی نے حضرت جندب بن عبداللہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تک تمہارے دل مانوس ہوں قرآن پڑھتے رہو جب دل اُکتانے لگے تو پھر اس سے اُٹھ کھڑے ہو۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اور یزید بن ہارون نے ہارون اعور سے نقل کیا کہ ابو عمران نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت جندبؓ سے، حضرت جندبؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7366
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زُہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ کی وفات کا وقت آیا تو آپؐ نے فرمایا۔ اور اُس وقت گھر میں کچھ لوگ تھے جن میں حضرت عمر بن خطابؓ بھی تھے۔ آپؐ نے فرمایا: لاؤ میں تمہیں ایک تحریر لکھ دوں کہ جس کے بعد تم کبھی گمراہ نہیں ہوگے۔ حضرت عمرؓ نے کہا کہ نبی ﷺ کو بیماری نے بے بس کر دیا ہوا ہے اور تمہارے پاس قرآن ہے اور اللہ کی کتاب ہمیں کافی ہے۔ گھر کے لوگوں نے اختلاف کیا اور آپس میں جھگڑنے لگے۔ ان میں سے وہ بھی تھے جو کہتے تھے لکھنے کا سامان لاؤ تا کہ رسول اللہ ﷺ ایسی تحریر لکھ دیں کہ اس کے بعد تم گمراہ نہ ہو اور ان میں سے ایسے بھی تھے جو وہ بات کہتے تھے جو حضرت عمرؓ نے کہی۔ جب انہوں نے نبی ﷺ کے پاس بہت شور اور جھگڑا کیا تو آپؐ نے فرمایا: اُٹھ کر میرے پاس سے چلے جاؤ۔ عبیداللہ کہتے تھے کہ حضرت ابن عباسؓ کہا کرتے تھے: ساری کی ساری مصیبت وہ بات ہے جس نے رسول اللہ ﷺ کو ان کے لئے تحریر سے روک دیا یعنی ان کا وہ جھگڑا کرنا اور شور مچانا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7367
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی۔ عطاء نے کہا کہ حضرت جابرؓ نے بیان کیا۔ وہ کہتے تھے: ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اور محمد بن بکر برسانی نے بھی کہا کہ ابن جریج نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عطا نے مجھے خبر دی کہ میں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے سنا جبکہ کچھ اور لوگ بھی ان کے ساتھ تھے۔ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے صحابہ نے خالص حج کی نیت سے لبیک پکارتے ہوئے احرام باندھا۔ اس کے ساتھ عمرہ نہیں کرنا تھا۔ عطاء نے کہا: حضرت جابرؓ کہتے تھے: نبی ﷺ ذوالحج کی چوتھی رات کی صبح کو (مکہ میں) پہنچے اور جب ہم وہاں پہنچے تو نبی ﷺ نے ہمیں احرام کھولنے کا کہا۔ فرمایا: احرام کھول دو اور تم ازدواجی تعلق قائم کر سکتے ہو۔ عطاء نے کہا: حضرت جابرؓ کہتے تھے: اور ان کو تاکیدی حکم نہیں دیا تھا بلکہ ان کے لئے عورتوں سے تعلق قائم کرنا جائز قرار دیا تھا۔ پھر آپؐ کو یہ خبر پہنچی کہ ہم یہ کہہ رہے ہیں۔ جب ہمارے اور عرفات کے درمیان صرف پانچ راتیں ہی ہیں اور آنحضرت ﷺ نے ہمیں یہ ارشاد فرمایا ہے کہ عورتیں ہمارے لئے جائز ہیں تو ہم عرفات اس حالت میں جائیں گے کہ ہمارے ازدواجی تعلق کو ابھی زیادہ وقت نہیں گزرا ہو گا۔ عطاء نے کہا: اور حضرت جابرؓ اپنے ہاتھ سے اشارہ کرتے ہوئے کہہ رہے تھے اور عطاء نے ہاتھ ہلایا۔ (یہ سن کر) رسول اللہ ﷺ کھڑے ہوئے اور فرمایا: تمہیں بخوبی علم ہو چکا ہے کہ میں اللہ کی نافرمانی سے تم سے زیادہ بچنے والا ہوں اور تم سے زیادہ راستباز ہوں اور تم سے زیادہ نیک ہوں اور اگر میں نے قربانی کے جانور آگے نہ بھیج دئیے ہوتے تو میں بھی اسی طرح احرام کھول دیتا جس طرح تم کھولو گے اس لئے تم احرام کھول ڈالو اور اگر میں اپنے معاملہ کو پہلے سے جان لیتا جو مجھے بعد میں معلوم ہوا تو میں قربانی نہ بھیجتا، تو ہم نے احرام کھول ڈالے اور آپؐ کا حکم سنا اور مان لیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah