کتاب 1: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " بُعِثْتُ بِجَوَامِعِ الْكَلِمِ ".
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7273
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے جامع باتیں دے کر بھیجا گیا اور رُعب سے میری مدد کی گئی اور اسی اثنا میں کہ میں سویا ہوا ہوں، میں نے اپنے تئیں دیکھا کہ زمین کے خزانوں کی چابیاں مجھے دی گئی ہیں اور میرے ہاتھ میں انہیں رکھ دیا گیا۔ حضرت ابوہریرہ ؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ تو چلے گئے اور اب تم انہیں کھا رہے ہو یا کہا: انہیں چوس رہے ہو یا اِس سے ملتا جلتا کلمہ کہا۔
صحیح بخاری 7274
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید سے، سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: نبیوں میں کوئی بھی ایسا نبی نہیں جس کو ایسے نشان نہ دئیے گئے ہوں جنہیں مانا گیا یا (کہا:) جن پر لوگ ایمان لائے اور جو نشان مجھے دیا گیا ہے وہ، وہ وحی ہے جو اللہ نے مجھے کی اور میں امید رکھتا ہوں کہ قیامت کے روز میرے متبعین اُن کے متبعین سے زیادہ ہوں گے۔