کتاب 12: بَابُ مَنْ شَبَّهَ أَصْلاً مَعْلُومًا بِأَصْلٍ مُبَيَّنٍ قَدْ بَيَّنَ اللَّهُ حُكْمَهُمَا، لِيُفْهِمَ السَّائِلَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7314
اصبغ بن فرج نے ہم سے بیان کیا کہ ابن وہب نے مجھے بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ ایک بدوی رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور کہنے لگا: میری بیوی نے ایک سیاہ فام لڑکا جنا ہے اور میں نے انکار کردیا ہے کہ وہ میرا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے اس سے فرمایا کہ کیا تمہارے کچھ اونٹ ہیں؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اُن کا کیا رنگ ہے؟ اس نے کہا: سرخ۔ آپؐ نے پوچھا: کیا اُن میں کوئی خاکی رنگ کا بھی ہے؟ اس نے کہا: اس میں خاکی رنگ کے بھی ہیں۔ فرمایا: بتاؤ یہ رنگ کہاں سے اُن میں آیا؟ کہنے لگا: یا رسول اللہ! کوئی رَگ ہے جس نے ان کو اپنے ہم رنگ کر لیا ہے،
آپؐ نے فرمایا: شاید یہ بھی کوئی رَگ ہو جس نے اس بچے کو اپنے ہم شکل کر لیا ہو اور آپؐ نے اُس کو اجازت نہ دی کہ اُس بچے سے انکار کرے۔
صحیح بخاری 7315
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ ایک عورت نبی ﷺ کے پاس آئی کہنے لگی: میری ماں نے حج کرنے کی نذر مانی تھی مگر حج کرنے سے پہلے وہ مرگئی تو کیا میں اس کی طرف سے حج کرلوں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں اس کی طرف سے حج کرلو۔ بھلا بتاؤ تو سہی اگر تمہاری ماں کے ذمے کچھ قرض ہو تو کیا تم اسے چکاؤ گی؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر جو اللہ کا ہے وہ بھی تم چکاؤ کیونکہ اللہ زیادہ حق دار ہے کہ اس کا حق ادا کیا جاوے۔