کتاب 13: بَابُ مَا جَاءَ فِي اجْتِهَادِ الْقُضَاةِ بِمَا أَنْزَلَ اللَّهُ تَعَالَى
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7316
شہاب بن عباد نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن حُمید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل سے، اسماعیل نے قیس سے، قیس نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: رشک نہیں ہونا چاہیئے مگر دو شخصوں پر ہی۔ ایک وہ شخص جس کو اللہ نے مال دیا ہو اور حق میں اس مال کے خرچ کرنے کی اس کو توفیق دی گئی ہو اور دوسرا وہ شخص جس کو اللہ نے حکمت دی ہو اور وہ اُس سے فیصلہ کرتا ہے اور اس کو سکھاتا ہے۔
صحیح بخاری 7317
محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت مغیرہ بن شعبہؓ سے روایت کی کہ حضرت مغیرہؓ نے کہا: حضرت عمر بن خطابؓ نے عورت کے جنین کے گرائے جانے کے متعلق پوچھا کہ جس کو پیٹ پر مارا جاوے اور وہ بچہ گرا دے۔ آپؓ نے فرمایا: تم میں سے کسی نے نبی ﷺ سے اس کے متعلق کچھ سنا؟ میں نے کہا: میں نے سنا ہے تو انہوں نے کہا: کیا سنا ہے؟ میں نے کہا کہ میں نے نبی ﷺ کو فرماتے سنا ہے کہ اس میں ایک بردہ دینا ہوگا، غلام ہو یا لونڈی، حضرت عمرؓ نے فرمایا: تم جاؤ گے نہیں جب تک کہ جو تم نے کہا ہے اُس کے متعلق نکلنے کی راہ میرے پاس نہیں لاتے۔
صحیح بخاری 7318
اس پر میں وہاں سے نکل کر چلا گیا اور حضرت محمد بن مسلمہؓ کو میں نے پایا اور میں اُن کو لے آیا تو انہوں نے میرے ساتھ یہ شہادت دی کہ انہوں نے نبی ﷺ کو فرماتے سنا تھا کہ اس میں ایک بردہ دینا ہوگا، غلام ہو یا لونڈی۔ ابن ابی زناد نے بھی اپنے باپ سے، ان کے باپ نے عروہ سے، عروہ نے حضرت مغیرہؓ سے روایت کی۔