کتاب 14: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " لَتَتْبَعُنَّ سَنَنَ مَنْ كَانَ قَبْلَكُمْ "
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7319
احمد بن یونس نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مقبری سے، مقبری نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: وہ گھڑی اس وقت تک قائم نہ ہوگی جب تک کہ میری اُمت اُن امتوں کا رویہ نہ اختیار کر لے جو اس سے پہلے گزر چکی ہیں، بالشت سے بالشت اور ہاتھ سے ہاتھ۔ آپؐ سے پوچھا گیا: یا رسول اللہ! فارسیوں اور رومیوں کی طرح؟ آپؐ نے فرمایا: اور کون لوگ ہیں؟ وہی تو ہیں۔
صحیح بخاری 7320
محمد بن عبدالعزیز نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعمر صنعانی نے جو یمن کے تھے ہمیں بتایا۔ ابوعمر نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خُدریؓ سے، حضرت ابوسعید خدریؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: ضرور اُن لوگوں کی چالوں پر چلو گے جو تم سے پہلے تھے، بالشت سے بالشت اور ہاتھ سے ہاتھ یہاں تک کہ اگر وہ لوگ گوہ کے سوراخ میں بھی داخل ہوئے ہوں تو تم بھی اُن کے پیچھے ہی جاؤ گے۔ ہم نے کہا: یا رسول اللہ! کیا یہود و نصاریٰ کی؟ آپؐ نے فرمایا: پھر اور کس کی۔