کتاب 18: بَابُ قَوْلِهِ تَعَالَى: {وَكَانَ الإِنْسَانُ أَكْثَرَ شَيْءٍ جَدَلاً}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7347
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے روایت کی۔ نیز محمد بن سلام نے مجھ سے بیان کیا کہ عتاب بن بشیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحاق سے، اسحاق نے زُہری سے روایت کی کہ علی بن حسین نے مجھے خبر دی۔ (انہوں نے بتایا) کہ حضرت حسین بن علی رضی اللہ عنہما نے انہیں خبر دی کہ حضرت علی بن ابی طالبؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ اُن کے اور حضرت فاطمہ علیہا السلام بنت رسول اللہ ﷺ کے پاس رات کو آئے اور اُن سے فرمایا: کیا تم نماز (تہجد) نہیں پڑھا کرتے؟ حضرت علیؓ کہتے تھے، میں نے کہا: یا رسول اللہ! ہماری جانیں تو اللہ کے ہاتھ میں ہوتی ہیں۔ جب ہمیں اُٹھانا چاہتا ہے تو ہمیں اُٹھا دیتا ہے۔ جب حضرت علیؓ نے آپؐ سے یہ کہا تو رسول اللہ ﷺ واپس تشریف لے گئے اور آپؐ نے اُن کو کچھ جواب نہ دیا۔ حضرت علیؓ نے آپؐ کو جب آپؐ واپس پلٹے، سنا۔ آپؐ اپنی ران پر ہاتھ مارتے ہوئے فرما رہے تھے کہ انسان اکثر باتوں میں جھگڑا کرتا ہے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: جو رات کو تمہارے پاس آئے اس کو طارق کہتے ہیں اور ستارے کو طارق کہتے ہیں اور ثاقب کے معنی ہیں روشن۔ آگ جلانے والے کو کہتے ہیں: أَثْقِبْ نَارَكَ اپنی آگ جلا۔
صحیح بخاری 7348
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید سے، سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اس اثنا میں کہ ہم مسجد میں تھے، رسول اللہ ﷺ باہر آئے اور فرمایا: یہودیوں کے پاس چلو۔ ہم آپؐ کے ساتھ باہر گئے اور ان کے تورات پڑھانے کے مدرسہ میں پہنچے۔ نبی ﷺ وہاں کھڑے ہو گئے اور اُن کو پکار کر کہا: اے یہودیوں کی جماعت! اسلام قبول کر لو تم سلامتی میں رہو گے۔ انہوں نے کہا: ابوالقاسم! آپؐ نے پیغام پہنچا دیا ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمایا: میں یہی چاہتا ہوں تم اسلام قبول کر لو، تم سلامتی میں رہو گے۔ یہودیوں نے کہا: ابوالقاسم! آپؐ نے پہنچا دیا پھر رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمایا: میں یہی چاہتا ہوں۔ پھر آپؐ نے تیسری بار یہ دُہرایا اور فرمایا: تم جان لو کہ یہ زمین اللہ اور اس کے رسول کی ہے۔ پس میں چاہتا ہوں کہ تمہیں اس ملک سے نکالوں اس لئے تم میں سے جو شخص اپنی جائیداد کے بدلے میں کوئی قیمت چاہتا ہو تو وہ اسے بیچ دے ورنہ جان لو کہ یہ زمین اللہ اور اس کے رسول کی ہے۔