کتاب 24: باب الأَحْكَامِ الَّتِي تُعْرَفُ بِالدَّلاَئِلِ، وَكَيْفَ مَعْنَى الدِّلاَلَةِ وَتَفْسِيرِهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7356
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے ابو صالح سمان سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: گھوڑے رکھنا تین طرح کا ہے۔ ایك شخص کے لئے ثواب، ایک شخص کے لئے پردہ پوشی اور ایك شخص پر وبال۔ وہ شخص جس کے لئے ثواب ہے تو وہ وہ شخص ہے جس نے اُن کو اللہ کی راہ میں باندھے رکھا اور مرغزار یا کسی باغ میں ان کی رسی کو لمبا کردیا تو وہ اُس رسی کے لمبائی میں اُس مرغزار یا باغ سے جہاں تک چریں وہ اُس کے لئے نیکیاں ہوں گی۔ اور اگر وہ رسی توڑا کر ایک یا دو میل تک چھلانگیں لگاتے ہوئے بھاگ بھی جائیں تو اُن کے قدموں کے نشان اور ان کی لید میں بھی اُس کے لئے نیکیاں ہوں گی اور اگر وہ کسی ندی پر سے گزریں اور وہاں سے (پانی) پی لیں اور وہ نہ چاہتا ہو کہ وہاں سے اُن کو پلائے تو یہ بھی اس کے لئے نیکیاں ہوں گی اور یہ گھوڑے ایسے شخص کے لئے ثواب ہیں۔ اور ایك شخص نے اپنی ضرورت پوری کرنے کے لئے اور مانگنے سے بچنے کی غرض سے ان کو باندھا اور اللہ کا وہ حق نہ بھولا جو اُن کی گردنوں اور ان کی پیٹھوں میں ہے تو یہ گھوڑے اس کے لئے پردہ پوشی کا موجب ہوں گے۔ اور ایك شخص نے ان کو فخر اور دکھلاوے کے لئے باندھا تو یہ اُس پر وبال ہیں۔ اور رسول اللہ ﷺ سے گدھوں کے متعلق پوچھا گیا تو آپؐ نے فرمایا: ان کے متعلق مجھ پر اللہ نے سوائے اس بے نظیر جامع آیت کے اور کوئی وحی نازل نہیں کی۔ یعنی جو ذرہ بھر بھلائی کرے گا وہ اُس کو دیکھ لے گا اور جو ذرہ بھر بُرائی کرے گا وہ اسے دیکھ لے گا۔
صحیح بخاری 7357
یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور بن صفیہ سے، منصور نے اپنی والدہ سے، اُن کی والدہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ ایک عورت نے نبی ﷺ سے پوچھا۔ نیز محمد نے جو عقبہ کے بیٹے ہیں ہم سے بیان کیا کہ فضیل بن سلیمان نمیری بصری نے ہمیں بتایا۔ منصور بن عبدالرحمٰن ابن شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ میری والدہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ ایک عورت نے نبی ﷺ سے حیض کے متعلق پوچھا کہ اس سے فارغ ہونے کے بعد کیسے نہائے؟ آپؐ نے فرمایا: تم ایک کپڑا جس کو مُشک لگی ہو لو اور اُس کے ذریعے سے تم دھو کر صاف کرو۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! میں اس سے کیسے صاف کروں؟ نبی ﷺ نے فرمایا: دھو کر صاف کرو۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! میں اس سے کیسے پاک صاف کروں؟ نبی ﷺ نے فرمایا: اس کے ذریعہ سے صاف ستھری ہو جاؤ۔ حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں: میں وہ بات سمجھ گئی جو رسول اللہ ﷺ چاہتے تھے تو میں نے اس عورت کو اپنی طرف کھینچ لیا اور اس کو سمجھا دیا۔
صحیح بخاری 7358
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ حضرت اُمّ حُفَید بنت حارث بن حزنؓ نے نبی ﷺ کو کچھ گھی اور پنیر اور گوہیں بطور تحفہ کے بھیجیں۔ نبی ﷺ نے ان کو منگوایا اور وہ آپؐ کے دسترخوان پر کھائی گئیں۔ نبی ﷺ نے کراہت کرنے والے کی طرح ان سے ہاتھ کھینچ لیا، اگر وہ حرام ہوتیں تو آپؐ کے دسترخوان پر نہ کھائی جاتیں اور آپؐ نے ان کے کھانے کا حکم بھی نہیں دیا۔
صحیح بخاری 7359
احمد بن صالح نے ہم سے بیان کیا کہ ابن وہب نے ہمیں بتایا۔ یونس نے مجھے خبر دی۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی کہ عطاء بن ابی رباح نے مجھے بتایا۔ عطاء نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جو لہسن یا پیاز کھائے وہ ہم سے الگ رہے یا (فرمایا:) ہماری مسجد سے الگ رہے اور وہ اپنے گھر میں ہی بیٹھا رہے اور آپؐ کے پاس ایک برتن لایا گیا۔ ابن وہب نے کہا: یعنی ہانڈی جس میں کچھ کچی ترکاریاں تھیں۔ آپؐ نے اُن کی بو محسوس کی تو آپؐ نے ان کے متعلق پوچھا۔ جو اس میں ترکاریاں تھیں آپؐ کو بتائی گئیں۔ آپؐ نے فرمایا: انہیں ان کے سامنے رکھو۔ چنانچہ انہوں نے صحابہ میں سے کسی کے سامنے رکھیں جو آپؐ کے ساتھ تھے۔ جب انہوں نے آنحضرت ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ نے ان کے کھانے سے کراہت کی ہے تو آپؐ نے فرمایا: تم کھاؤ کیونکہ میں اس سے مناجات کرتا ہوں جس سے تم مناجات نہیں کرتے۔ اور ابن عفیر نے ابن وہب سے نقل کیا کہ ایک ہانڈی لائی گئی جس میں ترکاری تھی اور لیث اور ابو صفوان نے یونس سے ہانڈی کا واقعہ نہیں ذکر کیا اس لئے میں نہیں جانتا کہ آیا یہ زُہری کا قول ہے یا حدیث میں ہے۔
صحیح بخاری 7360
عبیداللہ بن سعد بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ اور میرے چچا نے ہمیں بتایا۔ ان دونوں نے کہا: ہمارے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی کہ محمد بن جبیر نے مجھے بتایا کہ ان کے باپ حضرت جبیر بن مطعمؓ نے اُن کو خبر دی کہ انصار کی ایک عورت رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور اس نے آپؐ سے کسی امر کے متعلق بات کی تو آپؐ نے اس کے متعلق ایک فرمان جاری کیا۔ اس نے کہا: یا رسول اللہ! بتائیں اگر میں آپؐ کو نہ پاؤں؟ آپؐ نے فرمایا: اگر تم مجھے نہ پاؤ تو ابوبکرؓ کے پاس آؤ۔ حمیدی نے ابراہیم بن سعد سے روایت کرتے ہوئے اتنا بڑھایا کہ اس کا مطلب تھا آپؐ وفات پا جائیں۔