کتاب 25: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " لاَ تَسْأَلُوا أَهْلَ الْكِتَابِ عَنْ شَىْءٍ "
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7361
اور ابوالیمان نے کہا کہ شعیب نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ حمید بن عبدالرحمٰن نے مجھے خبر دی کہ انہوں نے حضرت معاویہؓ سے سنا۔ وہ مدینہ میں قریش کی ایک جماعت سے بیان کر رہے تھے اور انہوں نے کعب الاحبار کا ذکر کیا اور کہنے لگے: اگر چہ وہ ان تمام محدثین سے جو اہل کتاب کی روایت کی بنا پر باتیں بیان کرتے ہیں سب سے زیادہ سچے ہیں اس کے باوجود ہم ان کی بھی بعض باتیں جھوٹی پایا کرتے تھے۔
صحیح بخاری 7362
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ عثمان بن عمر نے ہمیں بتایا۔ علی بن مبارک نے ہم سے بیان کیا۔ علی نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اہل کتاب تورات، عبرانی زبان میں پڑھا کرتے تھے اور مسلمانوں کے لئے عربی زبان میں اس کی تفسیر کیا کرتے تھے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اہل کتاب کو نہ سچا کہو اور نہ جھوٹا کہو اور یہ کہو: ہم اللہ پر ایمان لائے ہیں اور اس پر جو ہماری طرف اُتارا گیا اور جو تمہاری طرف اُتارا گیا۔
صحیح بخاری 7363
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہم سے بیان کیا۔ ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: تم اہل کتاب سے کسی بات کے متعلق کیسے پوچھتے ہو حالانکہ تمہاری وہ کتاب جو رسول اللہ ﷺ پر نازل کی گئی قریب تر زمانے کی ہے۔ تم اس کو خالص پڑھتے ہو جس میں کچھ نہیں ملایا گیا اور حالانکہ اللہ نے تمہیں بتایا ہے کہ اہل کتاب نے اللہ کی کتاب کو بدل ڈالا ہے اور اس کو کچھ اَور کا اَور کر دیا ہے اور انہوں نے اپنے ہاتھوں سے ایک اور کتاب لکھی ہے اور کہتے ہیں کہ یہ اللہ کی طرف سے ہے تا کہ وہ اس ذریعہ سے تھوڑا سا مول کما لیں۔ جو علم تمہارے پاس آیا ہے کیا یہ تمہیں ان سے پوچھنے سے نہیں روکتا؟ اللہ کی قسم ہم نے ان میں سے کبھی کسی شخص کو نہیں دیکھا کہ وہ تم سے اس کتاب کے متعلق پوچھتا ہو جو تم پر نازل کی گئی۔