کتاب 26: باب كَرَاهِيَةِ الْخِلاَفِ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 7364

حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ أَخْبَرَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ مَهْدِيٍّ عَنْ سَلاَّمِ بْنِ أَبِي مُطِيعٍ عَنْ أَبِي عِمْرَانَ الْجَوْنِيِّ عَنْ جُنْدَبِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " اقْرَءُوا الْقُرْآنَ مَا ائْتَلَفَتْ قُلُوبُكُمْ فَإِذَا اخْتَلَفْتُمْ فَقُومُوا عَنْهُ ". قَالَ أَبُو عَبْد اللَّهِ سَمِعَ عَبْدُ الرَّحْمَنِ سَلَّامًا.

اسحاق نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرحمٰن بن مہدی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلاّم بن ابی مطیع سے، سلاّم نے ابوعمران جونی سے، جونی نے حضرت جندب بن عبداللہ بجلیؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تک تمہارے دل مانوس ہوں قرآن پڑھتے رہو، جب دل اُکتانے لگے تو پھر اس سے اُٹھ کھڑے ہو۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: عبدالرحمٰن نے سلام سے سنا۔

صحیح بخاری 7365

حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ أَخْبَرَنَا عَبْدُ الصَّمَدِ حَدَّثَنَا هَمَّامٌ حَدَّثَنَا أَبُو عِمْرَانَ الْجَوْنِيُّ عَنْ جُنْدَبِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ " اقْرَءُوا الْقُرْآنَ مَا ائْتَلَفَتْ عَلَيْهِ قُلُوبُكُمْ فَإِذَا اخْتَلَفْتُمْ فَقُومُوا عَنْهُ ". وَقَالَ يَزِيدُ بْنُ هَارُونَ عَنْ هَارُونَ الأَعْوَرِ حَدَّثَنَا أَبُو عِمْرَانَ عَنْ جُنْدَبٍ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.

اسحاق نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالصمد نے ہمیں بتایا۔ ہمام نے ہم سے بیان کیا کہ ابو عمران جونی نے ہمیں بتایا۔ جونی نے حضرت جندب بن عبداللہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تک تمہارے دل مانوس ہوں قرآن پڑھتے رہو جب دل اُکتانے لگے تو پھر اس سے اُٹھ کھڑے ہو۔ ابو عبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: اور یزید بن ہارون نے ہارون اعور سے نقل کیا کہ ابو عمران نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت جندبؓ سے، حضرت جندبؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔

صحیح بخاری 7366

حَدَّثَنَا إِبْرَاهِيمُ بْنُ مُوسَى أَخْبَرَنَا هِشَامٌ عَنْ مَعْمَرٍ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ عُبَيْدِ اللَّهِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ لَمَّا حُضِرَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم ـ قَالَ وَفِي الْبَيْتِ رِجَالٌ فِيهِمْ عُمَرُ بْنُ الْخَطَّابِ ـ قَالَ " هَلُمَّ أَكْتُبْ لَكُمْ كِتَابًا لَنْ تَضِلُّوا بَعْدَهُ ". قَالَ عُمَرُ إِنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم غَلَبَهُ الْوَجَعُ وَعِنْدَكُمُ الْقُرْآنُ فَحَسْبُنَا كِتَابُ اللَّهِ. وَاخْتَلَفَ أَهْلُ الْبَيْتِ وَاخْتَصَمُوا فَمِنْهُمْ مَنْ يَقُولُ قَرِّبُوا يَكْتُبْ لَكُمْ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم كِتَابًا لَنْ تَضِلُّوا بَعْدَهُ. وَمِنْهُمْ مَنْ يَقُولُ مَا قَالَ عُمَرُ فَلَمَّا أَكْثَرُوا اللَّغَطَ وَالاِخْتِلاَفَ عِنْدَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " قُومُوا عَنِّي ". قَالَ عُبَيْدُ اللَّهِ فَكَانَ ابْنُ عَبَّاسٍ يَقُولُ إِنَّ الرَّزِيَّةَ كُلَّ الرَّزِيَّةِ مَا حَالَ بَيْنَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم وَبَيْنَ أَنْ يَكْتُبَ لَهُمْ ذَلِكَ الْكِتَابَ مِنِ اخْتِلاَفِهِمْ وَلَغَطِهِمْ.

ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زُہری سے، زہری نے عبیداللہ بن عبداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ کی وفات کا وقت آیا تو آپؐ نے فرمایا۔ اور اُس وقت گھر میں کچھ لوگ تھے جن میں حضرت عمر بن خطابؓ بھی تھے۔ آپؐ نے فرمایا: لاؤ میں تمہیں ایک تحریر لکھ دوں کہ جس کے بعد تم کبھی گمراہ نہیں ہوگے۔ حضرت عمرؓ نے کہا کہ نبی ﷺ کو بیماری نے بے بس کر دیا ہوا ہے اور تمہارے پاس قرآن ہے اور اللہ کی کتاب ہمیں کافی ہے۔ گھر کے لوگوں نے اختلاف کیا اور آپس میں جھگڑنے لگے۔ ان میں سے وہ بھی تھے جو کہتے تھے لکھنے کا سامان لاؤ تا کہ رسول اللہ ﷺ ایسی تحریر لکھ دیں کہ اس کے بعد تم گمراہ نہ ہو اور ان میں سے ایسے بھی تھے جو وہ بات کہتے تھے جو حضرت عمرؓ نے کہی۔ جب انہوں نے نبی ﷺ کے پاس بہت شور اور جھگڑا کیا تو آپؐ نے فرمایا: اُٹھ کر میرے پاس سے چلے جاؤ۔ عبیداللہ کہتے تھے کہ حضرت ابن عباسؓ کہا کرتے تھے: ساری کی ساری مصیبت وہ بات ہے جس نے رسول اللہ ﷺ کو ان کے لئے تحریر سے روک دیا یعنی ان کا وہ جھگڑا کرنا اور شور مچانا۔

10 von 10 heute frei