کتاب 97: كتاب التوحيد
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 7391
سعید بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن مبارک سے، ابن مبارک نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے سالم سے، سالم نے حضرت عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ اکثر یوں قسم کھایا کرتے تھے: اس کی قسم ہے جو دلوں کا پھیرنے والا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7392
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا۔ ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: اللہ کے ننانوے یعنی ایک کم سو نام ہیں۔ جس نے ان کو پورے طور پر سمجھ لیا جنت میں داخل ہوا۔ أَحْصَيْنَاهُ کے معنی ہیں ہم نے اس کو یاد کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7393
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ مالک نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی اپنے بچھونے پر آئے تو اپنے کپڑے کے کونے سے اس کو تین بار جھاڑ لے اور یہ دعا کرے: تیرے نام سے اے میرے ربّ میں نے اپنے پہلو کو رکھا ہے اور تیرے ہی طفیل میں اس کو اُٹھاؤں گا اگر تو نے میری جان روک رکھی تو اس پر پردہ پوشی فرما کر اس سے درگزر فرمانا اور اگر تو نے اسے چھوڑ دیا تو پھر تو اس کو (اس رحمت کے طفیل) محفوظ رکھنا جس (رحمت) کے ذریعہ سے تو اپنے نیک بندوں کی حفاظت کرتا ہے۔ عبدالعزیز کی طرح یحيٰ (قطان) اور بشر بن مفضل نے بھی اس حدیث کو بیان کیا ہے۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔ اور زہیر اور ابوضمرہ اور اسماعیل بن زکریا نے اپنی روایت میں کچھ بڑھایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سعید سے، سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور ابن عجلان نے بھی اس کو سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔ (محمد بن عجلان کی طرح) محمد بن عبدالرحمٰن اور دراوردی اور اُسامہ بن حفص نے بھی اس کو بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7394
مسلم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالملک سے، عبدالملک نے ربعی سے، ربعی نے حضرت حذیفہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب اپنے بستر پر آرام کرتے تو یہ دعا کرتے: اے اللہ تیرے نام سے میں جیتا ہوں اور مروں گا اور جب صبح کو اُٹھتے تو فرماتے: سب خوبیاں اس اللہ ہی کی ہیں جس نے ہمیں زندہ کیا بعد اس کے کہ اس نے ہمیں مارا اور اسی کی طرف اُٹھ کر جانا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7395
سعد بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ربعی بن حراش سے، حراش نے خرشہ بن حر سے، خرشہ نے حضرت ابوذرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب رات کو لیٹتے تو دعا کرتے: تیرے نام پر ہی ہم مرتے ہیں اور جیتے ہیں اور جب جاگتے تو فرماتے: سب حمد اس اللہ ہی کی ہے جس نے ہمیں زندہ کیا بعد اس کے کہ اس نے ہمیں مارا اور اسی کی طرف اٹھ کر جانا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7396
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے سالم سے، سالم نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر تم میں سے کوئی جب اپنی بیوی کے پاس آنا چاہے تو یہ کہے: اللہ کے نام سے، اے میرے اللہ! ہمیں شیطان سے بچانا اور شیطان کو اُس سے پرے رکھنا جو تو ہمیں عطا فرمائے۔ تو اگر دونوں کے تعلق سے کوئی بچہ مقدر ہوا تو شیطان اُس کو کبھی نقصان نہیں پہنچائے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7397
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے ہمام سے، ہمام نے حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے پوچھا۔ میں نے کہا: میں اپنے سدھائے ہوئے کتوں کو چھوڑتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم اپنے سدھائے ہوئے کتوں کو چھوڑو اور اللہ کا نام لو پھر وہ تمہارے لئے کچھ پکڑ لیں تو کھاؤ اور جب تم بغیر پھل کے تیر کے کوئی شکار مارو اور وہ اس کو چیر کر پھاڑ دے تو وہ بھی کھاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7398
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابوخالد احمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ہشام بن عروہ سے سنا۔ وہ اپنے باپ سے روایت کرتے تھے۔ ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! کچھ ایسے لوگ ہیں جو شرک سے نئے نئے نکل کر آئے ہیں وہ ہمارے پاس گوشت لاتے ہیں ہم نہیں جانتے کہ وہ ان پر اللہ کا نام لیتے ہیں یا نہیں؟ آپؐ نے فرمایا: تم اللہ کا نام لو۔ (ابو خالد کی طرح) محمد بن عبدالرحمٰن اور عبد العزیز بن محمد (دراوردی) اور اُسامہ بن حفص نے اس کو روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7399
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اللہ کا نام لے کر اور اللہ اکبر کہتے ہوئے دو مینڈھے ذبح کئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7400
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود بن قیس سے، اسود نے حضرت جندبؓ سے روایت کی۔ وہ نبی ﷺ کے ساتھ قربانی کے دن موجود تھے۔ آپؐ نے نماز پڑھی پھر لوگوں سے خطاب کیا اور فرمایا: جس نے نماز پڑھنے سے پہلے ذبح کر لیا ہو تو وہ اس ذبیحہ کے بدلہ اور ذبح کر لے اور جس نے ذبح نہ کیا ہو تو وہ اب اللہ کا نام لیکر ذبح کر لے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7401
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ورقاء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبد اللہ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اپنے باپ دادوں کی قسم نہ کھاؤ اور جس نے قسم کھانی ہو تو وہ اللہ کی قسم کھائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7402
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ عمرو بن ابی سفیان بن اسید بن جاریہ ثقفی نے جو بنو زہرہ کے حلیف اور حضرت ابوہریرہؓ کے ساتھیوں میں سے تھے، مجھے خبر دی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے دس آدمیوں کو بھیجا۔ ان میں سے حضرت خبیب انصاریؓ بھی تھے۔ اور عبیداللہ بن عیاض نے مجھے بتایا کہ حارث کی بیٹی نے اُن کو خبر دی کہ جب وہ (حضرت خبیبؓ کے قتل پر) متفق ہوگئے تو حضرت خبیبؓ نے اس سے ایک استرا عاریۃً لیا کہ اس سے صفائی کریں۔ جب وہ حرم سے باہر چلے گئے تاکہ ان کو ماریں تو حضرت خبیب انصاریؓ نے یہ شعر پڑھے:
میں پروا نہیں کرتا کہ جب میں مسلمان ہونے کی حالت میں مارا جارہا ہوں تو اللہ کی خاطر میں کس کروٹ پچھاڑا جاؤں اور یہ موت اس معبود کی ذات کی خاطر ہے اور اگر وہ چاہے تو ٹکڑے ٹکڑے ہوئے جسم کے حصوں کو برکت دے۔
(عقبہ) بن حارث نے ان کو قتل کیا اور نبی ﷺ نے اپنے صحابہ کو ان کے متعلق اسی دن خبر دے دی جس دن وہ لوگ شہید ہوئے۔
وَلَسْتُ أُبَالِي حِينَ أُقْتَلُ مُسْلِمًا
عَلَى أَيِّ شِقٍّ كَانَ لِلَّهِ مَصْرَعِي
وَذَلِكَ فِي ذَاتِ الإِلَهِ وَإِنْ يَشَأْ
يُبَارِكْ عَلَى أَوْصَالِ شِلْوٍ مُمَزَّعِ
فَقَتَلَهُ ابْنُ الْحَارِثِ فَأَخْبَرَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم أَصْحَابَهُ خَبَرَهُمْ يَوْمَ أُصِيبُوا.
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7403
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے شقیق سے، شقیق نے حضرت عبداللہؓ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ سے بڑھ کر غیرت مند اور کوئی نہیں اسی لئے فحش باتوں کو اس نے حرام کیا اور اللہ سے بڑھ کر کسی کو تعریف پسند نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7404
عبدان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو حمزہ سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہؓ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب اللہ نے مخلوق پیدا کی تو اس نے اپنے نوشتہ میں اپنی ذات پر فرض کرتے ہوئے لکھا وہ نوشتہ عرش پر اس کے پاس رکھا ہوا ہے کہ میری رحمت میرے غضب پر غالب رہے گی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7405
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے ابوصالح سے سنا۔ ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبیﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: میرا بندہ میرے متعلق جو گمان کرتا ہے اس کے مطابق میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں اور میں اس کے ساتھ ہی ہوتا ہوں جب وہ مجھے یاد کرتا ہے اگر وہ اپنے دل میں مجھے یاد کرے تو میں بھی اپنے دل میں اس کو یاد کرتا ہوں اور اگر وہ بھری مجلس میں مجھے یاد کرتا ہے تو میں بھی اس کو بھری مجلس میں یاد کرتا ہوں جو اس مجلس سے بہتر ہوتی ہے اور اگر وہ ایک بالشت میرے قریب ہوتا ہے تو میں ایک ہاتھ اس کے قریب ہوتا ہوں اور اگر وہ ایک ہاتھ میرے قریب ہوتا ہے تو میں ایک باع اس کے قریب ہوتا ہوں اور اگر وہ میرے پاس چل کر آئے تو میں اس کے پاس دوڑتا ہوا آتا ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7406
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: تو (ان سے) کہہ دے وہ اس (بات) پر بھی قادر ہے کہ تمہارے اوپر کی طرف سے عذاب نازل کرے، تو نبی کریم ﷺ نے کہا: میں تیری ذات کی پناہ لیتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: یا تمہارے پاؤں کے نیچے کی طرف سے، نبی کریم ﷺ نے کہا: میں تیری ذات کی پناہ لیتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: یا تمہیں (ایک دوسرے کے خلاف) آپس میں مختلف گروہوں کی صورت میں ملا دے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: یہ آسان ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7407
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس دجال کا ذکر کیا گیا تو آپؐ نے فرمایا: تم سے پوشیدہ نہیں کہ اللہ کانا نہیں اور آپؐ نے اپنے ہاتھ سے اپنی آنکھ کی طرف اشارہ کیا، فرمایا: اور مسیح دجال داہنی آنکھ سے کانا ہوگا۔ ایسا معلوم ہوگا جیسے اس کی آنکھ پھولا ہوا انگور ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7408
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے کوئی نبی بھی ایسا نہیں بھیجا جس نے جھوٹے کانے سے اپنی قوم کو نہ ڈرایا ہو۔ وہ کانا ہوگا اور تمہارا ربّ کانا نہیں، اس کی دونوں آنکھوں کے درمیان کافر لکھا ہوگا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7409
اسحاق نے ہم سے بیان کیا کہ عفان نے ہمیں بتایا۔ وہیب نے ہم سے بیان کیا کہ موسیٰ نے جو کہ عقبہ کے بیٹے تھے، ہمیں بتایا۔ محمد بن یحيٰ بن حبان نے مجھ سے بیان کیا۔ محمد نے ابن مُحیریز سے، ابن مُحیریز نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے غزوہ بنی مصطلق کے متعلق روایت کی کہ صحابہ نے کچھ قیدی عورتیں غنیمت میں پائیں اور انہوں نے ان سے تعلق قائم کرنا چاہا، ایسے طور سے کہ وہ حاملہ نہ ہوں۔ انہوں نے نبی ﷺ سے عزل کے متعلق پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: تم پر کیا مذائقہ ہے اگر تم نہ کرو؟ کیونکہ اللہ نے لکھ دیا ہے جس کو اس نے قیامت کے روز تک پیدا کرنا ہے۔ اور مجاہد نے قزعہ سے نقل کیا کہ میں نے حضرت ابوسعیدؓ سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جو جان بھی پیدا کی جانی ہے اللہ اس کو ضرور ہی پیدا کرے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 7410
معاذ بن فضالہ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: قیامت کے روز اللہ مومنوں کو اکٹھا کرے گا اسی طرح (جس طرح ہم اکٹھے ہوتے ہیں) اور وہ کہیں گے: اگر ہم اپنے ربّ کے پاس کوئی سفارش لے جائیں تا کہ وہ ہمیں اپنی اس جگہ سے نکال کر آرام دے، تو وہ حضرت آدمؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے: آدم! کیا آپ لوگوں کی حالت نہیں دیکھتے؟ اللہ نے آپ کو اپنے ہاتھ سے پیدا کیا اور اپنے فرشتوں کو آپ کا فرمانبردار بنایا۔ آپ کو ہر چیز کے نام سکھائے۔ اپنے ربّ کے پاس ہماری سفارش تو کریں تا وہ ہماری اس جگہ سے ہمیں چھٹکارا دلائے۔ تو حضرت آدمؑ کہیں گے: میں تو اس مقام پر نہیں اور وہ ان سے اپنی اس غلطی کو یاد کریں گے جو انہوں نے کی۔ کہیں گے: تم نوحؑ کے پاس جاؤ کیونکہ وہ پہلے رسول ہیں جن کو اللہ نے زمین والوں کی طرف بھیجا۔ اس پر وہ حضرت نوحؑ کے پاس آئیں گے اور حضرت نوحؑ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں اور اپنی اس غلطی کو یاد کریں گے جو انہوں نے کی۔ کہیں گے: بلکہ تم ابراہیم خلیل الرحمٰنؑ کے پاس جاؤ اور وہ حضرت ابراہیمؓ کے پاس آئیں گے۔ حضرت ابراہیمؑ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں اور ان سے اپنی غلطیوں کا ذکر کریں گے جو انہوں نے کیں۔ البتہ تم موسیٰؑ کے پاس جاؤ جو ایسے بندے تھے کہ اللہ نے ان کو تورات دی تھی اور ان سے خوب باتیں کی تھیں۔ اس پر وہ حضرت موسیٰؑ کے پاس آئیں گے اور وہ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں ہوں اور وہ ان سے اپنی غلطی کا ذکر کریں گے جو انہوں نے کی۔ البتہ عیسیٰؑ کے پاس جاؤ جو اللہ کے بندے اور رسول ہیں اور اس کا کلمہ اور اس کی روح ہیں۔ (یہ جواب سن کر) وہ حضرت عیسیٰؑ کے پاس آئیں گے اور وہ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں بلکہ حضرت محمد ﷺ کے پاس جاؤ جو ایسے بندے ہیں کہ ان کے وہ تمام قصور معاف کر دئیے گئے ہیں جو پہلے ہو چکے یا جو ابھی نہیں ہوئے۔ چنانچہ وہ میرے پاس آئیں گے اور میں چل پڑوں گا اور اپنے ربّ کے سامنے حاضر ہونے کی اجازت مانگوں گا اور مجھے اس کے حضور جانے کی اجازت دی جائے گی۔ جب میں اپنے ربّ کو دیکھوں گا تو میں سجدے میں گر پڑوں گا اور جب تک اللہ چاہے گا مجھے اسی حالت میں رہنے دے گا۔ پھر مجھ سے کہا جائے گا: محمد! سر اُٹھاؤ اور کہو، تمہاری سنی جائے گی اور مانگو تمہیں دیا جائے گا اور سفارش کرو تمہاری سفارش قبول کی جائے گی۔ تب میں اپنے ربّ کی وہ خوبیاں بیان کروں گا جو وہ مجھے سکھائے گا۔ پھر میں سفارش کروں گا تو میرے لئے ایک حد مقرر کر دی جائے گی اور میں ان کو جنت میں لے جاؤں گا۔ پھر میں واپس آؤں گا اور جب اپنے ربّ کو دیکھوں گا تو سجدے میں گر پڑوں گا اور جتنی دیر اللہ چاہے گا کہ میں رہوں مجھے رہنے دے گا۔ پھر اس کے بعد کہا جائے گا: محمد! اپنا سر اُٹھاؤ، کہو سنا جائے گا اور مانگو تمہیں دیا جائے گا اور سفارش کرو تمہاری سفارش قبول کی جائے گی۔ میں اپنے ربّ کی وہ خوبیاں بیان کروں گا جو وہ مجھے سکھائے گا۔ پھر میں اس کے بعد سفارش کروں گا اور وہ میرے لے ایک حد مقرر کر دے گا اور میں جنت میں ان کو لے جاؤں گا۔ پھر واپس آؤں گا اور جب اپنے ربّ کو دیکھوں گا تو سجدے میں گر پڑوں گا اور جتنی دیر اللہ چاہے گا کہ میں رہوں مجھے رہنے دے گا۔ پھر اس کے بعد کہا جائے گا۔ محمد! اپنا سر اٹھاؤ، کہو سنا جائے گا اور مانگو تمہیں دیا جائے گا اور سفارش کرو تمہاری سفارش قبول کی جائے گی۔ میں اپنے ربّ کی وہ خوبیاں بیان کروں گا جو وہ مجھے سکھائے گا۔ پھر میں اس کے بعد سفارش کروں گا اور وہ میرے لیے ایک حد مقرر کر دے گا اور میں جنت میں ان کو لے جاؤں گا۔ پھر واپس آؤں گا۔ اور کہوں گا: اے میرے ربّ! اب دوزخ میں سوائے ان لوگوں کے اور کوئی نہیں رہا جن کو قرآن نے روکے رکھا ہے اور ان پر ہمیشہ کے لئے رہنا ضروری ہو گیا ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: دوزخ سے وہ شخص بھی نکل آئے گا جس نے لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کا اقرار کیا اور اس کے دل میں جَو برابر بھلائی ہوئی، پھر اس کے بعد وہ شخص بھی دوزخ سے نکل آئے گا جس نے لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کا اقرار کیا اور اس کے دل میں اتنی بھی بھلائی ہو گی کہ گندم کے دانے کے وزن کے برابر ہو۔ پھر اس کے بعد آگ سے وہ شخص بھی نکل آئے گا جس نے لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کا اقرار کیا اور اس کے دل میں اتنی بھی بھلائی ہوئی جو ذرے کے وزن کے برابر ہو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah