کتاب 4: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {عَالِمُ الْغَيْبِ فَلاَ يُظْهِرُ عَلَى غَيْبِهِ أَحَدًا}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7379
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے ہمیں بتایا۔ عبداللہ بن دینار نے مجھ سے بیان کیا۔ عبداللہ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: غیب کی چابیاں پانچ ہیں جنہیں کوئی نہیں جانتا مگر اللہ ہی۔ کوئی نہیں جانتا کہ رحم کیا کچھ اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہیں مگر اللہ ہی اور کوئی نہیں جانتا کہ کل کو کیا ہوگا مگر اللہ ہی اور کوئی نہیں جانتا کہ بارش کب آئے گی مگر اللہ ہی اور کوئی نفس نہیں جانتا کہ کس زمین میں مرے گا مگر اللہ ہی اور کوئی نہیں جانتا کہ وہ گھڑی کب برپا ہوگی مگر اللہ ہی۔
صحیح بخاری 7380
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے شعبی سے، شعبی نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جو تم سے یہ کہے کہ محمد ﷺ نے اپنے ربّ کو دیکھا ہے تو اُس نے یقیناً جھوٹ بولا کیونکہ وہ فرماتا ہے: آنکھیں اس کو نہیں پا سکتیں اور جو تم سے یہ بیان کرے کہ آنحضرت ﷺ غیب جانتے تھے تو اس نے یقیناً جھوٹ بولا کیونکہ وہ فرماتا ہے: کوئی غیب نہیں جانتا مگر اللہ ہی۔