کتاب 8: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَهُوَ الَّذِي خَلَقَ السَّمَوَاتِ وَالأَرْضَ بِالْحَقِّ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7385
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے سلیمان سے، سلمان نے طاؤس سے، طاؤس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ رات کو یہ دعا کیا کرتے تھے: اے اللہ! سب خوبیاں تیری ہی ہیں، تو ان آسمانوں کا اور اس زمین کا ربّ ہے، سب خوبیاں تیری ہی ہیں، تو ان آسمانوں کا اور اس زمین کا قائم رکھنے والا ہے اور ان کا بھی جو ان میں ہیں۔ سب خوبیاں تیری ہیں، تو ان آسمانوں کا اور اس زمین کا نور ہے، تیری بات نہایت سچی اور تیرا وعدہ نہایت پکا اور تجھ سے ملنا بھی برحق ہے اور جنت بھی یقیناً ہے اور دوزخ بھی یقیناً ہے اور وہ گھڑی بھی یقیناً ہے۔ اے اللہ! میں اپنے تئیں تیرے سپرد کر چکا اور تجھ پر ایمان لایا اور تجھ پر ہی بھروسا کیا اور تیری طرف جھک گیا اور تیرے وسیلہ سے ہی دشمنوں کا مقابلہ کیا اور تیرے ہی پاس فیصلہ کے لئے جھگڑے کو لایا ہوں۔ میری کوتاہی پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے تو مجھے معاف کر، اس کو بھی جو قبل از وقت کر دی اور اس پر بھی جس میں میں نے تاخیر کر دی ہے، اور اس کو بھی جو میں نے پوشیدہ رکھا ہے اور اس کو بھی جس کا میں نے اظہار کیا، تو ہی میرا معبود ہے تیرے سوا میرا کوئی معبود نہیں۔ ثابت بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہم سے یہی بیان کیا اور یہ بھی کہا تو حق ہے اور تیری بات بھی حق ہے۔