کتاب 13: باب السُّؤَالِ بِأَسْمَاءِ اللَّهِ تَعَالَى، وَالاِسْتِعَاذَةِ بِهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7393
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ مالک نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم میں سے کوئی اپنے بچھونے پر آئے تو اپنے کپڑے کے کونے سے اس کو تین بار جھاڑ لے اور یہ دعا کرے: تیرے نام سے اے میرے ربّ میں نے اپنے پہلو کو رکھا ہے اور تیرے ہی طفیل میں اس کو اُٹھاؤں گا اگر تو نے میری جان روک رکھی تو اس پر پردہ پوشی فرما کر اس سے درگزر فرمانا اور اگر تو نے اسے چھوڑ دیا تو پھر تو اس کو (اس رحمت کے طفیل) محفوظ رکھنا جس (رحمت) کے ذریعہ سے تو اپنے نیک بندوں کی حفاظت کرتا ہے۔ عبدالعزیز کی طرح یحيٰ (قطان) اور بشر بن مفضل نے بھی اس حدیث کو بیان کیا ہے۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔ اور زہیر اور ابوضمرہ اور اسماعیل بن زکریا نے اپنی روایت میں کچھ بڑھایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے سعید سے، سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ اور ابن عجلان نے بھی اس کو سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔ (محمد بن عجلان کی طرح) محمد بن عبدالرحمٰن اور دراوردی اور اُسامہ بن حفص نے بھی اس کو بیان کیا۔
صحیح بخاری 7394
مسلم نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالملک سے، عبدالملک نے ربعی سے، ربعی نے حضرت حذیفہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب اپنے بستر پر آرام کرتے تو یہ دعا کرتے: اے اللہ تیرے نام سے میں جیتا ہوں اور مروں گا اور جب صبح کو اُٹھتے تو فرماتے: سب خوبیاں اس اللہ ہی کی ہیں جس نے ہمیں زندہ کیا بعد اس کے کہ اس نے ہمیں مارا اور اسی کی طرف اُٹھ کر جانا ہے۔
صحیح بخاری 7395
سعد بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ربعی بن حراش سے، حراش نے خرشہ بن حر سے، خرشہ نے حضرت ابوذرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ جب رات کو لیٹتے تو دعا کرتے: تیرے نام پر ہی ہم مرتے ہیں اور جیتے ہیں اور جب جاگتے تو فرماتے: سب حمد اس اللہ ہی کی ہے جس نے ہمیں زندہ کیا بعد اس کے کہ اس نے ہمیں مارا اور اسی کی طرف اٹھ کر جانا ہے۔
صحیح بخاری 7396
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے سالم سے، سالم نے کریب سے، کریب نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگر تم میں سے کوئی جب اپنی بیوی کے پاس آنا چاہے تو یہ کہے: اللہ کے نام سے، اے میرے اللہ! ہمیں شیطان سے بچانا اور شیطان کو اُس سے پرے رکھنا جو تو ہمیں عطا فرمائے۔ تو اگر دونوں کے تعلق سے کوئی بچہ مقدر ہوا تو شیطان اُس کو کبھی نقصان نہیں پہنچائے گا۔
صحیح بخاری 7397
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے ہمام سے، ہمام نے حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے پوچھا۔ میں نے کہا: میں اپنے سدھائے ہوئے کتوں کو چھوڑتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: جب تم اپنے سدھائے ہوئے کتوں کو چھوڑو اور اللہ کا نام لو پھر وہ تمہارے لئے کچھ پکڑ لیں تو کھاؤ اور جب تم بغیر پھل کے تیر کے کوئی شکار مارو اور وہ اس کو چیر کر پھاڑ دے تو وہ بھی کھاؤ۔
صحیح بخاری 7398
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابوخالد احمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے ہشام بن عروہ سے سنا۔ وہ اپنے باپ سے روایت کرتے تھے۔ ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ فرماتی تھیں: لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! کچھ ایسے لوگ ہیں جو شرک سے نئے نئے نکل کر آئے ہیں وہ ہمارے پاس گوشت لاتے ہیں ہم نہیں جانتے کہ وہ ان پر اللہ کا نام لیتے ہیں یا نہیں؟ آپؐ نے فرمایا: تم اللہ کا نام لو۔ (ابو خالد کی طرح) محمد بن عبدالرحمٰن اور عبد العزیز بن محمد (دراوردی) اور اُسامہ بن حفص نے اس کو روایت کیا۔
صحیح بخاری 7399
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے اللہ کا نام لے کر اور اللہ اکبر کہتے ہوئے دو مینڈھے ذبح کئے۔
صحیح بخاری 7400
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود بن قیس سے، اسود نے حضرت جندبؓ سے روایت کی۔ وہ نبی ﷺ کے ساتھ قربانی کے دن موجود تھے۔ آپؐ نے نماز پڑھی پھر لوگوں سے خطاب کیا اور فرمایا: جس نے نماز پڑھنے سے پہلے ذبح کر لیا ہو تو وہ اس ذبیحہ کے بدلہ اور ذبح کر لے اور جس نے ذبح نہ کیا ہو تو وہ اب اللہ کا نام لیکر ذبح کر لے۔
صحیح بخاری 7401
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ ورقاء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبد اللہ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اپنے باپ دادوں کی قسم نہ کھاؤ اور جس نے قسم کھانی ہو تو وہ اللہ کی قسم کھائے۔