کتاب 15: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {وَيُحَذِّرُكُمُ اللَّهُ نَفْسَهُ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7403
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش نے شقیق سے، شقیق نے حضرت عبداللہؓ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ سے بڑھ کر غیرت مند اور کوئی نہیں اسی لئے فحش باتوں کو اس نے حرام کیا اور اللہ سے بڑھ کر کسی کو تعریف پسند نہیں۔
صحیح بخاری 7404
عبدان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابو حمزہ سے، ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہؓ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب اللہ نے مخلوق پیدا کی تو اس نے اپنے نوشتہ میں اپنی ذات پر فرض کرتے ہوئے لکھا وہ نوشتہ عرش پر اس کے پاس رکھا ہوا ہے کہ میری رحمت میرے غضب پر غالب رہے گی۔
صحیح بخاری 7405
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے ابوصالح سے سنا۔ ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبیﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: میرا بندہ میرے متعلق جو گمان کرتا ہے اس کے مطابق میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں اور میں اس کے ساتھ ہی ہوتا ہوں جب وہ مجھے یاد کرتا ہے اگر وہ اپنے دل میں مجھے یاد کرے تو میں بھی اپنے دل میں اس کو یاد کرتا ہوں اور اگر وہ بھری مجلس میں مجھے یاد کرتا ہے تو میں بھی اس کو بھری مجلس میں یاد کرتا ہوں جو اس مجلس سے بہتر ہوتی ہے اور اگر وہ ایک بالشت میرے قریب ہوتا ہے تو میں ایک ہاتھ اس کے قریب ہوتا ہوں اور اگر وہ ایک ہاتھ میرے قریب ہوتا ہے تو میں ایک باع اس کے قریب ہوتا ہوں اور اگر وہ میرے پاس چل کر آئے تو میں اس کے پاس دوڑتا ہوا آتا ہوں۔