کتاب 22: بَابُ: {وَكَانَ عَرْشُهُ عَلَى الْمَاءِ}، {وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7418
عبدان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابو حمزہ سے روایت ہے۔ ابو حمزہ نے اعمش سے، اعمش نے جامع بن شداد سے، جامع نے صفوان بن محرز سے، صفوان نے حضرت عمران بن حصینؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نبی ﷺ کے پاس تھا جب آپؐ کے پاس بنو تمیم کے کچھ لوگ آئے۔ آپؐ نے فرمایا: اے بنو تمیم! خوشخبری کو قبول کر لو۔ انہوں نے کہا: آپؐ نے ہمیں خوشخبری دی ہے، ہمیں کچھ دیں بھی۔ پھر اہل یمن سے کچھ لوگ اندر آئے۔ آپؐ نے فرمایا: یمن والو تم خوشخبری کو قبول کر لو۔ جبکہ بنو تمیم نے اس کو قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا: ہم نے قبول کی۔ ہم آپؐ کے پاس اس لئے آئے ہیں تا دین کی سمجھ حاصل کریں اور تا آپؐ سے اس سلسلہ کون کی ابتدا کے متعلق دریافت کریں کہ پہلے کیا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ تھا اور اس سے پہلے کوئی شے نہ تھی اور اس کا عرش پانی پر تھا۔ پھر اس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا اور ذکر میں ہر شے لکھ دی۔ (حضرت عمرانؓ کہتے تھے کہ) پھر اس کے بعد ایک شخص میرے پاس آیا اور کہنے لگا: عمران اپنی اونٹنی کو سنبھالو کیونکہ وہ چلی گئی ہے۔ یہ سن کر میں چلا گیا۔ اس کو تلاش کرنے لگا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ اس کے اس طرف سراب لہریں مار رہا ہے اور اللہ کی قسم میری یہ آرزو رہی کاش وہ چلی جاتی اور میں نہ اُٹھتا۔
صحیح بخاری 7419
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمام سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے ہم سے بیان کیا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے نبیؐ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کا داہنا ہاتھ بھرا ہوا ہے رات دن کھلے ہاتھوں خرچ اس کے خزانے کو نہیں گھٹاتا۔ بھلا تم نے دیکھا کہ جب سے اس نے زمین و آسمان کو پیدا کیا ہے کتنا کچھ خرچ کیا ہے؟ اس نے بھی اس خزانہ کو کم نہیں کیا جو اس کے داہنے ہاتھ میں ہے اور اس کا عرش پانی پر ہے اور اس کے دوسرے ہاتھ میں بھی فیض ہے یا (کہا:) قبض ہے۔ وہ اُٹھاتا ہے اور نیچے کرتا ہے۔
صحیح بخاری 7420
احمد نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن ابوبکر مقدمی نے ہمیں بتایا۔ حماد بن زید نے ہم سے بیان کیا۔ حماد نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت زید بن حارثہؓ آئے شکوہ کرنے لگے اور نبی ﷺ فرمانے لگے: اللہ سے ڈرو اور اپنی بیوی کو اپنے پاس رہنے دو۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: اگر رسول اللہ ﷺ کسی بات کو چھپانے والے ہوتے تو اس آیت کو چھپاتے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے کہ حضرت زینبؓ نبی ﷺ کی ازواج پر فخر کیا کرتی تھیں۔ کہتی تھیں: تمہارے گھر والوں نے تمہارا نکاح کیا۔ اور اللہ تعالیٰ نے سات آسمانوں کے اوپر میرا نکاح کیا۔ اور ثابت سے مروی ہے کہ یہ آیت وَ تُخْفِيْ فِيْ نَفْسِكَ مَا اللّٰهُ مُبْدِيْهِ وَ تَخْشَى النَّاسَ حضرت زینبؓ اور حضرت زید بن حارثہؓ کے متعلق اُتری تھی۔
صحیح بخاری 7421
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ بن طہمان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حجاب کی آیت حضرت زینب بنت جحشؓ کے متعلق نازل ہوئی تھی اور آپؐ نے اس دن ان کے ولیمہ میں روٹی اور گوشت کھلایا اور وہ نبی کریم ﷺ کی ازواج پر فخر کرتی تھیں۔ کہتی تھیں کہ اللہ نے آسمان پر میرا نکاح کیا۔
صحیح بخاری 7422
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبیؐ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ جب مخلوقات پیدا کر چکا تو اس نے اپنے عرش کے اوپر اپنے پاس یہ لکھا کہ میرا رحم میرے غضب پر سبقت رکھتا ہے۔
صحیح بخاری 7423
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن فلیح نے مجھے بتایا، کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا کہ ہلال نے مجھے بتایا۔ ہلال نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جو اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لایا اور نماز کو سنوار کر ادا کیا اور رمضان کے روزے رکھے اللہ پر لازم ہوگیا کہ اس کو جنت میں داخل کرے خواہ وہ اللہ کی راہ میں ہجرت کرے یا اپنے اس ملک میں بیٹھا رہے جہاں وہ پیدا ہوا۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ہم لوگوں کو یہ نہ بتائیں؟ آپؐ نے فرمایا: جنت میں سو درجے ہیں جو اللہ نے اس کی راہ میں جہاد کرنے والوں کے لئے تیار کر رکھے ہیں۔ ہر دو درجوں کے درمیان اتنا ہی فاصلہ ہے جتنا آسمان زمین کے درمیان۔ اس لئے جب تم اللہ سے مانگو تو اس سے فردوس مانگو کیونکہ وہ سب سے بہترین جنت ہے اور بلند ترین جنت ہے اور اس کے اوپر رحمان کا عرش ہے۔ اس سے جنت کی نہریں پھوٹ کر بہتی ہیں۔
صحیح بخاری 7424
یحيٰ بن جعفر نے ہم سے بیان کیا کہ ابومعاویہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم تیمی سے، ابراہیم نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوذرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں مسجد میں گیا اور رسول اللہ ﷺ بیٹھے ہوئے تھے۔ جب سورج غروب ہوا تو آپؐ نے فرمایا: ابوذرؓ ! کیا تم جانتے ہو کہ یہ کہاں جاتا ہے؟ حضرت ابوذرؓ کہتے تھے: میں نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: یہ جا کر سجدہ کرنے کی اجازت مانگتا ہے اور اسے اجازت دی جاتی ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اسے یہ کہا گیا ہے وہیں لوٹ جاؤ جہاں سے تم آئے ہو تو وہ وہاں سے نکلے گا جہاں وہ ڈوبتا ہے۔ پھر آپؐ نے (یہ آیت) پڑھی: ذَلِكَ مُسْتَقَرٌّ لَهَا جیسا کہ حضرت عبداللہؓ کی قراءت ہے۔
صحیح بخاری 7425
موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابراہیم سے روایت کی کہ ابن شہاب نے ہم سے بیان کیا۔ ابن شہاب نے عبیداللہ بن سباق سے روایت کی کہ حضرت زید بن ثابتؓ (نے کہا)۔ اور لیث نے کہا کہ عبدالرحمٰن بن خالد نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابن سباق سے روایت کی کہ حضرت زید بن ثابتؓ نے ان سے بیان کیا، کہا کہ حضرت ابوبکرؓ نے مجھے بلا بھیجا تو میں نے قرآن کو جا بجا تلاش کرنا شروع کیا۔ یہاں تک کہ میں نے سورة توبہ کی آخری آیت حضرت ابوخزیمہ انصاریؓ کے پاس پائی۔ ان کے سوا کسی اور کے پاس اسے نہیں پایا۔ یعنی یہ آیت لَقَدْ جَآءَكُمْ رَسُوْلٌ مِّنْ اَنْفُسِكُمْ۔ سورة برأة کے آخر تک۔ یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے روایت کی اور انہوں نے بھی یہی کہا کہ حضرت ابوخزیمہ انصاریؓ کے پاس۔
صحیح بخاری 7426
معلی بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید سے، سعید نے قتادہ سے، قتادہ نے ابوالعالیہ سے، ابوالعالیہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ گھبراہٹ کے وقت یہ فرمایا کرتے تھے: اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو کامل علم والا، بہت ہی بردبار ہے۔ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو بہت ہی بڑی بادشاہی کا ربّ ہے، اس اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو ان آسمانوں کا ربّ ہے اور اس زمین کا ربّ ہے اور عزت والی بادشاہی کا ربّ ہے۔
صحیح بخاری 7427
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن یحيٰ سے، عمرو نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے، حضرت ابو سعید خدریؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ نبی ﷺ نے فرمایا: قیامت کے روز لوگ بے ہوش ہو جائیں گے۔ اچانک موسیٰؑ کو دیکھوں گا کہ عرش کے پایوں میں سے ایک پایہ پکڑے ہوئے ہیں۔
صحیح بخاری 7428
اور ماجشون نے عبداللہ بن فضل سے، عبداللہ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میں پہلا ہوں گا جسے اُٹھایا جائے گا۔ میں کیا دیکھوں گا کہ موسیٰؑ عرش کو پکڑے ہوئے ہیں۔