کتاب 23: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {تَعْرُجُ الْمَلاَئِكَةُ وَالرُّوحُ إِلَيْهِ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7429
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہارے درمیان کچھ فرشتے رات کو اور کچھ فرشتے دن کو یکے بعد دیگرے باری باری آتے رہتے ہیں اور عصر کی نماز اور فجر کی نماز میں اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ پھر وہ فرشتے جو تم میں رات کو رہ چکے ہوتے ہیں وہ اوپر جاتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان سے پوچھتا ہے اور وہ تمہارے متعلق بہتر جانتا ہوتا ہے فرماتا ہے: تم میرے بندوں کو کس کیفیت میں چھوڑ کر آئے؟ تو وہ کہتے ہیں: ہم نے ان کو ایسی حالت میں چھوڑا ہے کہ وہ نماز پڑھ رہے ہیں اور ہم ان کے پاس ایسی حالت میں گئے تھے کہ وہ نماز پڑھ رہے تھے۔
صحیح بخاری 7430
اور خالد بن مخلد نے کہا: سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن دینار نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس نے پاکیزہ کمائی سے ایک کھجور کے برابر بھی صدقہ کیا اور پاکیزہ چیز ہی اللہ کی طرف اوپر جاتی ہے۔ تو اللہ اپنے داہنے ہاتھ سے اس کو قبول کرتا ہے۔ پھر اس صدقے کو کرنے والے کے لئے اس طرح پرورش کرتا ہے جیسے تم میں سے کوئی اپنے بچھڑے کی پرورش کرتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ پہاڑ کے برابر ہوجاتا ہے۔ اور اس حدیث کو ورقاء نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ نے سعید بن یسار سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کیا۔ اس میں یوں ہے: پاکیزہ چیز ہی اللہ کے حضور چڑھتی ہے۔
صحیح بخاری 7431
عبدالاعلیٰ بن حماد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زریع نے ہمیں بتایا۔ سعید نے ہم سے بیان کیا۔ سعید نے قتادہ سے، قتادہ نے ابوالعالیہ سے، ابوالعالیہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ان کلمات سے گھبراہٹ کے وقت دعا کیا کرتے تھے: اس اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو بہت بڑا اور بہت ہی بردبار ہے۔ اس اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو بہت ہی بڑی بادشاہی کا ربّ ہے، اس اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں جو آسمانوں کا ربّ اور عزت والی بادشاہی کا ربّ ہے۔
صحیح بخاری 7432
قبیصہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابن ابی نعم یا ابو نعم سے روایت کی۔ قبیصہ نے یہ شک کیا۔ انہوں نے حضرت ابو سعیدؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کو ایک سونے کا ٹکڑا بھیجا گیا تو آپؐ نے چار شخصوں کے درمیان اس کو تقسیم کیا۔ اور اسحاق بن نصر نے مجھ سے بیان کیا کہ عبد الرزاق نے ہمیں بتایا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں خبر دی۔ سفیان نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابن ابی نعم سے، ابن ابی نعم نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت علیؓ نے جبکہ وہ یمن میں تھے نبی ﷺ کو ایک سونے کا ٹکڑا بمع اس کی مٹی کے بھیجا تو آپؐ نے اقرع بن حابس حنظلی جو بنو مجاشع میں سے ایک آدمی تھا اور عیینہ بن بدر فزاری اور علقمہ بن علاثہ عامری جو بنو کلاب میں سے ایک شخص تھا اور زید خیل طائی جو بنی نبہان میں سے ایک شخص تھا، کے درمیان اس ٹکڑے کو بانٹ دیا جس سے قریش اور انصار ناراض ہو گئے اور کہنے لگے: اہل نجد کے رئیسوں کو دیتے ہیں اور ہمیں چھوڑ دیتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تو ان کی تالیف قلب چاہتا ہوں۔ اتنے میں ایک شخص جس کی آنکھیں اندر گھسی ہوئیں، پیشانی اُبھری ہوئی، داڑھی بہت گھنی، رخسار باہر نکلے ہوئے اور سر منڈا ہوا تھا، آیا اور کہنے لگا: محمد! اللہ سے ڈرو۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر میں نے اس کی نافرمانی کی تو پھر اور کون اس کی فرمانبرداری کرے گا۔ وہ تو زمین والوں کے معاملات کے متعلق مجھ پر اعتبار کرتا ہے اور تم مجھ پر اعتبار نہیں کرتے۔ لوگوں میں سے ایک شخص نے اس کو مار ڈالنے کی اجازت مانگی۔ میں سمجھتا ہوں خالد بن ولیدؓ تھے۔ نبی ﷺ نے اُنہیں (ایسا کرنے سے) منع فرمایا جب وہ پیٹھ پھیر کر چلا گیا، نبی ﷺ نے فرمایا: اس شخص کی نسل سے کچھ لوگ ہوں گے جو قرآن پڑھیں گے ان کے حلقوں سے نیچے نہیں اُترے گا۔ اسلام سے ایسے نکل جائیں گے جیسے تیر شکار کے پار نکل جاتا ہے۔ اہل اسلام سے لڑیں گے اور بت پرستوں کو چھوڑ دیں گے۔ اگر میں ان کا زمانہ پاؤں تو میں ضرور انہیں عاد کی طرح نیست و نابود کر دوں۔
صحیح بخاری 7433
عیاش بن ولید نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم تیمی سے، ابراہیم نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوذرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے اللہ تعالیٰ کے اس قول وَ الشَّمْسُ تَجْرِيْ لِمُسْتَقَرٍّ لَّهَا کے متعلق پوچھا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کا جائے قرار عرش کے نیچے ہے۔