کتاب 24: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وُجُوهٌ يَوْمَئِذٍ نَاضِرَةٌ إِلَى رَبِّهَا نَاظِرَةٌ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7434
عمرو بن عون نے ہم سے بیان کیا کہ خالد اور ہشیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل سے، اسماعیل نے قیس سے، قیس نے حضرت جریرؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے اتنے میں آپؐ نے چودھویں رات کے چاند کو دیکھا آپؐ نے فرمایا: تم بھی ضرور اپنے ربّ کو اس طرح دیکھو گے جیسے اس چاند کو دیکھ رہے ہو۔ اس کے دیکھنے میں تمہیں کوئی کشمکش نہیں کرنی پڑتی۔ پس اگر تم سے ہوسکے کہ سورج نکلنے سے پہلے کی نماز اور سورج غروب ہونے سے پہلے کی نماز میں تم سستی نہ کرو تو تم سستی نہ کرو۔
صحیح بخاری 7435
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عاصم بن یوسف یربوعی نے ہمیں بتایا۔ ابو شہاب نے ہم سے بیان کیا۔ ابو شہاب نے اسماعیل بن ابی خالد سے، اسماعیل نے قیس بن ابی حازم سے، قیس نے حضرت جریر بن عبداللہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: تم ضرور اپنے ربّ کو کھلم کھلا اپنی آنکھوں سے دیکھو گے۔
صحیح بخاری 7436
عبدہ بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ حسین جعفی نے ہمیں بتایا۔ حسین نے زائدہ سے بیان کیا کہ بیان بن بشر نے ہمیں بتایا۔ بیان نے قیس بن ابی حازم سے روایت کی کہ جریر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ چودھویں رات ہمارے پاس باہر آئے اور آپؐ نے فرمایا: تم بھی اپنے ربّ کو قیامت کے دن ضرور اسی طرح دیکھو گے جیسے تم اس کو دیکھ رہے ہو۔ تمہیں اس کے دیکھنے میں کشمکش نہیں کرنی پڑتی۔
صحیح بخاری 7437
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عطاء بن یزید لیثی سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا اپنے ربّ کو ہم قیامت کے دن دیکھیں گے؟ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا چودھویں رات کے چاند کو دیکھنے میں تمہیں کوئی تکلیف اٹھانی پڑتی ہے؟ انہوں نے کہا: نہیں یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: کیا سورج کے دیکھنے میں تمہیں کوئی تکلیف اٹھانی پڑتی ہے جس کے سامنے بادل نہ ہو؟ انہوں نے کہا: نہیں یا رسول اللہ۔ آپؐ نے فرمایا: پھر تم اسی طرح اس کو دیکھو گے۔ قیامت کے روز اللہ لوگوں کو جمع کرے گا اور فرمائے گا: جو جس چیز کو پوجتا تھا وہ اُس کے پیچھے ہولے۔ اس پر جو سورج کی پوجا کرتا تھا وہ سورج کے پیچھے ہوجائے گا اور جو چاند کی پوجا کرتا تھا وہ چاند کے پیچھے ہوجائے گا اور جو طاغوتوں کی پوجا کرتا تھا وہ طاغوتوں کے پیچھے ہوجائے گا اور یہ امت رہ جائے گی۔ اس میں اس کے سفارشی بھی ہوں گے یا فرمایا: اس میں اس کے منافق بھی ہوں گے۔ ابراہیم نے یہ شک کیا تو اللہ ان کے پاس آئے گا اور کہے گا: میں تمہارا ربّ ہوں تو وہ کہیں گے: ہم یہیں ٹھہرتے ہیں اس وقت تک کہ ہمارا ربّ آجائے۔ جب ہمارا ربّ آئے گا تو ہم اس کو پہچان لیں گے۔ تو پھر اللہ ان کے پاس اس صورت میں آئے گا جس کو وہ پہچانتے ہیں۔ وہ کہے گا: میں تمہارا ربّ ہوں۔ وہ کہیں گے: تو ہمارا ربّ ہے اور اس کے پیچھے ہوں لیں گے اور جہنم کے درمیان پل رکھا جائے گا تو میں اور میری اُمت پہلے ہوں گے جو اس سے پار ہوں گے اور اس دن کوئی بات تک نہیں کرے گا مگر رسول ہی اور رسولوں کی پکار بھی اس دن یہی ہوگی: یا اللہ بچانا، بچانا اور جہنم میں اونٹ کٹارے کے کانٹوں کی طرح لوہے کے کانٹے ہوں گے۔ کیا تم نے اونٹ کٹارے کو دیکھا ہے؟ لوگوں نے کہا: ہاں یا رسول اللہ! تو آپؐ نے فرمایا: تو وہ کانٹے بھی اونٹ کٹارے کے کانٹوں کی طرح ہی ہوں گے۔ سوائے اللہ کے کوئی نہیں جانتا کہ وہ کتنے بڑے ہوں گے مگر اللہ ہی۔ لوگوں کو ان کے اعمال کے مطابق اُچکتے جائیں گے۔ پھر ان میں سے کوئی اپنے عمل کی وجہ سے ہلاک ہوگا اور ان میں سے کوئی ٹکڑے ٹکڑے کیا جائے گا یا وہ ہوگا جس کو پار کر دیا جائے گا یا کچھ ایسا ہی لفظ فرمایا۔ پھر وہ مصیبت کا وقت دور ہو جائے گا یہاں تک کہ جب اللہ بندوں کے درمیان فیصلہ کرنے سے فارغ ہوجائے گا اور اپنی رحمت سے جن کو دوزخیوں میں سے نکالنا چاہے گا تو فرشتوں کو حکم کرے گا کہ دوزخ سے ان کو نکالیں جو اللہ کا کسی کو شریک نہیں ٹھہراتے تھے۔ یعنی جو لوگ لاالٰہ الا اللہ کا اقرار کرتے ہیں۔ ان میں سے یہ وہ لوگ ہیں جن پر اللہ رحم کرنا چاہے گا تو وہ فرشتے ان کو دوزخ میں سجدے کے نشان سے پہچان لیں گے۔ آگ ابن آدم کو کھالے گی سوائے سجدے کے نشان کے کہ اللہ نے آگ پر حرام کر دیا ہے کہ وہ سجدے کے نشان کو کھائے۔ تو وہ آگ سے ایسی حالت میں نکلیں گے کہ جل کر کوئلہ کی طرح سیاہ ہوں گے۔ پھر ان پر آب حیات ڈالا جائے گا تو وہ اس پانی سے اس طرح اگیں گے جیسے سیلاب کے دیوان میں دانہ اگتا ہے۔ پھر اس کے بعد اللہ اپنے بندوں کے درمیان فیصلہ کرنے سے فارغ ہوگا اور ایک شخص رہے گا جو آگ کی طرف اپنا منہ کئے ہوگا۔ وہ دوزخیوں میں سے آخری شخص ہوگا جو جنت میں جائے گا وہ کہے گا: اے میرے ربّ! میرے منہ کو آگ سے پھیر دے کیونکہ اس کی بدبو نے مجھے تنگ کر دیا ہے اور اس کی گرمی کی تیزی نے مجھے جلا دیا ہے اور وہ اللہ سے وہ کچھ منت سماجت کرے گا جو وہ چاہے گا کہ اس سے مانگا جائے۔ پھر اللہ کہے گا: ممکن ہے کہ اگر تمہاری یہ درخواست قبول کرلی جائے تو تم مجھ سے اس کے سوا کچھ اور مانگو۔ تو وہ کہے گا: ہرگز نہیں تیری عزت کی ہی قسم میں تجھ سے اس کے سوا اور کچھ نہیں مانگوں گا اور وہ اپنے ربّ سے وہ وہ عہدو پیمان کرے گا جو وہ چاہے گا۔ تب اللہ اس کے منہ کو آگ سے پھیر دے گا۔ جب وہ جنت کی طرف منہ کرے گا اور اس کو دیکھے گا تو جب تک اللہ چاہے گا کہ وہ خاموش رہے وہ خاموش رہے گا۔ پھر کہے گا: اے میرے ربّ! مجھے جنت کے دروازے کے پاس ذرا آگے کر دے۔ تو اللہ کہے گا: کیا تم نے عہد و پیمان نہیں کئے تھے کہ تم مجھ سے اس کے سوا کبھی نہیں مانگو گے جو تمہیں دیا گیا ہے؟ ابن آدم تجھ پر افسوس! کیا ہی دغا باز ہے تو۔ تو وہ کہے گا: اے میرے ربّ! اور وہ اللہ سے دعائیں کرے گا۔ یہاں تک کہ وہ فرمائے گا: ممکن ہے کہ اگر تمہاری یہ بات مان لی جائے تو تم اس کے سوا اور کچھ مانگو؟ وہ کہے گا: ہرگز نہیں۔ تیری عزت کی قسم میں اس کے سوا تجھ سے اور کچھ نہیں مانگوں گا اور جو چاہے گا وہ وہ عہدو پیمان دے گا۔ اس پر اللہ تعالیٰ اس کو جنت کے دروازے کے قریب آگے کردے گا۔ جب وہ جنت کے دروازے کے پاس کھڑا ہوگا تو جنت اس کے سامنے اپنی پوری فراخی کے ساتھ عیاں ہوگی اور وہ اس میں وہ آرام اور خوشی دیکھے گا جو اس میں ہے جب تک اللہ چاہے گا کہ وہ خاموش رہے وہ خاموش رہے گا۔ پھر کہے گا: اے اللہ! مجھے جنت میں داخل فرما۔ تو اللہ فرمائے گا: کیا تم اپنے عہد و پیمان نہیں دے چکے کہ تم اس کے سوا جو تمہیں دیا گیا ہے اور کچھ نہیں مانگو گے؟ اور وہ فرمائے گا: ابن آدم تم پر افسوس کتنے ہی دغا باز ہو تم۔ تو وہ کہے گا: اے میرے ربّ! تیری مخلوق سے سب سے بد نصیب میں نہیں ہوں گا اور وہ برابر دعائیں کرتا رہے گا یہاں تک کہ اللہ اس کی اس حالت سے ہنسے گا اور ہنستے ہی اسے فرمائے گا: جنت میں داخل ہو جا۔ جب وہ اس میں داخل ہوگا تو اللہ تعالیٰ اس سے فرمائے گا: مانگ جو دل چاہتا ہے تو وہ اپنے ربّ سے مانگے گا اور اپنی دلی خواہش کا اظہار کرے گا یہاں تک کہ اللہ اس کو یاد دلاتا جائے گا۔ فرمائے گا: یہ بھی مانگ یہ بھی مانگ۔ یہاں تک کہ اس کی تمام آرزوئیں ختم ہوجائیں گی۔ اللہ فرمائے گا: تمہیں یہ سب کچھ دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ اتنا ہی اور بھی۔
صحیح بخاری 7438
عطاء بن یزید کہتے تھے: اور حضرت ابوسعید خدریؓ حضرت ابوہریرہؓ کے پاس بیٹھے ہوئے تھے۔ ان کی اس بات میں ان پر کوئی اعتراض نہیں کرتے تھے یہاں تک کہ جب حضرت ابوہریرہؓ نے یہ بیان کیا کہ اللہ تبارک تعالیٰ فرمائے گا: یہ سب کچھ تجھے دیا گیا اور اس کے ساتھ اتنا اور بھی تو حضرت ابوسعید خدریؓ نے کہا: ابوہریرہؓ! (یہ بھی فرمایا تھا:) اس کے ساتھ دس گنا اور بھی تو حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: میں نے تو آپؐ کی یہی بات یاد رکھی ہے: یہ سب کچھ تجھے دیا گیا اور اس کے ساتھ اتنا ہی اور۔ حضرت ابوسعید خدریؓ نے کہا: میں یہ شہادت دیتا ہوں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے آپؐ کا یہ قول یاد رکھا ہے: یہ سب کچھ تجھے دیا گیا اور اس سے دس گنا اور بھی۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: غرض یہ وہ شخص ہوگا جو جنتیوں میں سے سب سے آخر جنت میں داخل ہوگا۔
صحیح بخاری 7439
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد بن یزید سے، خالد نے سعید بن ابی ہلال سے، سعید نے زید سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: ہم نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ہم قیامت کے روز اپنے ربّ کو دیکھیں گے؟ آپؐ نے فرمایا: بھلا سورج اور چاند کے دیکھنے میں تمہیں تکلیف اٹھانی پڑتی ہے جبکہ مطلع صاف ہو؟ ہم نے کہا: نہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر تمہیں اپنے ربّ کے دیکھنے میں بھی اس دن صرف اتنی ہی تکلیف اٹھانی پڑے گی جتنی کہ سورج چاند کے دیکھنے میں تکلیف اٹھانی پڑتی ہے۔ پھر آپؐ نے فرمایا: پھر ایک منادی پکارے گا: ہر قوم اس کی طرف چلی جائے جس کی وہ پوجا کرتی تھی۔ یہ سن کر صلیب کی پوجا کرنے والے اپنی صلیب کے ساتھ اور بت پرست اپنے بتوں کے ساتھ اور ہر ایک معبود والے اپنے اپنے معبودوں کے ساتھ ہو جائیں گے یہاں تک کہ وہ لوگ رہ جائیں گے جو اللہ کی عبادت کرتے تھے خواہ نیک ہوں یا بدکار اور اہل کتاب میں سے کچھ بچے ہوئے۔ پھر جہنم کو سامنے لایا جائے گا۔ ایسے معلوم ہوگا جیسے سراب ہو۔ یہود سے پوچھا جائے گا: تم کس کو پوجا کرتے تھے؟ وہ کہیں گے: ہم اللہ کے بیٹے عزیر کو پوجا کرتے تھے۔ تو ان سے کہا جائے گا: تم جھوٹے ہو۔ اللہ کی نہ جورو ہے اور نہ کوئی اولاد۔ اب تم کیا چاہتے ہو؟ وہ کہیں گے: ہم چاہتے ہیں کہ تو ہمیں پانی پلائے۔ تو کہا جائے گا: پیو اور وہ جہنم میں جا گریں گے۔ پھر عیسائیوں سے پوچھا جائے گا: تم کس کو پوجتے تھے؟ تو وہ کہیں گے: ہم اللہ کے بیٹے مسیح کو پوجا کرتے تھے۔ تو کہا جائے گا: تم جھوٹے ہو۔ اللہ کی نہ کوئی جورو ہے نہ کوئی اولاد۔ تم اب کیا چاہتے ہو؟ وہ کہیں گے: ہم چاہتے ہیں کہ تُو ہمیں پانی پلائے، تو کہا جائے گا: پیو اور وہ بھی گرنے لگیں گے۔ آخر وہ لوگ رہ جائیں گے جو اللہ کو پوجتے تھے خواہ نیک ہوں یا بدکار۔ ان سے کہا جائے گا: تمہیں کس بات نے روکے رکھا ہے حالانکہ سب لوگ چلے گئے ہیں؟ وہ کہیں گے: ہم ان سے اس وقت الگ رہے جبکہ ہم آج سے زیادہ ان کے محتاج تھے اور ہم نے ایک منادی کو سنا ہے جو پکار رہا تھا: ہر قوم اسی سے جا ملے جس کو وہ پوجا کرتے تھے اور ہم تو اپنے ربّ کا ہی انتظار کر رہے ہیں۔ فرمایا: تو جبار ان کے پاس ایسی شکل میں آئے گا کہ وہ شکل نہ ہوگی کہ جس میں انہوں نے اس کو پہلی بار دیکھا تھا اور وہ کہے گا: میں تمہارا ربّ ہوں۔ وہ کہیں گے: تو ہمارا ربّ ہے؟ اس سے کوئی بات تک نہیں کرے گا مگر نبی ہی۔ پھر فرمائے گا: کیا تمہارے اور تمہارے ربّ کے درمیان کوئی نشانی ہے جس سے تم اس کو پہچانتے ہو؟ تو وہ کہیں گے: پنڈلی سے ہم پہچان لیں گے۔ تو وہ کپڑا اٹھا کر اپنی پنڈلی کو کھول دے گا۔ جس کو دیکھ کر ہر مؤمن اس کو سجدہ کرے گا اور وہ لوگ رہ جائیں گے جو اللہ کو دکھلاوے اور شہرت کے لئے سجدہ کیا کرتے تھے۔ وہ سجدہ کرنے لگیں گے مگر ان کی پیٹھ ایک تختہ ہو جائے گی۔ پھر پُل لایا جائے گا اور وہ جہنم کے درمیان رکھ دیا جائے گا۔ ہم نے کہا: یا رسول اللہ! وہ پُل کیا ہوگا۔ فرمایا: ایک پھسلنے اور گِرنے کا مقام ہے۔ اس پر آنکڑے اور چوڑے چوڑے کانٹے ہوں گے، خمدار کانٹے ہوں گے جیسے نجد میں ہوتے ہیں۔ جن کو سعدان کہتے ہیں۔ مؤمن اس پل پر سے آنکھ جھپکنے کی طرح اور بجلی کی چمک کی طرح اور تیز ہوا کی طرح اور تیز گھوڑے اور سانڈنیوں کی طرح گزریں گے۔ کوئی تو صحیح سلامت بچ کر نکل جائے گا اور کوئی چھل چھلا کر بچ نکلے گا اور کسی کو جہنم کی آگ میں دھکیل دیا جائے گا۔ یہاں تک کہ ان میں سے آخری شخص جو گزرے گا تو اس کو کھینچ کھینچ کر پار کروائیں گے۔ مؤمن جو اس دن جبار کو قسمیں دے کر اپنے حق کا مطالبہ کرے گا۔ آج تم اپنے حق کے لئے مجھے اتنی قسمیں نہیں دیتے جو حق تمہارے لئے ثابت ہو چکا ہو اور جب وہ دیکھیں گے کہ وہ نجات پا چکے ہیں تو وہ اپنے بھائیوں کے متعلق اپنے ربّ سے کہیں گے: اے ہمارے ربّ! یہ ہمارے بھائی ہیں جو ہمارے ساتھ نمازیں پڑھتے تھے اور ہمارے ساتھ روزے رکھتے تھے اور ہمارے ساتھ دوسرے عمل بجا لاتے تھے۔ تو اللہ کہے گا: جاؤ جس کے دل میں بھی تم دینار کے برابر ایمان پاؤ اس کو نکالو اور اللہ آگ پر ان کے مونہوں کو حرام کر دے گا۔ تو وہ ان کے پاس آئیں گے اور حالت یہی ہوگی کہ ان میں سے کوئی آگ میں اپنے پاؤں تک ڈوبا ہوا ہوگا اور کوئی اپنی آدھی پنڈلیوں تک۔ تو جن کو وہ پہچانیں گے ان کو وہ نکال لیں گے۔ پھر وہ لوٹیں گے تو اللہ فرمائے گا: جاؤ جس کے دل میں بھی آدھے دینار کے برابر ایمان تم پاؤ اس کو بھی نکال لو۔ تو جن کو وہ پہچانیں گے ان کو نکال لیں گے۔ پھر وہ لوٹیں گے اور اللہ فرمائے گا: جاؤ جس کے دل میں ذرہ ایمان تم پاؤ اس کو بھی نکال لو۔ جن کو وہ پہچانیں گے ان کو وہ نکال لیں گے۔ حضرت ابوسعیدؓ نے کہا: اگر تم مجھے سچا نہ سمجھو تو یہ آیت پڑھ لو: اِنَّ اللّٰهَ لَا يَظْلِمُ مِثْقَالَ ذَرَّةٍ١ۚ وَ اِنْ تَكُ حَسَنَةً يُّضٰعِفْهَا۔ غرض نبی اور فرشتے اور مؤمن سفارش کریں گے اور جبار کہے گا: میری سفارش باقی رہ گئی ہے تو آگ سے ایک مٹھی بھرے گا اور بہت سے لوگوں کو نکال دے گا جو جل کر کوئلے کی طرح ہو گئے ہوں گے۔ وہ ایک ندی میں ڈال دئیے جائیں گے جو جنت کے دہانے پر ہوگی اسے آب حیات کہیں گے۔ وہ اس ندی کے دونوں طرف اس طرح اگیں گے جیسے سیلاب کے دیوان میں دانہ اگتا ہے۔ تم نے اس دانے کو دیکھا ہوگا کہ پتھر کے پہلو میں بھی اگتا ہے، کبھی درخت کے پہلو میں اگتا ہے۔ جو تو اُن میں سے سورج کی طرف ہوتا ہے وہ سبز ہوتا ہے اور جو سائے کی طرف ہوتا ہے وہ سفید ہوتا ہے۔ غرض وہ اس نہر میں سے نکلیں گے ایسے ہوں گے جیسے کہ موتی اور ان کی گردنوں پر مہریں کر دی جائیں گی اور وہ جنت میں داخل ہوں گے تو جنتی کہیں گے: یہ رحمان کے آزاد کردہ لوگ ہیں اس نے ان کو جنت میں بغیر کسی عمل کے کہ جو اُنہوں نے کیا ہو یا بھلائی کے جو انہوں نے پیش کی ہو ان کو جنت میں داخل کر دیا ہے۔ پھر ان سے کہا جائے گا: تمہارے لئے یہ سب کچھ ہے جو تم نے دیکھ لیا ہے اور اس کے ساتھ اتنا ہی اور۔
صحیح بخاری 7440
اور حجاج بن منہال نے کہا کہ ہمام بن یحیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: قیامت کے روز مؤمنوں کو روک دیا جائے گا یہاں تک کہ وہ اس سے متفکر ہوں گے اور کہیں گے: کاش اگر ہم اپنے ربّ کے پاس کوئی سفارش کرائیں تاکہ وہ ہمیں ہماری جگہ سے چھٹکارا دے تو وہ حضرت آدمؓ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے: آپؑ آدم ہیں جو تمام انسانوں کے باپ ہیں، اللہ نے اپنے ہاتھ سے آپؑ کو پیدا کیا اور آپؑ کو جنت میں بسایا اور فرشتوں سے آپ کو سجدہ کرایا اور ہر چیز کے آپؑ کو نام سکھائے۔ اس لئے آپؑ اپنے ربّ کے پاس ہماری سفارش کریں تاکہ وہ ہمیں اس جگہ سے چھٹکارا دے۔ فرمایا: آدمؑ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں۔ فرمایا: اور وہ اپنی اس غلطی کو یاد کریں گے جو انہوں نے کی یعنی درخت سے کھا لیا تھا حالانکہ ان کو اس سے منع کیا گیا تھا۔ (وہ کہیں گے:) البتہ تم حضرت نوحؑ کے پاس آؤ جو کہ پہلے نبی تھے جن کو اللہ تعالیٰ نے زمین والوں کی طرف بھیجا۔ اس پر وہ حضرت نوحؑ کے پاس آئیں گے تو وہ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں اور وہ اپنی اس غلطی کو یاد کریں گے جو انہوں نے کی یعنی بغیر علم کے اپنے ربّ سے جو انہوں نے سوال کیا تھا البتہ حضرت ابراہیمؑ کے پاس آؤ جو رحمان کے خلیل تھے۔ فرمایا: اس پر وہ لوگ حضرت ابراہیمؑ کے پاس آئیں گے تو وہ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں اور وہ تین باتوں کو یاد کریں گے جو انہوں نے خلافِ واقعہ کہی تھیں۔ البتہ حضرت موسیٰؑ کے پاس آؤ جو ایسے بندے تھے کہ جن کو اللہ نے تورات دی تھی اور ان سے باتیں کی تھیں اور ان کو اپنے قریب کرکے ان سے راز و نیاز کی باتیں کی تھیں۔ فرمایا: وہ حضرت موسیٰؑ کے پاس آئیں گے تو وہ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں ہوں اور وہ اپنی اس غلطی کو یاد کریں گے جو انہوں نے کی یعنی جو انہوں نے ایک جان کو مار ڈالا تھا۔ البتہ حضرت عیسیٰؑ کے پاس جاؤ جو اللہ کے بندے اور اس کے رسول ہیں اور اللہ کی روح اور اس کا کلمہ ہیں۔ فرمایا: تب وہ حضرت عیسیٰؑ کے پاس آئیں گے اور وہ کہیں گے: میں اس مقام پر نہیں ہوں لیکن محمد ﷺ کے پاس جاؤ جو ایسے بندے ہیں جن کو اللہ نے ان کے جو قصور پہلے ہو چکے ہیں اور جو ابھی نہیں ہوئے سب معاف کر دئیے ہیں۔ یہ سن کر وہ میرے پاس آئیں گے اور میں اپنے ربّ سے اس کی درگاہ میں حاضر ہونے کی اجازت مانگوں گا تو وہ مجھے اس کی اجازت دے گا۔ جب میں اس کو دیکھوں گا سجدے میں گر پڑوں گا اور اللہ جتنی دیر چاہے گا کہ وہ مجھے رہنے دے سجدے میں رہنے دے گا۔ پھر فرمائے گا: محمد! سر اُٹھاؤ اور کہو، تمہاری سنی جائے گی، اور سفارش کرو، تمہاری سفارش قبول کی جائے گی۔ اور مانگو تمہیں دیا جائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: میں اپنا سر اُٹھاؤں گا اور میں اپنے ربّ کی وہ وہ حمد و ثنا کروں گا جو وہ مجھے سکھائے گا۔ پھر وہ میرے لئے ایک حد مقرر کر دے گا۔ میں وہاں سے نکل کر ان لوگوں کو جنت میں پہنچاؤں گا۔ قتادہ نے کہا: میں نے حضرت انسؓ کو یہ بھی کہتے سنا: میں وہاں سے نکل کر ان کو آگ سے نکالوں گا اور ان کو جنت میں لے جاؤں گا۔ پھر میں واپس آؤں گا اور اپنے ربّ سے اس کی درگاہ میں داخل ہونے کی اجازت مانگوں گا اور وہ مجھے اس کی اجازت دے گا۔ جب میں اس کو دیکھوں گا سجدے میں گر پڑوں گا اور جب تک اللہ چاہے گا کہ میں رہوں میں سجدے میں پڑا رہوں گا۔ پھر کہے گا: محمد! سر اٹھاؤ اور کہو، تمہاری سنی جائے گی اور سفارش کرو، تمہاری سفارش قبول کی جائے گی اور مانگو، تمہیں دیا جائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: میں سر اُٹھاؤں گا اور اپنے ربّ کی وہ کچھ حمد و ثنا کروں گا جو مجھے سکھائے گا۔ فرمایا: پھر میں سفارش کروں گا اور میرے لئے ایک حد مقرر کر دے گا۔ (فرمایا:) میں ان کو لے کر جنت میں جاؤں گا۔ قتادہ نے کہا: اور میں نے حضرت انسؓ کو یہ کہتے سنا کہ آپؐ نے فرمایا: میں وہاں سے نکل کر ان کو آگ سے نکالوں گا اور ان کو جنت میں لے جاؤں گا۔ پھر تیسری بار لوٹوں گا اور اپنے ربّ کے سامنے اس کی درگاہ میں داخل ہونے کی اجازت مانگوں گا اور مجھے اس کی اجازت دی جائے گی۔ جب میں اس کو دیکھوں گا تو سجدے میں گر پڑوں گا اور جب تک اللہ چاہے گا کہ میں سجدے میں رہوں میں سجدے میں رہوں گا۔ پھر اللہ کہے گا: محمد! سر اٹھاؤ اور کہو، تمہاری سنی جائے گی اور سفارش کرو، تمہاری سفارش قبول کی جائے گی اور مانگو، تمہیں دیا جائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: تب میں اپنا سر اُٹھاؤں گا اور اپنے ربّ کی وہ کچھ حمد و ثنا کروں گا جو وہ مجھے سکھائے گا۔ فرمایا: پھر میں سفارش کروں گا اور وہ میرے لئے ایک حد مقرر کرے گا۔ میں وہاں سے لے کر ان کو جنت میں لے جاؤں گا۔ قتادہ کہتے تھے: میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: میں ان کو لے کر آگ سے نکالوں گا اور جنت میں لے جاؤں گا یہاں تک کہ آگ میں صرف وہی باقی رہ جائیں گے جن کو قرآن نے روک رکھا ہوگا یعنی جن پر ہمیشہ رہنا لازمی ہوگا۔ (حضرت انسؓ کہتے تھے:) پھر آپؐ نے یہ آیت پڑھی: یعنی بالکل متوقع ہے کہ تیرا ربّ تجھے حمد والے مقام پر کھڑا کر دے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: اور یہی وہ مقام محمود ہے جس کا تمہارے نبی ﷺ سے وعدہ کیا گیا تھا۔
صحیح بخاری 7441
عبیداللہ بن سعد بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ میرے چچا نے مجھے بتایا۔ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت انس بن مالکؓ نے مجھ سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے انصار کو بلا بھیجا۔ ان کو ایک بڑے خیمے میں اکٹھا کیا اور ان سے فرمایا: اس وقت تک تم صبر کئے رہنا کہ تم اللہ اور اس کے رسول سے ملو۔ میں حوض پر ہوں گا۔
صحیح بخاری 7442
ثابت بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے، ابن جریج نے سلیمان احول سے، سلیمان نے طاؤس سے، طاؤس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کی عادت تھی کہ جب رات کو تہجد کے لئے اُٹھتے تو دعا کرتے: اے اللہ! جو ہمارا ربّ ہے، تیری ہی سب خوبیاں ہیں، تو ان آسمانوں اور اس زمین کا رکھوالا ہے اور تیری ہی سب خوبیاں ہیں، تو ان آسمانوں اور اس زمین کا ربّ ہے اور ان کا بھی جو ان میں ہیں اور تیری ہی سب خوبیاں ہیں تو ان آسمانوں اور زمین کا نور ہے اور ان کا جو ان میں ہے۔ تو حق ہے تیری بات بھی حق ہے اور تیرا وعدہ بھی حق ہے اور تیری ملاقات بھی حق ہے اور جنت بھی حق ہے اور آگ بھی حق ہے اور وہ گھڑی بھی حق ہے۔ اے اللہ! میں نے اپنے تئیں تیرے سپرد کیا اور تجھ پر میں ایمان لایا اور تجھ ہی پر میں نے بھروسہ کیا اور تیرے حضور ہی میں اپنا جھگڑا لایا ہوں اور تیرے ہی طفیل میں نے فیصلہ چاہا ہے اس لئے پردہ پوشی فرماتے ہوئے مجھ سے درگزر فرما۔ ان کاموں میں بھی جو پیچھے کرنے کے تھے میں نے پہلے کئے اور جو میں نے دیر سے کئے اور جو میں نے چھپائے رکھا اور جن کا میں نے اعلان کیا اور وہ بھی جن کو تو مجھ سے زیادہ بڑھ کر جانتا ہے، تیرے سوا کوئی معبود نہیں مگر تو ہی۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: قیس بن سعد اور ابو زبیر نے طاؤس سے (بجائے قَیِّم کے) قَیَّام نقل کیا۔ اور مجاہد نے کہا: الْقَيُّوْمُ کے معنی ہیں وہ جو ہر چیز پر نگران ہو اور حضرت عمرؓ نے قَیَّام پڑھا۔ اور یہ دونوں تعریف ہی ہیں۔
صحیح بخاری 7443
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے مجھ سے بیان کیا۔ اعمش نے خیثمہ سے، خیثمہ نے حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے ہر ایک سے اس کا ربّ ضرور باتیں کرے گا اس طرح کہ اس کے اور اس کے ربّ کے درمیان کوئی ترجمان نہیں ہوگا اور نہ کوئی پردہ ہوگا جو اُس کو پوشیدہ رکھے۔
صحیح بخاری 7444
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن عبدالصمد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوعمران سے، ابوعمران نے ابوبکر بن عبداللہ بن قیس سے، ابوبکر نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپ ﷺ نے فرمایا: دو جنت ہوں گے چاندی کے، ان کے برتن اور جو سامان بھی اُن میں ہے وہ بھی چاندی کا ہوگا اور دو جنت سونے کے ہوں گے اور اُن کے برتن اور جو سامان بھی ان میں ہے سونے کے ہوں گے۔ جنت عدن میں لوگوں کے اور ان کے ربّ کے دیدار کے درمیان کوئی چیز حائل نہ ہوگی مگر کبریائی کی چادر جو اُس کے چہرے پر ہوگی۔
صحیح بخاری 7445
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ عبدالملک بن اعین اور جامع بن ابی راشد نے ہم سے بیان کیا۔ ان دونوں نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس شخص نے بھی جھوٹی قسم کھا کر کسی مسلمان کا مال مار لیا تو وہ اللہ سے ایسی حالت میں ملے گا کہ وہ اس سے ناراض ہوگا۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: پھر رسول اللہ ﷺ نے اس کی تصدیق میں اللہ جل ذکرہ کی کتاب سے یہ آیت پڑھی۔ یعنی جو لوگ اللہ کے ساتھ اپنے عہدوں اور قسموں کے بدلے میں تھوڑی قیمت لیتے ہیں ان لوگوں کا آخرت میں کوئی حصہ نہیں ہوگا اور (قیامت کے دن) اللہ ان سے بات نہیں کرے گا۔
صحیح بخاری 7446
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تین شخص ہیں جن سے اللہ قیامت کے روز بات نہیں کرے گا اور نہ ان کی طرف دیکھے گا۔ ایک وہ شخص جس نے تجارتی سامان کے بیچنے کے لئے قسم کھائی کہ اسے اس کا اس سے زیادہ دیا جاتا تھا جو اس کو (اب) دے رہا ہے اور وہ جھوٹا ہے اور ایک وہ شخص جس نے عصر کی نماز کے بعد جھوٹی قسم کھائی تاکہ اس کے ذریعہ سے کسی مسلمان آدمی کا مال مارے اور ایک وہ شخص جس نے بچا ہوا پانی روکے رکھا تو اللہ قیامت کے روز فرمائے گا: آج میں بھی تم کو اپنے فضل سے محروم رکھوں گا جس طرح تو نے اس چیز کے بچے ہوئے کو روکے رکھا جو تیرے ہاتھوں نے نہیں بنائی تھی۔
صحیح بخاری 7447
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوہاب نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے محمد سے، محمد نے ابن ابی بکرہ سے، ابن ابی بکرہ نے حضرت ابوبکرہؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: زمانہ چکر کھا کر اپنی اسی حالت پر آگیا ہے جو حالت اس دن تھی کہ جس دن اُس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا تھا۔ سال بارہ مہینے کا ہوتا ہے۔ ان میں سے چار معزز ہیں۔ تین تو پے در پے ذوالقعدہ، ذوالحج اور محّرم۔ اور مُضر کا رجب جو کہ جمادی اور شعبان کے درمیان ہے یہ کون سا مہینہ ہے؟ ہم نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ خاموش رہے یہاں تک کہ ہم نے خیال کیا کہ آپؐ اس کے نام کے سوا اس کا کوئی اور نام رکھیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا یہ ذوالحج نہیں ہے؟ ہم نے کہا: بے شک۔ آپؐ نے فرمایا: یہ کونسا شہر ہے؟ ہم نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ خاموش رہے یہاں تک کہ ہم سمجھے کہ آپؐ اس کے نام کے سوا اس کا کوئی اور نام رکھیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا یہ وہی شہر نہیں؟ ہم نے کہا: بے شک۔ آپؐ نے فرمایا: یہ کونسا دن ہے؟ ہم نے کہا: اللہ اور اس کا رسول بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ خاموش رہے یہاں تک کہ ہم سمجھے کہ آپؐ اس کے نام کے سوا اس کا کوئی اور نام رکھیں گے۔ آپؐ نے فرمایا: کیا یہ قربانی کا دن نہیں؟ ہم نے کہا: بے شک۔ آپؐ نے فرمایا: پھر دیکھو تمہارے خون اور تمہارے مال۔ محمد (بن سیرین) نے کہا: اور میں سمجھتا ہوں کہ حضرت ابوبکرہؓ نے یہ بھی کہا: اور تمہاری عزتیں تمہارے لئے ایسی ہی معزز ہیں جیسا کہ تمہارا یہ دن تمہارے اس شہر میں تمہارے اس مہینہ میں معزز ہے اور عنقریب تم اپنے ربّ سے ملوگے اور وہ تمہارے اعمال کے متعلق تم سے پوچھے گا۔ دیکھنا میرے بعد پھر گمراہ نہ ہوجائیو کہ تم ایک دوسرے کی گردن اڑاتے پھرو۔ سنو! جو موجود ہے وہ اس کو پہنچا دے جو موجود نہیں۔ کیونکہ ہوسکتا ہے کہ جن کو ایک بات پہنچے ان میں سے کوئی کسی سے زیادہ سمجھدار یاد رکھنے والا ہو جس نے اس بات کو سنا۔ محمد (بن سیرین) جب یہ ذکر کرتے تو کہتے تھے: نبی ﷺ نے سچ فرمایا۔ پھر اس کے بعد آپؐ نے فرمایا: دیکھو کیا میں نے پہنچا دیا، دیکھو کیا میں نے پہنچا دیا؟