کتاب 32: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {وَلاَ تَنْفَعُ الشَّفَاعَةُ عِنْدَهُإِلاَّ لِمَنْ أَذِنَ لَهُ حَتَّى إِذَا فُزِّعَ عَنْ قُلُوبِهِمْ قَالُوا مَاذَا قَالَ رَبُّكُمْ قَالُوا الْحَقَّ وَهُوَ الْعَلِيُّ الْكَبِيرُ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7481
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو سے، عمرو نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ اس روایت کو نبی ﷺ تک پہنچاتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جب اللہ آسمان میں کسی امر کا فیصلہ کرتا ہے تو فرشتے اس کی بات سن کر عاجزی سے اپنے پَر پھڑپھڑاتے ہیں جس کی ایسی آواز ہوتی ہے جیسے زنجیر کو پتھر پر مارنے سے۔ علی (بن مدینی) کہتے تھے: سفیان کے سوا دوسرے راویوں نے کہا کہ (اس حدیث میں بجائے صَفْوَانٍ کے) صَفَوَانٍ ہے۔ یہ آواز (آسمان والوں تک) پہنچ جاتی ہے جب ان کے دلوں سے گھبراہٹ دور کی جاتی ہے تو وہ پوچھتے ہیں: تمہارے ربّ نے کیا کہا؟ تو وہ جواب دیتے ہیں: حق ہی فرمایا۔ اور وہ بہت بلند اور بہت ہی بڑا ہے۔ علی کہتے تھے: اور سفیان نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو نے ہمیں یہی بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ سفیان نے کہا: عمرو کہتے تھے: میں نے عکرمہ سے سنا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے بتایا۔ علی کہتے تھے: میں نے سفیان سے پوچھا: (کیا عمرو بن دینار نے یوں ہی) کہا تھا کہ میں نے عکرمہ سے سنا؟ عکرمہ نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ میں نے سفیان سے کہا کہ ایک آدمی نے یوں روایت کیا کہ عمرو بن دینار سے مروی ہے کہ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ اس کو مرفوع بیان کرتے تھے کہ انہوں نے اس آیت کو یوں پڑھا: فُزِّعَ۔ سفیان نے کہا: عمرو نے بھی اسی طرح پڑھا۔ میں نہیں جانتا کہ انہوں نے اسی طرح سنا تھا یا نہیں۔ سفیان نے کہا: یہی ہماری قراءت ہے۔
صحیح بخاری 7482
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن نے مجھے خبر دی۔ ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ نے کسی بات کو بھی اتنا کان لگا کر نہیں سنا جتنا کہ نبی ﷺ کو کان لگا کر سنا جب کہ آپؐ قرآن خوش الحانی سے پڑھ رہے ہوں۔ اور حضرت ابوہریرہؓ کے ایک ساتھی نے کہا: خوش الحانی سے مراد اس کو بلند آواز سے پڑھنا ہے۔
صحیح بخاری 7483
عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ ابو صالح نے ہمیں بتایا۔ ابو صالح نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ فرمائے گا: اے آدم! تو وہ کہیں گے: میں حاضر ہوں اور تیری خدمت کے لئے تیار ہوں۔ پھر بلند آواز سے پکار کر ان سے کہا جائے گا کہ اللہ تمہیں یہ حکم دیتا ہے کہ تم اپنی اولاد میں سے آگ میں جھونکنے کے لیے ایک گروہ نکال لو۔
صحیح بخاری 7484
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: میں نے کسی عورت پر بھی اتنا رشک نہیں کیا جتنا کہ حضرت خدیجہؓ پر۔ آپؐ کے ربّ نے آپؐ سے یہ فرمایا تھا کہ خدیجہ کو ایک گھر کی بشارت دے دیں جو جنت میں ہوگا۔