کتاب 33: باب كَلاَمِ الرَّبِّ مَعَ جِبْرِيلَ وَنِدَاءِ اللَّهِ الْمَلاَئِكَةَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7485
اسحاق نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالصمد نے ہمیں بتایا۔ عبدالرحمٰن نے جو کہ عبداللہ بن دینار کے بیٹے ہیں، ہم سے بیان کیا۔ عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ جب کسی بندے سے محبت کرتا ہے تو جبریلؑ کو پکارتا ہے کہ اللہ فلاں سے محبت کرتا ہے تو بھی اس سے محبت کر۔ پھر جبریلؑ اس سے محبت کرتا ہے۔ پھر جبریلؑ آسمان میں پکار کر کہتا ہے کہ اللہ کو فلاں شخص سے محبت ہے تم بھی اس سے محبت کرو۔ چنانچہ آسمان والے اس سے محبت کرتے ہیں اور زمین کے لوگوں میں اس کے لئے قبولیت ڈال دی جاتی ہے۔
صحیح بخاری 7486
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کچھ فرشتے رات کو اور کچھ فرشتے دن کو یکے بعد دیگرے تم میں آتے رہتے ہیں اور عصر کی نماز اور فجر کی نماز میں وہ اکٹھے ہو جاتے ہیں۔ پھر جو تم میں رات کو رہے تھے وہ اوپر کو چلے جاتے ہیں اور اللہ تعالیٰ ان سے پوچھتا ہے اور وہ ان سے بہتر جانتا ہے، تم نے میرے بندوں کو کس کیفیت میں چھوڑا ہے؟ وہ کہیں گے: ہم نے ان کو اس حالت میں چھوڑا ہے کہ وہ نماز پڑھ رہے تھے اور جب ہم ان کے پاس آئے تھے تو اس وقت بھی نماز پڑھ رہے تھے۔
صحیح بخاری 7487
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے واصل سے، واصل نے معرور سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوذرؓ سے سنا۔ وہ نبیﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: جبریلؑ میرے پاس آئے اور انہوں نے مجھے یہ بشارت دی کہ جو ایسی حالت میں مرے گا کہ اللہ کا کسی کو شریک نہ ٹھہراتا ہوگا تو وہ جنت میں داخل ہوگا۔ میں نے کہا: گو اس نے چوری کی ہو، گو اس نے زنا کیا ہو؟ آپؐ نے فرمایا: گو اس نے چوری کی ہو گو اُس نے زنا کیا ہو۔