کتاب 34: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {أَنْزَلَهُ بِعِلْمِهِ وَالْمَلاَئِكَةُيَشْهَدُونَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7488
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوالاحوص نے ہمیں بتایا۔ ابواسحاق ہمدانی نے ہم سے بیان کیا۔ ابواسحاق نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے فلاں! جب تم اپنے بستر پر آرام کرنے لگو تو یہ کہو: اے اللہ! میں نے اپنے آپ کو تیرے سپرد کیا اور اپنی توجہ تیری طرف کر دی اور اپنا معاملہ تجھے سونپ دیا اور اپنی پیٹھ تجھ پر ہی اُمید کرتے ہوئے اور تجھ سے ہی خوف کرتے ہوئے تجھ سے ہی ٹیک دی۔ کوئی جائے پناہ نہیں اور بجُز تیرے کہیں نجات کی جگہ نہیں۔ میں اس کتاب پر ایمان لایا جو تو نے اُتاری اور تیرے اس نبی کو مان لیا جو تو نے بھیجا۔ پھر اگر تم اس رات مر جاؤ تو فطرت پر مرو گے اور اگر تم صبح کرو تو اجر پاؤ گے۔
صحیح بخاری 7489
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ سفیان نے اسماعیل بن ابی خالد سے، اسماعیل نے حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہﷺ نے جنگ احزاب میں فرمایا: اے اللہ! قرآنِ مجید کے نازل کرنے والے، حساب جلد لینے والے، ان گروہوں کو بھگا دے اور ان کے قدم اُکھاڑ دے۔ حمیدی نے اتنا اور بڑھایا، (کہا:) سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی خالد نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت عبداللہؓ سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے نبیﷺ سے سنا۔
صحیح بخاری 7490
مسدد نے ہم سے بیان کیا۔ مسدد نے ہشیم سے، ہشیم نے ابو بشر سے، ابو بشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ یعنی تو اپنی نماز بلند آواز سے نہ پڑھ اور نہ بالکل خاموشی سے۔ (انہوں نے اللہ تعالیٰ کے اس قول کی نسبت) فرمایا کہ یہ آیت اُس وقت نازل کی گئی جب رسول اللہ ﷺ مکہ میں پوشیدہ طور پر رہتے تھے۔ جب آپؐ کی آواز بلند ہوتی، مشرکین سنتے تو وہ قرآن کو بُرا بھلا کہتے اور اس ذات کو بھی جس نے یہ نازل کیا اور اس کو بھی جو لے کر آیا۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے فرمایا: وَ لَا تَجْهَرْ بِصَلَاتِكَ وَ لَا تُخَافِتْ بِهَا۔ یعنی اپنی قراءت کو اتنا اُونچا نہ کر کہ مشرک سن پائیں، اور اپنے ساتھیوں سے آواز اتنی دھیمی نہ کر کہ تو ان کو سنا نہ سکے اور اس کی درمیانی راہ اختیار کر۔ اور اُونچا نہ پڑھ کہ وہ تم سے قرآن لے لیں۔