کتاب 35: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {يُرِيدُونَ أَنْ يُبَدِّلُوا كَلاَمَ اللَّهِ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7491
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ زُہری نے ہم سے بیان کیا۔ زہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ابن آدم مجھے تکلیف دیتا ہے کہ وہ زمانہ کو بُرا بھلا کہتا ہے حالانکہ زمانہ میں ہوں۔ میرے ہی ہاتھ میں یہ سارا سلسلہ ہے رات اور دن کو میں ہی الٹتا پلٹتا ہوں۔
صحیح بخاری 7492
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا۔ (کہا:) اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو صالح سے، ابو صالح نے حضرت ابو ہریرہؓ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ عزوجل فرماتا ہے: روزہ میرے لئے ہوتا ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دیتا ہوں۔ وہ (روزہ دار) اپنی خواہش اور اپنا کھانا اور اپنا پینا میری خاطر چھوڑتا ہے اور روزہ ایک سپر ہوتا ہے اور روزہ دار کو دو خوشیاں ہوتی ہیں۔ ایک خوشی اس وقت جب وہ افطار کرتا ہے اور ایک خوشی اس وقت جب وہ اپنے ربّ سے ملتا ہے۔ روزہ دار کے منہ کی بو اللہ کے نزدیک مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ عمدہ ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 7493
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اسی اثنا میں کہ حضرت ایوبؑ ننگے نہا رہے تھے، سونے کی ٹڈیوں کا ایک دَل ان پر آگرا تو وہ لپ بھر بھر کر اپنے کپڑے میں ڈالنے لگے۔ ان کے ربّ نے پکارا: ایوب! کیا میں نے تمہیں غنی نہیں کر دیا تھا اس سے جو تم دیکھ رہے ہو؟ انہوں نے کہا: بے شک، اے میرے ربّ۔ مگر تیری برکت سے مجھے بے نیازی نہیں ہو سکتی۔
صحیح بخاری 7494
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ابوعبداللہ اغر سے، ابوعبداللہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمارا ربّ تبارک و تعالیٰ ہر رات سب سے نچلے آسمان پر اُترتا ہے، اس وقت جبکہ رات کی آخری تہائی باقی رہ جاتی ہے اور فرماتا ہے: مجھ سے کون دعا کرے گا کہ میں اس کی قبول کروں؟ مجھ سے کون مانگے گا کہ میں اس کو دوں؟ مجھ سے کون مغفرت مانگے گا کہ میں اس کی مغفرت کروں؟
صحیح بخاری 7495
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا کہ اعرج نے ان کو بتایا، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا، حضرت ابوہریرہؓ نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے ہیں: ہم سب سے آخر میں آنے والے ہیں۔ قیامت کے روز سب سے آگے ہوں گے۔
صحیح بخاری 7496
اور اسی اسناد سے مروی ہے کہ اللہ نے فرمایا: تم خرچ کرو، میں تم پر خرچ کروں گا۔
صحیح بخاری 7497
زُہیر بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ ابن فضیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمارہ سے، عمارہ نے ابوزُرعہ سے، ابوزُرعہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ (حضرت جبریلؑ نے) کہا: یہ خدیجہ ہیں جو آپؐ کے پاس برتن لائی ہیں جس میں کچھ کھانا ہے یا (کہا:) برتن لائی ہیں جس میں پینے کی چیز ہے۔ آپؐ اُن کو ان کے ربّ کی طرف سے سلام کہیں اور انہیں خولدار موتیوں کے گھر کی بشارت دیں جس میں کوئی شور و غل نہیں اور نہ کوئی رنج ہے۔
صحیح بخاری 7498
معاذ بن اسد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمام بن منبہ سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: میں نے اپنے نیک بندوں کے لئے وہ کچھ تیار کر رکھا ہے جسے کسی آنکھ نے نہیں دیکھا اور نہ کسی کان نے سنا اور نہ کسی بشر کے دل پر اس کا خیال گزرا۔
صحیح بخاری 7499
محمود نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ سلیمان احول نے مجھ سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) کہ طاؤس نے ان کو خبر دی کہ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ سے سنا۔ وہ بیان کرتے ہیں: نبی ﷺ جب رات کو تہجد کے لئے اٹھتے تو فرماتے: اے اللہ! تیری سب خوبیاں ہیں، تو ان آسمانوں اور اس زمین کا نور ہے، تیری سب خوبیاں ہیں، تو ان آسمانوں اور اس زمین کو قائم رکھنے والا ہے، تیری سب خوبیاں ہیں، تو ان آسمانوں اور زمین کا ربّ ہے اور ان کا بھی جو اِن میں ہیں، تو حق ہے تیرا وعدہ حق ہے اور تیرا قول حق ہے اور تجھ سے ملنا حق ہے اور جنت بھی حق ہے اور آگ بھی حق ہے اور تمام نبی سچے ہیں اور وہ گھڑی بھی اٹل ہے۔ اے اللہ! میں نے اپنے تئیں تیرے سپرد کیا اور تجھ پر ایمان لایا اور تجھ پر بھروسہ کیا اور تیری طرف جھکا اور تیرے حضور ہی میں نے (اپنا) جھگڑا پیش کیا اور تیرے حضور ہی میں نے فیصلہ چاہا۔ جو پہلے میں کر چکا ہوں اس پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے اس سے درگزر فرما اور نیز اس سے بھی جو میں نے ابھی نہیں کیا اور نیز اس سے بھی جسے میں نے پوشیدہ رکھا اور اس سے بھی جس کا میں نے اظہار کیا تو ہی میرا معبود ہے کوئی معبود نہیں مگر تو ہی۔
صحیح بخاری 7500
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن عمر نمیری نے ہمیں بتایا۔ یونس بن یزید ایلی نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے زُہری سے سنا۔ (زہری نے) کہا: میں نے عروہ بن زبیر اور سعید بن مسیب اور علقمہ بن وقاص اور عبیداللہ بن عبداللہ سے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہؓ کے واقعہ کے متعلق سنا جبکہ بہتان باندھنے والوں نے ان کے متعلق وہ بہتان باندھا تھا جو انہوں نے باندھا اور اللہ نے ان کو ان کی افترا پردازی سے بَری کیا اور ہر ایک نے مجھے اس حدیث کا ایک ٹکڑا بیان کیا جو انہوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتائی تھی۔ آپؓ فرماتی تھیں: لیکن اللہ کی قسم میں گمان نہیں کرتی تھی کہ اللہ میری برأت کے متعلق کوئی وحی نازل کرے گا جو پڑھی جائے گی اور میرے دل میں میری شان اس سے بہت حقیر تھی کہ اللہ میرے متعلق کوئی ایسی بات کرے جس کو پڑھا جائے گا۔ البتہ میں یہ امید رکھتی تھی کہ رسول اللہ ﷺ ہی کوئی ایسی خواب دیکھیں کہ جس کے ذریعہ سے اللہ مجھے بری قرار دے تو اللہ تعالیٰ نے یہ وحی نازل کی: اِنَّ الَّذِيْنَ جَآءُوْ بِالْاِفْكِ…۔ دس آیات تک۔
صحیح بخاری 7501
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ مغیرہ بن عبدالرحمٰن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: جب میرا بندہ بُرا کام کرنے کا ارادہ کرے تو جب تک وہ اسے کرتا نہیں تو اس کے ذمہ وہ گناہ نہ لکھو۔ اگر وہ کرے تو پھر اس کو اُتنا ہی لکھو اور اگر میری خاطر اس نے اس کو چھوڑ دیا تو پھر اس کے لئے نیکی لکھو اور اگر وہ نیکی کرنے کا ارادہ کرے اور اس کو نہ کرے تو تم اس کے لئے نیکی لکھو اور اگر اس کو کرے تو پھر اس کے لئے دس گنا سے لے کر سات سو گنا تک نیکیاں لکھو۔
صحیح بخاری 7502
اسماعیل بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان بن بلال نے مجھے بتایا۔ انہوں نے معاویہ بن ابی مزرد سے، معاویہ نے سعید بن یسار سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ نے مخلوق کو پیدا کیا۔ جب اس سے فارغ ہوا تو رحم کھڑا ہوا تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا: کیا بات ہے؟ رحم نے کہا: یہ اُس کا کھڑا ہونا ہے جو قطع رحمی سے تیری پناہ لے رہا ہے۔ تو اللہ نے فرمایا: کیا تم خوش نہیں ہوتے کہ میں اس کے ساتھ اپنا پیوند جوڑوں جو تجھ سے جوڑے اور اس سے قطع تعلق کروں جو تجھ سے قطع کرے؟ رحم نے کہا: ضرور خوش ہوں گا اے میرے ربّ۔ اللہ نے فرمایا: پھر تیرے لئے یہ وعدہ ہو چکا۔ پھر حضرت ابوہریرہؓ نے یہ آیت پڑھی: کیا یہ امر قریب نہیں کہ اگر تم پیٹھ پھیر لو تو زمین میں فساد کرنے کا موجب ہو جاؤ اور رشتوں کو کاٹ دو۔
صحیح بخاری 7503
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے حضرت زید بن خالدؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے زمانے میں بارش ہوئی تو آپؐ نے فرمایا: اللہ فرماتا ہے: میرے بندوں میں سے آج صبح کوئی تو میرا کافر ہے اور کوئی مجھ پر ایمان لانے والا۔
صحیح بخاری 7504
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: جب میرا بندہ مجھ سے ملنے کی چاہت رکھتا ہے تو میں بھی اس کے ملنے کی چاہت کرتا ہوں اور جب میرے ملنے کو ناپسند کرتا ہے تو میں بھی اس کے ملنے کو ناپسند کرتا ہوں۔
صحیح بخاری 7505
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا۔ ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ فرماتا ہے: میں ویسا ہی ہوں جیسا کہ میرا بندہ میرے متعلق خیال کرتا ہے۔
صحیح بخاری 7506
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایک شخص نے جس نے کبھی کوئی نیکی نہیں کی تھی، کہا کہ جب وہ مر جائے تو اس کو جلا دینا اور اس کی آدھی راکھ خشکی میں اور آدھی سمندر میں اڑا کر بکھیر دینا۔ اللہ کی قسم اگر اللہ نے اس پر قابو پا لیا تو وہ ضرور اس کو ایسی سزا دے گا کہ تمام جہانوں میں کسی کو بھی ایسی سزا نہیں دے گا۔ چنانچہ اللہ نے سمندر کو حکم دیا اور اس نے جو ذرات اس میں تھے ان کو اکٹھا کیا اور خشکی کو حکم دیا تو اس نے بھی جو ذرات اس میں تھے ان کو اکٹھا کیا۔ پھر اللہ نے فرمایا: تم نے یہ کیوں کیا؟ اس نے کہا: تیرے ڈر سے اور تو خوب جانتا ہے۔ اللہ نے پردہ پوشی فرما کر اس سے درگزر کردیا۔
صحیح بخاری 7507
احمد بن اسحاق نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن عاصم نے ہمیں بتایا۔ ہمام نے ہم سے بیان کیا کہ اسحاق بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے عبدالرحمٰن بن ابی عمرہ سے سنا۔ (عبدالرحمٰن نے) کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ (حضرت ابوہریرہؓ نے) کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ نے فرمایا: ایک بندے نے گناہ کیا اور کبھی (حضرت ابوہریرہؓ نے) یوں کہا: أَذْنَبَ ذَنْبًا۔ تو وہ شخص کہنے لگا: اے ربّ میں نے گناہ کیا ہے۔ اور کبھی (حضرت ابوہریرہؓ نے بجائے أَذْنَبْتُ کے) أَصَبْتُ کہا۔ اس لئے پردہ پوشی فرما کر درگزر فرما۔ اس کے ربّ نے کہا: کیا میرے بندے کو علم ہو چکا ہے کہ اس کا ایک ربّ ہے جو گناہ بخشتا ہے اور گناہ پر پکڑتا بھی ہے۔ میں نے اپنے بندے کو معاف کردیا۔ پھر جتنی دیر اللہ نے چاہا وہ ٹھہرا رہا۔ پھر ایک اور گناہ کیا یا (حضرت ابوہریرہؓ نے بجائے أَصَابَ ذَنْبًا کے) أَذْنَبَ ذَنْبًا (کہا) تو کہنے لگا: اے میرے ربّ! میں نے ایک اور گناہ کیا ہے پردہ پوشی فرماتے ہوئے اس سے درگزر فرما۔ تو پروردگار نے پھر فرمایا: کیا میرے بندے کو علم ہو چکا ہے کہ اس کا ایک ربّ ہے جو گناہ بخشتا بھی ہے اور اس پر پکڑتا بھی ہے۔ میں نے اپنے بندے کو بخش دیا پھر جتنی دیر اللہ نے چاہا وہ ٹھہرا رہا۔ پھر ایک اور گناہ کیا۔ کبھی (حضرت ابوہریرہؓ نے یوں) کہا: أَصَابَ ذَنْبًا بجائے أَذْنَبَ ذَنْبًا۔ کہنے لگا: اے میرے ربّ! میں نے ایک اور گناہ کیا یا (کہا:) أَذْنَبْتُ (بجائے أَصَبْتُ کے) میری پردہ پوشی فرماتے ہوئے مجھ سے درگزر فرما۔ تو پروردگار نے فرمایا: کیا میرے بندے کو علم ہو چکا ہے کہ اس کا ایک ربّ ہے جو گناہ بخشتا بھی ہے اور گناہ پر گرفت بھی کرتا ہے۔ میں نے اپنے بندے کو تین بار معاف کردیا اب جو چاہے کرے۔
صحیح بخاری 7508
". فَحَدَّثْتُ بِهِ أَبَا عُثْمَانَ فَقَالَ سَمِعْتُ هَذَا مِنْ سَلْمَانَ غَيْرَ أَنَّهُ زَادَ فِيهِ أَذْرُونِي فِي الْبَحْرِ. أَوْ كَمَا حَدَّثَ.حَدَّثَنَا مُوسَى حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ وَقَالَ لَمْ يَبْتَئِرْ. وَقَالَ خَلِيفَةُ حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ وَقَالَ لَمْ يَبْتَئِزْ. فَسَّرَهُ قَتَادَةُ لَمْ يَدَّخِرْ.
عبداللہ بن ابی الاسود نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے اپنے باپ سے سنا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے عقبہ بن عبدالغافر سے، عقبہ نے حضرت ابوسعیدؓ سے، حضرت ابوسعیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے ایک شخص کا ذکر کیا جو ان لوگوں میں سے تھا جو پہلے گزر چکے یا (فرمایا:) جو تم سے پہلے تھے۔ آپؐ نے ایک جملہ بولا جس کے یہ معنی تھے کہ اللہ نے اس کو مال اور اولاد دی تھی جب وفات کا وقت آن پہنچا تو اس نے اپنے بیٹوں سے کہا: میں تمہارا کیسا باپ تھا؟ انہوں نے کہا: بہت اچھے باپ تھے۔ اس نے کہا کہ اس نے اللہ کے پاس کوئی نیکی آگے نہیں بھیجی ہے اور اگر اللہ نے اس پر قابو پایا تو اس کو سزا دے گا اس لئے دیکھو جب میں مرجاؤں تو مجھے جلا دو یہاں تک کہ جب میں کوئلہ ہو جاؤں تو مجھے پیس ڈالنا یا (راوی نے) کہا: فَاسْحَكُونِي بجائے فَاسْحَقُونِي کے۔ جس دن زور کی آندھی ہو تو اس آندھی میں تم میری راکھ اڑا دینا۔ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا: میرے ربّ کی قسم اس نے اس بات پر اُن سے پختہ عہد لئے اور انہوں نے ایسا ہی کیا۔ پھر آندھی کے دن اس کی راکھ اڑا دی۔ تو اللہ عز وجل نے فرمایا: ہو جا۔ پھر کیا تھا کہ وہی شخص کھڑا تھا۔ اللہ نے پوچھا: اے میرے بندے! یہ جو تم نے کیا ہے اس کے کرنے پر تمہیں کس نے آمادہ کیا؟ اس نے کہا: تیرے خوف نے یا (کہا:) گھبراہٹ نے جو تیرے ڈر سے تھی۔ (راوی نے) کہا: اس پر جلد ہی اللہ نے اپنی رحمت سے اس کے گناہوں کی تلافی کی اور دوسری بار (راوی نے) کہا: اس بات کے سوا اور کسی بات نے بھی اس کے گناہوں کی تلافی نہ کی۔ (سلیمان نے کہا:) میں نے ابوعثمان سے یہ حدیث بیان کی تو انہوں نے کہا: میں نے یہ سلمان سے سنا مگر انہوں نے اس میں اتنا بڑھایا: سمندر میں میری راکھ اڑا دینا یا کچھ ایسا ہی انہوں نے بیان کیا۔ موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے لَمْ يَبْتَئِرْ کہا (یعنی اس نے آگے نہیں بھیجا) اور خلیفہ نے مجھ سے کہا: معتمر نے ہم سے بیان کیا اور کہا: لَمْ يَبْتَئِزْ۔ قتادہ نے اس کے یہ معنی کئے کہ ذخیرہ نہیں کیا۔