کتاب 36: باب كَلاَمِ الرَّبِّ عَزَّ وَجَلَّ يَوْمَ الْقِيَامَةِ مَعَ الأَنْبِيَاءِ وَغَيْرِهِمْ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7509
یوسف بن راشد نے ہم سے بیان کیا کہ احمد بن عبداللہ نے ہمیں بتایا۔ ابوبکر بن عیاش نے ہم سے بیان کیا۔ ابوبکر نے حمید سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ نے فرمایا: جب قیامت ہوگی میری سفارش قبول کی جائے گی۔ میں کہوں گا: اے میرے ربّ! جنت میں ان لوگوں کو بھی داخل کر جن کے دل میں رائی برابر بھی ایمان ہو اور وہ داخل ہوں گے۔ پھر کہوں گا: جنت میں ان لوگوں کو بھی داخل کر جن کے دل میں کم سے کم بھی ایمان ہو۔ حضرت انسؓ نے کہا: مجھے یہ بات ایسی یاد ہے گویا میں رسول اللہ ﷺ کی انگلیوں کو اب بھی دیکھ رہا ہوں۔
صحیح بخاری 7510
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ معبد بن ہلال عنزی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ہم اہل بصرہ میں سے کچھ لوگ اکٹھے ہوئے اور حضرت انس بن مالکؓ کے پاس گئے۔ ہم اپنے ساتھ ثابت بُنانی کو بھی ان کے پاس لے گئے تا کہ وہ ہمارے لیے شفاعت کی حدیث ان سے پوچھ لیں۔ ہم نے کیا دیکھا کہ وہ اپنے محل میں ہیں۔ اتفاق سے ہم ان کے پاس ایسے وقت میں پہنچے کہ وہ چاشت کی نماز پڑھ رہے تھے۔ ہم نے اجازت مانگی۔ انہوں نے اجازت دی اور وہ اس وقت اپنے بچھونے پر بیٹھے ہوئے تھے۔ ہم نے ثابت سے کہا: شفاعت کی حدیث سے پہلے اور کسی بات کے متعلق ان سے نہ پوچھیو تو ثابت نے کہا: ابو حمزہؓ! یہ آپؓ کے بھائی ہیں جو اہل بصرہ میں سے ہیں۔ آپؓ کے پاس آئے ہیں کہ آپؓ سے شفاعت کی حدیث کے متعلق پوچھیں تو انہوں نے کہا: محمد ﷺ نے ہم سے بیان فرمایا: جس دن قیامت ہو گی لوگ بیقراری سے آپس میں ایک دوسرے سے لپٹیں گے۔ حضرت آدمؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے: اپنے ربّ کے حضور ہمارے لئے سفارش کریں تو وہ کہیں گے: میں اس کا اہل نہیں ہوں لیکن تم حضرت ابراہیمؑ کو ملو وہ رحمٰن کے دوست ہیں تو وہ حضرت ابراہیمؑ کے پاس آئیں گے۔ وہ کہیں گے میں اس کا اہل نہیں تم حضرت موسیٰؑ کو جا ملو کیونکہ وہ اللہ کے کلیم ہیں۔ یہ سن کر وہ حضرت موسیٰؑ کے پاس آئیں گے۔ وہ کہیں گے کہ میں اس کا اہل نہیں ہوں لیکن تم حضرت عیسیٰؑ کو جا ملو کیونکہ وہ اللہ کی روح اور کلمہ ہیں۔ تو وہ حضرت عیسیٰؑ کے پاس آئیں گے تو وہ کہیں گے: میں اس کا اہل نہیں ہوں۔ البتہ تم محمد ﷺ کو جا ملو اور وہ میرے پاس آئیں گے۔ میں کہوں گا: میں اس کا اہل ہوں اور میں اپنے ربّ کے پاس حاضر ہونے کی اجازت مانگوں گا اور مجھے اجازت دی جائے گی اور وہ مجھے ایسی تعریفیں الہام کرے گا کہ جس سے میں اس کی حمد کروں گا جو ابھی میرے ذہن میں نہیں آئیں غرض میں ان تعریفوں سے اس کی تعریف کروں گا اور اس کے حضور سجدہ میں گر پڑوں گا اور مجھے کہا جاوے گا: محمد! اپنا سر اُٹھاؤ اور کہو، تمہاری سنی جائیں گی اور مانگو تمہیں دیا جائے گا اور سفارش کرو تمہاری سفارش قبول کی جائے گی۔ میں کہوں گا: اے میرے ربّ! میری امت کو بچا نا، میری اُمت کو بچانا۔ اس پر مجھے کہا جائے گا: جاؤ اور جن کے دل میں جَو برابر بھی ایمان ہو ان کو اس آگ سے نکال دو۔ میں چلا جاؤں گا اور ایسے ہی کروں گا۔ پھر میں واپس لوٹوں گا اور انہی تعریفوں سے اس کی تعریف کروں گا اور پھر اس کے حضور گر پڑوں گا۔ مجھے کہا جائے گا: محمد! اپنا سر اُٹھاؤ اور کہو، تمہاری سنی جائے گی اور مانگو تمہیں دیا جائے گا اور سفارش کرو تمہاری سفارش قبول کی جائے گی۔ تب میں کہوں گا: اے میرے ربّ! میری امت کو بچانا۔ اس پر کہا جائے گا: جاؤ اور جن کے دل میں ذرہ بھر یا رائی کے دانہ کے برابر ایمان ہو ان کو وہاں سے نکال دو۔ میں چلا جاؤں گا اور ایسا ہی کروں گا۔ پھر واپس لوٹوں گا اور انہی تعریفوں سے اس کی تعریف کروں گا۔ اس کے بعد اس کے حضور سجدہ میں گر وں گا تو کہا جاوے گا: محمد! اپنا سر اُٹھاؤ اور کہو، تمہاری سنی جائے گی اور مانگو تمہیں دیا جائے گا اور سفارش کرو تمہاری قبول کی جائے گی۔ میں کہوں گا: اے میرے ربّ! میری امت پر رحم کر، میری امت پر رحم کر۔ تو فرمائے گا: جاؤ اور جن کے دل میں رائی کے دانہ کے وزن سے بھی کم، اس سے بھی کم، اس سے بھی کم ایمان ہو اس کو بھی آگ سے نکال لو۔ میں چلا جاؤں گا اور ایسا ہی کروں گا۔ جب ہم حضرت انسؓ کے پاس سے نکلے میں نے اپنے بعض ساتھیوں سے کہا: اچھا ہو اگر ہم حسن (بصری) کے پاس سے بھی ہوتے جائیں اور وہ اس وقت ابو خلیفہ کے مکان میں چھپے ہوئے تھے اور ہم ان سے وہ بات بیان کریں جو حضرت انس بن مالکؓ نے ہم سے بیان کی ہے۔ چنانچہ ہم ان کے پاس آئے اور انکو السلام علیکم کہا۔ انہوں نے ہمیں اندر آنے کی اجازت دی۔ ہم نے ان سے کہا: ابو سعید! ہم آپ کے بھائی حضرت انس بن مالکؓ کے ہاں سے آپ کے پاس آئے ہیں۔ شفاعت سے متعلق جو بات انہوں نے ہم سے بیان کی ہے ویسے ہمارے خیال میں بھی کبھی نہ آئی تھی تو حسن نے کہا: بھلا بیان تو کرو۔ ہم نے ان سے وہ حدیث بیان کی۔ جب اس آخری مقام پر ختم ہوئی تو حسن نے کہا: بیان کرو۔ ہم نے کہا: حضرت انسؓ نے ہمیں اس سے زیادہ نہیں بتایا۔ تو حسن نے کہا: بیس برس ہوئے حضرت انسؓ نے مجھ سے بھی بیان کیا تھا جب ان کے تمام ہوش و حواس ٹھکانے پر تھے۔ میں نہیں جانتا کہ آیا وہ بھول گئے یا انہوں نے ناپسند کیا کہ تم بھروسہ کر بیٹھو گے۔ ہم نے کہا: ابو سعید! ہمیں بتائیں، تو ہنس پڑے اور کہنے لگے: انسان جلد باز ہی بنایا گیا ہے۔ میں نے یہ ذکر محض اس لئے کیا تھا کہ میں چاہتا تھا کہ تمہیں بتاؤں۔ حضرت انسؓ نے مجھ سے بھی ویسے ہی بیان کیا جیسے تم سے بیان کیا، کہا: (آنحضرت ﷺ نے فرمایا:) پھر میں چوتھی بار واپس لوٹوں گا اور انہی تعریفوں سے اس کی تعریف کروں گا۔ پھر اس کے حضور سجدہ میں گر پڑوں گا۔ تو کہا جائے گا: محمد! اپنا سر اُٹھاؤ اور کہو، تمہاری سنی جائے گی اور مانگو تمہیں دیا جائے گا اور سفارش کرو تمہاری سفارش قبول کی جائے گی۔ تب میں کہوں گا: اے میرے ربّ! مجھے اس کے متعلق بھی اجازت دے جنہوں نے لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کہا تو وہ کہے گا: میری عزت اور میرے جلال اور میری کبریائی اور میری عظمت کی قسم ہے کہ میں آگ سے ضرور ان کو نکال لوں گا کہ جنہوں نے لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ کہا۔
صحیح بخاری 7511
محمد بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے عبیدہ سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جنتیوں میں سے جنت میں سب سے پیچھے داخل ہونے والا اور دوزخیوں میں سے سب سے پیچھے آگ سے نکلنے والا وہ شخص ہوگا جو گھٹنوں کے بل گھسٹتا ہوا نکلے گا اور اس کا ربّ اس سے کہے گا: جنت میں داخل ہو تو وہ کہے گا: اے میرے ربّ! جنت تو بھری ہوئی ہے اور اللہ تعالیٰ اس سے یہ بات تین بار کہے گا اور ہر دفعہ وہ اس کا یہی جواب ہوگا جنت بھر چکی ہے تو وہ کہے گا: تمہارے لئے تو دس گنا دنیا جتنی جگہ ہے۔
صحیح بخاری 7512
بن حجر نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ بن یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے خیثمہ سے، خیثمہ نے حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم میں سے ہر ایک کے ساتھ اس کا ربّ اس طرح بات کرے گا کہ اس کے اور اس کے ربّ کے درمیان کوئی ترجمان نہ ہوگا۔ وہ اپنی دائیں طرف دیکھے گا تو سوائے اس عمل کے جو اس نے پہلے بھیجا تھا اور کچھ نہ دیکھے گا اور اپنی بائیں طرف دیکھے گا تو سوائے اس عمل کے جو اس نے پہلے بھیجا تھا اور کچھ نہ دیکھے گا اور وہ سامنے دیکھے گا تو وہ سوائے آگ کے کچھ نہ دیکھے گا جو اس کے منہ کے سامنے ہوگی۔ اس لئے آگ سے بچو گو کھجور کے ایک ٹکڑے سے ہی۔ اعمش نے کہا: اور عمرو بن مرہ نے خیثمہ سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے اسی طرح بیان کیا اور انہوں نے اس میں اتنا ہی بڑھایا گو ایک اچھی بات ہی کہہ کر۔
صحیح بخاری 7513
عثمان بن ابی شیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے عبیدہ سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: یہودیوں کا ایک عالم آیا اور کہنے لگا: بات یہ ہے کہ جس دن قیامت ہوگی تو اللہ آسمانوں کو ایک انگلی پر اور زمینوں کو ایک انگلی پر اور پانی اور مٹی کو ایک انگلی پر اور باقی تمام مخلوقات کو ایک انگلی پر رکھے گا اور ان کو ملائے گا اور کہے گا کہ میں بادشاہ ہوں، میں بادشاہ ہوں۔ میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ اتنا ہنسے کہ آپؐ کے دانت نظر آئے بوجہ تعجب کے اور اس کی بات سچا سمجھنے کے۔ پھر نبی ﷺ نے یہ آیت پڑھی: وَ مَا قَدَرُوا اللّٰهَ حَقَّ قَدْرِهٖ…۔
صحیح بخاری 7514
وَقَالَ آدَمُ حَدَّثَنَا شَيْبَانُ حَدَّثَنَا قَتَادَةُ حَدَّثَنَا صَفْوَانُ عَنِ ابْنِ عُمَرَ سَمِعْتُ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم.
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے صفوان بن محرز سے روایت کی کہ ایک شخص نے حضرت ابن عمرؓ سے پوچھا: رسول اللہ ﷺ سے (اللہ تعالیٰ کے) راز و نیاز کے متعلق فرماتے آپؓ نے کیا سنا؟ انہوں نے کہا: تم میں سے ایک اپنے ربّ کے اتنا قریب ہوگا کہ وہ اس پر اپنا پہلو جھکا دے گا اور پوچھے گا: کیا تم نے ایسا ایسا کیا؟ وہ کہے گا: ہاں اور پوچھے گا: کیا تم نے ایسا ایسا کیا؟ وہ کہے گا: ہاں اور وہ اس سے اقرار کرائے گا۔ پھر فرمائے گا: میں نے دنیا میں تجھ پر پردہ پوشی کی اور آج میں انہی گناہوں پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے تمہاری مغفرت کرتا ہوں۔
اور آدم نے کہا: شیبان نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے ہمیں بتایا کہ صفوان نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کرتے ہوئے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے نبی ﷺ سے سنا۔