کتاب 37: باب قَوْلِهِ {وَكَلَّمَ اللَّهُ مُوسَى تَكْلِيمًا}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7515
یحیٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ عقیل نے ہم سے بیان کیا۔ عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حمید بن عبدالرحمٰن نے ہمیں بتایا، حمید نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: آدمؑ اور موسیٰؑ نے آپس میں بحث کی۔ تو موسیٰؑ نے کہا: آپ وہی آدم ہیں نا جس نے اپنی ذریت کو جنت سے نکال دیا۔ آدمؑ نے کہا: آپ وہی موسیٰؑ ہیں جس کو اللہ نے اپنی رسالت اور اپنے کلام سے برگزیدہ کیا۔ پھر آپ ایسی بات پر مجھے ملامت کرتے ہیں جو میری پیدائش سے بھی پہلے میرے لیے مقدر ہو چکی تھی۔ چنانچہ آدمؑ موسیٰؑ پر غالب آگئے۔
صحیح بخاری 7516
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قیامت کے روز مومنوں کو اکٹھا کیا جاوے گا اور وہ کہیں گے کہ کاش ہم اپنے ربّ کے حضور سفارش کرائیں اور وہ ہمیں ہماری اس حالت سے آرام دے۔ اس پر وہ حضرت آدمؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے: آپؑ آدم ہیں جو تمام بشر کے باپ ہے۔ اللہ نے اپنے ہاتھ سے آپؑ کو پیدا کیا اور ملائکہ سے آپؑ کو سجدہ کروایا اور ہر شے کے نام آپؑ کو سکھائے اس لئے اپنے ربّ کے حضور سفارش کریں تاکہ وہ ہمیں اس تکلیف سے رہائی دے۔ تو وہ ان سے کہیں گے کہ میں اس مقام پر نہیں ہوں۔ وہ ان سے اپنی وہ غلطی بیان کریں گے جو وہ کر بیٹھے۔
صحیح بخاری 7517
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان نے مجھے بتایا۔ انہوں نے شریک بن عبداللہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے (حضرت انس) بن مالکؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جس رات رسول اللہ ﷺ کو کعبہ کی مسجد سے اسراء کرایا گیا تو آپؐ کے پاس تین شخص آئے۔ یہ آپؐ کو وحی کئے جانے سے پہلے کا واقعہ ہے اور آپؐ اس وقت مسجد حرام میں سوئے ہوئے تھے۔ تو ان میں سے ایک نے کہا کہ ان میں سے وہ کونسا ہے؟ تو ان میں سے درمیان کا شخص بولا: وہ جو اُن میں سے بہتر ہے۔ تو ان میں سے پچھلے شخص نے کہا: ان میں سے اس کو لے لو جو ان میں سے بہتر ہے۔ تو اس رات اتنا ہی واقعہ ہوا۔ پھر آپؐ نے ان کو نہیں دیکھا یہاں تک کہ وہ آپؐ کے پاس ایک اور رات آئے اس حالت میں کہ جس میں آپؐ کا دل دیکھ رہا ہوتا اور آپؐ کی آنکھ سوئی ہوئی ہوتی اور آپؐ کا دل نہ سویا کرتا اور اسی طرح تمام نبی ہوتے ہیں کہ ان کی آنکھیں سوتی ہیں اور ان کے دل نہیں سوتے۔ انہوں نے آپؐ سے بات نہیں کی اور آپؐ کو اٹھا کر لے گئے اور زمزم کے پاس لے جاکر اُتار دیا تو ان میں سے جبریلؑ نے یہ کام اپنے ذمہ لیا۔ جبریلؑ نے آپؐ کے گلے سے لے کر سینہ تک چیر ڈالا اور سینے اور آپؐ کے پیٹ کو خالی کر دیا۔ پھر جبریلؑ نے اس کو اپنے ہاتھ سے زمزم کے پانی سے دھویا یہاں تک کہ آپؐ کے اندرونے کو صاف ستھرا کر دیا۔ پھر سونے کا ایک طشت لایا گیا جس میں سونے کا آفتابہ تھا جو ایمان اور حکمت سے بھرا ہوا تھا۔ انہوں نے آپؐ کا سینہ اور آپؐ کے حلق کی رگیں اس سے بھر دیں۔ پھر اس کو جوڑ کر بند کر دیا۔ پھر سب سے نچلے آسمان کی طرف آپؐ کو اٹھا کر لے گئے اور اس کے دروازوں میں سے ایک دروازہ کھٹکھٹایا تو اہلِ آسمان نے ان کو آواز دی: یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: جبریل۔ انہوں نے پوچھا: تمہارے ساتھ اور کون ہے؟ انہوں نے کہا: میرے ساتھ محمدؐ ہے۔ انہوں نے پوچھا: کیا ان کو بلا بھیجا ہے؟ تو انہوں نے کہا: ہاں۔ تو انہوں نے کہا: تو پھر یہ خوشی سے آئیں اور اپنے لوگوں میں آئیں۔ آسمان والے آپؐ کے آنے سے خوش ہو رہے تھے۔ آسمان والے نہیں جانتے جب تک کہ اللہ ان کو نہ آگاہ کرے کہ وہ زمین میں محمد ﷺ کے ذریعہ سے کیا کچھ کرنا چاہتا ہے۔ پھر آپؐ نے نچلے آسمان میں حضرت آدمؑ کو پایا۔ حضرت جبریلؑ نے آپؐ سے کہا: یہ آپؐ کے باپ ہیں۔ آپؐ انہیں سلام کریں۔ آپؐ نے سلام کیا اور حضرت آدمؑ نے آپؐ کو سلام کا جواب دیا اور کہا: خوشی سے آؤ میرے بیٹے اپنے لوگوں میں آؤ۔ کیا اچھے بیٹے ہو تم۔ تو آپؐ نے نچلے آسمان میں دو ندیاں بہتی ہوئی دیکھیں۔ آپؐ نے پوچھا: جبریل! یہ دو ندیاں کیا ہیں؟ جبریلؑ نے کہا: یہ جو نیل اور فرات ہیں یہ ندیاں ان کی اصل ہیں۔ پھر جبریلؑ آپؐ کو آسمان میں آگے لے گئے تو آپؐ نے ایک اور ندی دیکھی جس پر موتی اور زمرد کا ایک محل تھا۔ آپؐ نے اس پر اپنا ہاتھ مارا تو پھر کیا تھا کہ وہ مشک ہے۔ آپؐ نے پوچھا: جبریل یہ کیا ہے؟ جبریلؑ نے کہا: یہ وہ کوثر ہے جو آپؐ کے ربّ نے آپؐ کے لئے چھپا رکھا ہے۔ پھر آپؐ دوسرے آسمان پر اوپر گئے اور فرشتوں نے جبریلؑ سے وہی پوچھا جو ان سے پہلوں نے پوچھا۔ یعنی یہ کون ہے؟ کہا: جبریل۔ انہوں نے پوچھا: تمہارے ساتھ کون ہیں؟ انہوں نے کہا: محمد ﷺ۔ پوچھا: کیا انہیں بلا بھیجا ہے؟ جبریلؑ نے کہا: ہاں۔ فرشتوں نے کہا: خوشی سے آئیں اور اپنے لوگوں میں آئیں۔ پھر جبریلؑ آپؐ کو لے کر تیسرے آسمان پر چڑھ گئے اور انہوں نے بھی ویسے ہی کہا جو پہلوں اور دوسروں نے کہا تھا۔ پھر آپؐ کو لے کر چوتھے آسمان پر چڑھ گئے۔ تو انہوں نے بھی ان سے ویسے ہی کہا۔ پھر وہ آپؐ کو لے کر پانچویں آسمان پر چڑھ گئے۔ انہوں نے بھی ویسے ہی کہا۔ پھر آپؐ کو چھٹے آسمان پر لے گئے۔ انہوں نے بھی ویسے ہی کہا۔ پھر آپؐ کو ساتویں آسمان پر لے گئے۔ انہوں نے بھی ویسے ہی کہا۔ ہر ایک آسمان میں نبی تھے۔ آپؐ نے ان کا نام بھی لیا اور میں نے ان میں سے حضرت ادریسؑ کو یاد رکھا جو دوسرے آسمان میں تھے اور حضرت ہارونؑ کو جو چوتھے میں تھے۔ اور ایک نبی جو پانچویں میں تھے ان کا نام مجھے یاد نہیں رہا اور حضرت ابراہیمؑ کو جو چھٹے میں تھے اور حضرت موسیٰؑ کو جو ساتویں میں تھے جنہیں اللہ تعالیٰ کے کلام سے فضیلت دی گئی تھی۔ حضرت موسیٰؑ نے کہا: اے میرے ربّ! میں نے یہ گمان نہیں کیا کہ مجھ سے بھی کسی کو بلند کیا جائے گا۔ پھر جبریلؑ آپؐ کو اس سے بھی اوپر لے گئے جس کا حال اللہ ہی جانتا ہے۔ یہاں تک کہ آپؐ سدرة المنتہیٰ کے پاس آئے اور جبار ربّ العزت قریب ہوا اور اتنا نیچے اترا کہ آپؐ سے دو کمان کے برابر یا اس سے بھی کم فاصلے پر ہو گیا اور اللہ نے منجملہ اس وحی کے جو آپؐ کو کی، یہ وحی بھی کی کہ پچاس نمازیں آپ کی امت پر رات دن میں ہوں گی۔ پھر آپؐ نیچے اترے یہاں تک کہ آپؐ حضرت موسیٰؑ کے پاس پہنچے۔ تو حضرت موسیٰؑ نے آپؐ کو روک لیا۔ کہنے لگے: محمد! تمہارے ربّ نے تمہیں کیا حکم دیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: رات دن میں پچاس نمازوں کا مجھے حکم دیا ہے۔ حضرت موسیٰؑ نے کہا: تمہاری امت یہ نہیں کر سکے گی۔ اس لئے واپس جاؤ اور تمہارا ربّ تم سے اور لوگوں سے تخفیف کرے۔ نبی ﷺ نے جبریلؑ کی طرف مڑ کر دیکھا جیسے کہ آپؐ ان سے اس کے متعلق مشورہ پوچھتے ہیں۔ جبریلؑ نے آپؐ سے اشارہ کیا: ہاں، اگر آپؐ چاہیں، وہ آپؐ کو جبار کے پاس اوپر لے گئے تو آپؐ نے اسی جگہ پر کھڑے ہو کر کہا: اے میرے ربّ! ہم سے تخفیف فرما کیونکہ میری اُمت یہ نہیں کر سکے گی۔ تب اللہ نے آپؐ سے دس نمازیں کم کر دیں۔ پھر آپؐ حضرت موسیٰؑ کی طرف لوٹے اور انہوں نے آپؐ کو روک لیا۔ حضرت موسیٰؑ آپؐ کو اسی طرح آپؐ کے ربّ کے پاس واپس بھیجتے رہے یہاں تک کہ پانچ نمازیں رہ گئیں۔ پانچ نمازوں پر بھی حضرت موسیٰؑ نے آپؐ کو روک لیا اور کہنے لگے: محمدؐ! اللہ کی قسم! میں نے اپنی قوم بنی اسرائیل کو اس سے کم پر بھی ترغیب دے کر منوانا چاہا مگر وہ نہ کر سکے اور انہوں نے اس کو چھوڑ دیا اور تمہاری امت تو بلحاظ جسموں اور دلوں اور بدنوں اور آنکھوں اور کانوں کے تو بہت کمزور ہے اس لئے تم واپس جاؤ تا کہ تمہارا ربّ تم سے تخفیف کرے۔ ہر دفعہ نبی ﷺ جبریلؑ کو مڑ کر دیکھتے تا کہ وہ آپؐ کو اس بات میں مشورہ دیں اور جبریلؑ بھی اس بات کو ناپسند نہ کرتے اور وہ پانچویں بار آپؐ کو لے گئے اور آپؐ نے کہا: اے میرے ربّ! میری امت کی یہ حالت ہے کہ ان کے جسم اور ان کے دل اور ان کی آنکھیں اور ان کے بدن کمزور ہیں اس لئے ہم سے تخفیف فرما۔ جبار نے کہا: محمد! آپؐ نے عرض کیا: میں حاضر ہوں اور آپ کی خدمت میں ہوں۔ فرمایا: میرے حضور بات نہیں تبدیل کی جائے گی۔ اسی طرح ہوگا جیسا کہ میں نے تم پر اُم الکتاب میں فرض کر دیا ہے۔ فرمایا: ہر نیکی کا دس گنا بدلہ ہو گا۔ تو نمازیں اُم الکتاب میں پچاس ہی ہیں اور تم پر پانچ فرض کی گئی ہیں۔ یہ سن کر آنحضرت ﷺ حضرت موسیٰؑ کی طرف لوٹے اور انہوں نے پوچھا: آپؐ نے کیا کہا؟ تو آپؐ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ نے ہم سے تخفیف کر دی ہے۔ ہر نیکی کے بدلے اس نے ہمیں دس گنا ثواب دیا ہے۔ حضرت موسیٰؑ نے کہا: اللہ کی قسم! میں نے تو اس سے بھی کم پر بنی اسرائیل کو ترغیب دے کر منوانا چاہا اور انہوں نے اس کو چھوڑ دیا۔ اپنے ربّ کے پاس لوٹو تاکہ تم سے کچھ اور تخفیف کرے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: موسیٰ! اللہ کی قسم! مجھے اپنے ربّ سے بوجہ اس کے کہ میں اس کے پاس بار بار آیا گیا ہوں شرم محسوس ہوتی ہے۔ حضرت جبریلؑ نے کہا: اب اللہ کا نام لے کر اترو۔ (راوی نے) کہا: آپؐ جاگ گئے اور آپؐ مسجد حرام میں ہی تھے۔