کتاب 42: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {كُلَّ يَوْمٍ هُوَ فِي شَأْنٍ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7522
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم بن وردان نے ہمیں بتایا۔ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: تم اہل کتاب سے ان کی کتابوں کے متعلق کیوں پوچھتے ہو حالانکہ تمہارے پاس اللہ کی کتاب موجود ہے جو اللہ کی طرف سے تمام کتابوں میں سے زیادہ قریب زمانے کی ہے تم اسے پڑھتے ہو وہ خالص ہے اس میں کوئی ملونی نہیں کی گئی۔
صحیح بخاری 7523
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ عبیداللہ بن عبداللہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت عبداللہ بن عباسؓ نے کہا: اے مسلمانوں کے گروہ! تم اہل کتاب سے کسی بات کے متعلق کیسے پوچھتے ہو جبکہ تمہاری کتاب جو اللہ نے تمہارے نبی ﷺ پر نازل کی، اللہ کے متعلق سب سے نئی خبریں دینے والی ہے (موجود ہے،) خالص ہے اُس میں کوئی ملونی نہیں کی گئی اور اللہ بتا بھی چکا ہے کہ اہل کتاب نے اللہ کی کتابوں میں تبدیلی کردی ہے اور انہیں کچھ سے کچھ کردیا ہے اور اپنے ہاتھوں سے انہیں لکھا اور کہہ دیا کہ یہ اللہ کے پاس سے ہے تا کہ اس ذریعہ سے تھوڑی سی قیمت لیں۔ جو علم تمہارے پاس آیا ہے، کیا یہ تمہیں ان کے پوچھنے سے نہیں روکتا؟ اللہ کی قسم! ہم نے ان میں سے کبھی بھی کسی شخص کو نہیں دیکھا کہ وہ تم سے اس کتاب کے متعلق پوچھتا ہو جو تم پر نازل کی گئی۔