کتاب 44: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى ‏{‏وَأَسِرُّوا قَوْلَكُمْ أَوِ اجْهَرُوابِهِ إِنَّهُ عَلِيمٌ بِذَاتِ الصُّدُورِ أَلاَ يَعْلَمُ مَنْ خَلَقَ وَهُوَ اللَّطِيفُ الْخَبِيرُ}

صحیح بخاری

صحیح بخاری 7525

حَدَّثَنِي عَمْرُو بْنُ زُرَارَةَ عَنْ هُشَيْمٍ أَخْبَرَنَا أَبُو بِشْرٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ فِي قَوْلِهِ تَعَالَى {وَلاَ تَجْهَرْ بِصَلاَتِكَ وَلاَ تُخَافِتْ بِهَا} قَالَ نَزَلَتْ وَرَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مُخْتَفٍ بِمَكَّةَ فَكَانَ إِذَا صَلَّى بِأَصْحَابِهِ رَفَعَ صَوْتَهُ بِالْقُرْآنِ فَإِذَا سَمِعَهُ الْمُشْرِكُونَ سَبُّوا الْقُرْآنَ وَمَنْ أَنْزَلَهُ وَمَنْ جَاءَ بِهِ فَقَالَ اللَّهُ لِنَبِيِّهِ صلى الله عليه وسلم {وَلاَ تَجْهَرْ بِصَلاَتِكَ} أَىْ بِقِرَاءَتِكَ فَيَسْمَعَ الْمُشْرِكُونَ فَيَسُبُّوا الْقُرْآنَ {وَلاَ تُخَافِتْ بِهَا} عَنْ أَصْحَابِكَ فَلاَ تُسْمِعُهُمْ {وَابْتَغِ بَيْنَ ذَلِكَ سَبِيلاً}

عمرو بن زرارہ نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے ہشیم سے روایت کی کہ ابوبشر نے ہمیں خبر دی۔ ابوبشر نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اللہ تعالیٰ کے اس قول وَ لَا تَجْهَرْ بِصَلَاتِكَ وَ لَا تُخَافِتْ بِهَا کے متعلق روایت کی، کہا: یہ آیت اس وقت نازل ہوئی جب کہ رسول اللہ ﷺ مکہ میں مخفی رہتے تھے۔ تو آپؐ جب اپنے صحابہ کو نماز پڑھاتے ہوئے قرآن پڑھنے میں اپنی آواز کو بلند کرتے، مشرک آپؐ کی آواز سنتے تو قرآن کو بُرا بھلا کہتے اور اس کو بھی جس نے اس کو نازل کیا اور اس کو بھی جو اسے لایا۔ اس لئے اللہ نے نبی ﷺ سے فرمایا: وَلَا تَجْهَرْ بِصَلَاتِكَ یعنی اپنی قرأت کو اونچا نہ پڑھو ورنہ مشرک سنیں گے اور قرآن کو بُرا بھلا کہیں گے اور نہ اپنے ساتھیوں سے اتنا دھیما پڑھو کہ تو ان کو سنائے بھی نہ۔ وَ ابْتَغِ بَيْنَ ذٰلِكَ سَبِيْلًا۔ یعنی اس کے درمیان کی راہ اختیار کر۔

صحیح بخاری 7526

حَدَّثَنَا عُبَيْدُ بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا أَبُو أُسَامَةَ عَنْ هِشَامٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها ـ قَالَتْ نَزَلَتْ هَذِهِ الآيَةُ {وَلاَ تَجْهَرْ بِصَلاَتِكَ وَلاَ تُخَافِتْ بِهَا} فِي الدُّعَاءِ.

عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: یہ آیت کہ وَ لَا تَجْهَرْ بِصَلَاتِكَ وَ لَا تُخَافِتْ بِهَا دعا کے متعلق نازل ہوئی تھی۔

صحیح بخاری 7527

حَدَّثَنَا إِسْحَاقُ حَدَّثَنَا أَبُو عَاصِمٍ أَخْبَرَنَا ابْنُ جُرَيْجٍ أَخْبَرَنَا ابْنُ شِهَابٍ عَنْ أَبِي سَلَمَةَ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " لَيْسَ مِنَّا مَنْ لَمْ يَتَغَنَّ بِالْقُرْآنِ ". وَزَادَ غَيْرُهُ " يَجْهَرُ بِهِ ".

اسحاق نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعاصم نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے ہمیں خبر دی کہ ابن شہاب نے ہم سے بیان کیا۔ ابن شہاب نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہم میں سے وہ نہیں جو قرآن کو خوش الحانی سے نہ پڑھے۔ اور حضرت ابوہریرہؓ کے سوا اوروں نے یہ الفاظ بڑھائے کہ جو اس کو بلند آواز سے نہ پڑھے۔

10 von 10 heute frei