کتاب 51: باب مَا يَجُوزُ مِنْ تَفْسِيرِ التَّوْرَاةِ وَغَيْرِهَا مِنْ كُتُبِ اللَّهِ بِالْعَرَبِيَّةِ وَغَيْرِهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7541
اور حضرت ابن عباسؓ نے کہا: ابوسفیان بن حرب نے مجھے بتایا کہ ہرقل نے اپنے ترجمان کو بلایا۔ پھر نبی ﷺ کا خط منگایا اور اس کو پڑھا: اللہ کے نام کے ساتھ جو رحمٰن اور رحیم ہے۔ محمدؐ کی طرف سے جو کہ اللہ کا بندہ اور اس کا رسول ہے، ہرقل کی طرف۔ اور اے اہل کتاب! آؤ اس بات کی طرف جو ہمارے اور تمہارے درمیان مشترک ہے۔
صحیح بخاری 7542
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ عثمان بن عمر نے ہمیں بتایا۔ علی بن مبارک نے ہمیں خبر دی۔ علی نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، یحيٰ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اہل کتاب مسلمانوں کے لئے تورات کو عبرانی میں پڑھا کرتے تھے اور عربی زبان میں اس کی شرح بیان کرتے تھے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اہلِ کتاب کی تصدیق مت کرو اور نہ ہی ان کو جھٹلاؤ اور کہو: ہم اللہ (پر) اور جو کچھ نازل کیا گیا ہے اس پر ایمان رکھتے ہیں۔
صحیح بخاری 7543
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے پاس یہودیوں میں سے ایک مرد اور ایک عورت کو لایا گیا جنہوں نے زنا کیا تھا۔ آپؐ نے یہودیوں سے پوچھا: تم ان سے کیا کیا کاروائی کرتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہم ان کا منہ کالا کرتے ہیں اور ان کو رسوا کرتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: تورات لاؤ اور اس سے پڑھ کر سناؤ اگر تم سچے ہو۔ تو وہ آئے اور انہوں نے ان لوگوں میں سے جن کو وہ پسند کرتے تھے ایک شخص سے کہا: ارے کانے پڑھو اور وہ پڑھنے لگا۔ یہاں تک کہ تورات میں ایک مقام پر پہنچا تو اس نے اپنا ہاتھ اس پر رکھ دیا۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے کہا: اپنا ہاتھ اُٹھاؤ۔ اس نے اپنا ہاتھ اٹھایا تو اُس میں رجم کا حکم تھا جو بالکل واضح تھا۔ اس پر وہ کہنے لگا: محمد! ان پر رجم ہی ہے لیکن ہم اپنے درمیان اس کو چھپائے رکھتے ہیں۔ تو آپؐ نے ان کے متعلق حکم دیا اور وہ دونوں سنگسار کئے گئے۔ میں اس یہودی کو دیکھتا تھا کہ وہ اس عورت پر پتھر سے بچانے کے لئے جھکتا تھا۔