کتاب 55: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {بَلْ هُوَ قُرْآنٌ مَجِيدٌ * فِي لَوْحٍ مَحْفُوظٍ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7553
اور خلیفہ بن خیاط نے مجھ سے کہا کہ معتمر نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے اپنے باپ سے سنا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے ابورافع سے، ابورافع نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبیؐ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جب اللہ مخلوق پیدا کر چکا تو اس نے اپنے حضور ایک نوشتہ لکھا: میری رحمت میرے غضب پر غالب ہے یا فرمایا: میرے غضب پر سبقت لے گئی ہے اور یہ نوشتہ عرش کے اوپر اس کے پاس ہے۔
صحیح بخاری 7554
محمد بن ابی غالب نے مجھ سے بیان کیا کہ محمد بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ معتمر نے ہم سے بیان کیا کہ میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو رافع نے اُن کو بتایا کہ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ بیان کرتے ہیں: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے ہیں: اللہ نے مخلوقات پیدا کرنے سے پہلے ایک نوشتہ لکھا: میری رحمت میرے غضب سے سبقت لے گئی ہے اور یہ نوشتہ عرش کے اوپر اس کے پاس لکھا ہوا ہے۔