کتاب 57: باب قِرَاءَةِ الْفَاجِرِ وَالْمُنَافِقِ، وَأَصْوَاتُهُمْ وَتِلاَوَتُهُمْ لاَ تُجَاوِزُ حَنَاجِرَهُمْ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 7560
ہُدبہ بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ نے ہمیں بتایا۔ حضرت انسؓ نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوموسیٰؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اس مؤمن کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے ترنج کی سی ہے، مزہ اس کا اچھا ہے اور خوشبو بھی اچھی ہے اور جو قرآن نہیں پڑھتا اس کی مثال کھجور کی سی ہے اس کا مزہ اچھا ہے اور اس کی خوشبو قطعاً نہیں اور فاجر کی مثال جو قرآن پڑھتا ہے نیاز بو کی سی ہے اس کی خوشبو اچھی ہے اور اس کا مزا کڑوا ہے اور اس فاجر کی مثال جو قرآن نہیں پڑھتا اندرائن کی سی ہے جس کا مزہ کڑوا ہے اور اس کی خوشبو بھی کوئی نہیں۔
صحیح بخاری 7561
علی نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زہری سے روایت کی۔ نیز احمد بن صالح نے مجھ سے بیان کیا کہ عنبسہ نے ہمیں بتایا۔ یونس نے ہم سے بیان کیا۔ یونس نے ابن شہاب سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) یحيٰ بن عروہ بن زبیر نے مجھے بتایا کہ انہوں نے عروہ بن زبیر سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی تھیں: کچھ لوگوں نے نبی ﷺ سے کاہنوں کے متعلق پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: وہ کچھ بھی نہیں۔ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! وہ کوئی بات بتا دیتے ہیں جو سچی ہوتی ہے۔ (ابنِ شہاب نے روایت کرتے ہوئے) کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: وہ بات جو سچی ہوتی ہے جنّ اس کو اڑا لیتا ہے اور وہ اپنے دوست کے کان میں کڑ کڑ کرتے ہوئے یوں ڈال دیتا ہے جیسے مرغی کڑکڑاتی ہے اور پھر وہ اس بات میں سو سے بھی زیادہ جھوٹ ملا دیتے ہیں۔
صحیح بخاری 7562
ابونعمان نے ہم سے بیان کیا کہ مہدی بن میمون نے ہمیں بتایا کہ میں نے محمد بن سیرین سے سنا۔ وہ بیان کرتے تھے کہ معبد بن سیرین سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوسعیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: کچھ لوگ مشرق کی طرف سے نکلیں گے اور قرآن پڑھیں گے جو ان کی ہنسلی کے نیچے سے آگے نہیں گزرے گا۔ دین سے ایسے نکلیں گے جیسے تیر شکار سے پار ہوجاتا ہے۔ پھر وہ اس دین میں واپس نہیں آئیں گے یہاں تک کہ تیر بھی اپنے چلہ کی طرف لوٹ آئے۔ آپؐ سے پوچھا گیا: ان کی نشانی کیا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ان کی نشانی سر منڈوانا یا فرمایا: تسبید۔