کتاب 1: باب بَدْءُ الأَذَانِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 603
عمران بن میسرہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا کہ خالد حذّاء نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: لوگوں نے آگ اور ناقوس کا ذکر کیا اور یہود و نصاریٰ کا۔ پھر حضرت بلالؓ کو حکم دیا گیا کہ اذان دیں (الفاظِ اذان) دو دفعہ کہیں اور اقامت (میں) ایک ہی دفعہ۔
صحیح بخاری 604
محمود بن غیلان نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن جُرَیج نے ہمیں بتایا۔ کہا: نافع نے مجھے بتایا: حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: مسلمان جب مدینہ میں آئے تو اکٹھے ہوا کرتے تھے اور نماز کے وقت کا اندازہ کرلیا کرتے تھے۔ اس کے لئے اذان نہیں دی جاتی تھی۔ تو انہوں نے ایک دن اس سے متعلق بات چیت کی۔ ان میں سے بعض نے کہا: عیسائیوں کے ناقوس کی طرح ایک ناقوس بنالو اور بعض نے کہا: نہیں۔ بلکہ یہودیوں کے ناقوس کی طرح۔ اس پر حضرت عمرؓ نے کہا: کیوں نہ تم کسی آدمی کو مقرر کرلو کہ (وہ جاکر) نماز کے لئے بلائے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بلال! اُٹھو نماز کے لئے بلائو۔