کتاب 6: باب مَا يُحْقَنُ بِالأَذَانِ مِنَ الدِّمَاءِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 610
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا، کہا: اسماعیل بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمید سے، حُمید نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ نبی ﷺ جب ہمیں ساتھ لے کر کسی قوم پر چڑھائی کرتے تو آپؐ تاوقتیکہ صبح نہ ہوجائے، ہمیں حملے کا حکم نہ دیتے اور انتظار فرماتے۔ اگر آپؐ اذان سنتے تو ان سے رُک جاتے۔ اگر اذان نہ سنتے تو ان پر حملہ کر دیتے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: ہم خیبر کی طرف نکلے تو ہم ان کے پاس رات کو پہنچے۔ جب آپؐ صبح کو اُٹھے اور اذان نہ سنی تو آپؐ سوار ہوئے اور میں حضرت ابوطلحہؓ کے پیچھے سوار ہوگیا اور میرا پائوں نبی ﷺ کے پائوں سے چھوتا تھا۔ کہتے تھے: وہ باہر نکلے۔ اپنی ٹوکریاں اور کدالیں لئے ہوئے ہماری طرف چلے آرہے تھے۔ جب انہوں نے نبی ﷺ کو دیکھا تو انہوں نے کہا: محمدؐ ہیں۔ اللہ کی قسم محمدؐ اور فوج۔ (حضرت انسؓ) کہتے تھے: جب رسول اللہ ﷺ نے ان کو دیکھا تو آپؐ نے اَللّٰہُ اَکْبَرُ اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہا اور فرمایا: خیبر برباد ہوگیا۔ جب ہم کسی قوم کے آنگن میں ڈیرہ لگاتے ہیں تو پھر ان لوگوں کی صبح بہت بُری ہوتی ہے جو قبل از وقت خطرے سے آگاہ کر دیئے گئے ہوں۔