کتاب 18: باب الأَذَانِ لِلْمُسَافِرِ إِذَا كَانُوا جَمَاعَةً، وَالإِقَامَةِ، وَكَذَلِكَ بِعَرَفَةَ وَجَمْعٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 629
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مہاجر ابوحسن سے، مہاجر نے زید بن وہب سے، زید نے حضرت ابوذرؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے ساتھ ایک سفر میں تھے۔ مؤذّن نے اذان دینی چاہی تو آپؐ نے فرمایا: ٹھنڈا ہونے دو۔ پھر اس نے اذان دینی چاہی تو آپؐ نے فرمایا: ٹھنڈا ہونے دو۔ پھر اس نے اذان دینی چاہی تو آپؐ نے فرمایا: ٹھنڈا ہونے دو۔ یہاں تک کہ سایہ ٹیلوں کے برابر ہوگیا اور نبی ﷺ نے فرمایا: گرمی کی شدت بھی جہنم کی لپٹ ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 630
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد حذاء سے اور خالد نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت مالک بن حویرثؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: دو آدمی نبی ﷺ کے پاس آئے۔ سفر کرنا چاہتے تھے تو نبی ﷺ نے فرمایا: جب تم سفر پر جاؤ تو اذان دے کر تکبیر کہنا۔ پھر تم میں سے جو بڑا ہو تمہارا امام ہو۔
صحیح بخاری 631
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا، کہا: ایوب نے ہمیں بتایا۔ ابوقلابہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت مالکؓ نے ہم سے بیان کیا کہ ہم نبی ﷺ کے پاس آئے اور ہم تقریباً ایک ہی عمر کے جوان تھے۔ ہم آپ کے پاس بیس دن اور راتیں رہے۔ رسول اللہ ﷺ بہت ہی مہربان اور نرم دل تھے۔ جب آپ سمجھے کہ ہمیں اپنے گھر والوں سے ملنے کی خواہش ہے یا کہا: ہم مشتاق ہیں؛ تو آپؐ نے ان لوگوں کی بابت ہم سے پوچھا جن کو ہم اپنے پیچھے چھوڑ آئے تھے۔ ہم نے آپؐ کو بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: اپنے گھر والوں کی طرف لوٹ جاؤ اور ان میں رہو، اُنہیں تعلیم دو اور انہیں نیک باتیں بتائو۔ آپؐ نے بعض باتوں کا ذکر کیا جنہیں میں یاد رکھتا ہوں یا یہ کہا: میں یاد نہیں رکھتا اور فرمایا: تم اسی طرح نماز پڑھنا، جس طرح تم نے مجھے نماز پڑھتے دیکھا ہے۔ جب نماز کا وقت آئے تو تم میں سے ایک تمہارے لیے اذان دے اور چاہیے کہ تم میں سے بڑا تمہارا امام ہو۔
صحیح بخاری 632
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن عمر سے روایت کی، کہا: نافع نے مجھ سے بیان کیا، کہا: حضرت ابن عمرؓ نے ایک ٹھنڈی رات (مقام) ضجنان میں اذان دی۔ پھر کہا: اپنی اپنی جگہوں میں ہی نماز پڑھ لو اور ہمیں بتایا کہ رسول اللہ ﷺ سفر میں مؤذن کو ٹھنڈی رات یا بارش والی رات میں فرمایا کرتے تھے کہ وہ اذان دے۔ پھر اس کے بعد یہ کہے: أَ لَا صَلُّوْا فِی الرِّحَالِ یعنی اپنی جگہوں میں نماز پڑھ لو۔
صحیح بخاری 633
اسحاق نے ہم سے بیان کیا، کہا: جعفر بن عون نے ہمیں بتایا، کہا: ابوالعمیس نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے عون بن ابی جحیفہ سے، عون نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ کو ابطح میں دیکھا۔ آپؐ کے پاس حضرت بلالؓ آئے اور نماز کی اطلاع دی۔ پھر حضرت بلالؓ برچھی لے کر باہر آئے اور رسول اللہ ﷺ کے سامنے ابطح میں اسے گاڑ دیا اور نماز کے لئے تکبیر اقامت کہی۔