کتاب 30: باب فَضْلِ صَلاَةِ الْجَمَاعَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 645
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: باجماعت نماز اکیلے کی نماز سے ستائیس درجے بڑھ کر ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 646
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، (کہا) لیث نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا: یزید) ابن الہاد نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ بن خباب سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت کی کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: باجماعت نماز اکیلے کی نماز سے پچیس درجے بڑھ کر ہوتی ہے۔
صحیح بخاری 647
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالواحد نے ہمیں بتایا، کہا: اعمش نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے ابوصالح سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آدمی کی نماز باجماعت اس کی اس نماز سے پچیس گنا بہتر ہے جو وہ اپنے گھر یا اپنے بازار میں پڑھے اور یہ اس لئے کہ جب وہ وضو کرے اور اچھی طرح وضو کرے۔ پھر وہ مسجد کی طرف نکلے۔ بحالیکہ اسے صرف نماز ہی نکال رہی ہو تو جو قدم بھی وہ اٹھائے گا، اس ایک قدم پر اس کا ایک درجہ بلند اور ایک گناہ دور کر دیا جائے گا اور جب وہ نماز پڑھے گا تو جب تک وہ اپنی نماز گاہ میں رہے گا، ملائکہ اس کے لئے دعائے رحمت کرتے رہیں گے۔ (کہیں گے:) اے اللہ! اس پر خاص رحمت فرما۔ اس پر رحم فرما اور تم میں سے ایک آدمی نماز ہی میں ہوتا ہے جب تک وہ نماز کا انتظار کرے۔