کتاب 36: باب مَنْ جَلَسَ فِي الْمَسْجِدِ يَنْتَظِرُ الصَّلاَةَ، وَفَضْلِ الْمَسَاجِدِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 659
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ملائکہ تم میں سے ایک کے لئے جب تک کہ وہ اپنی جائے نماز میں ہے، دعائے رحمت کرتے رہتے ہیں۔ بشرطیکہ وہ بے وضو نہ ہو جائے۔ (کہتے ہیں:) اے اللہ! اسے معاف کر اے اللہ! اس پر رحم کر۔ تم میں سے ایک شخص نماز ہی میں ہوتا ہے جب تک کہ نماز کی وجہ سے وہ رکا رہے۔ سوائے نماز کے اور کسی بات نے اس کو اپنے گھر والوں کی طرف لوٹنے سے نہ روکا ہو۔
صحیح بخاری 660
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہمیں بتایا، (کہا:) عبیداللہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: خُبَیب بن عبدالرحمن نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے حفص بن عاصم سے۔ حفص نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: سات شخص ہیں جن کو اللہ تعالیٰ اس دن کہ جب اس کے سائے کے سوا کسی اور کا سایہ نہ ہوگا، اپنے سائے میں رکھے گا۔ انصاف کرنے والا امامؔ اور وہ نوجوانؔ جو اپنے رب کی عبادت میں پلا ہوا اور وہ شخصؔ جس کا دل مسجدوں سے وابستہ رہے اور وہ دو شخصؔ جنہوں نے اللہ تعالیٰ کے لئے آپس میں ایک دوسرے سے محبت کی اور پھر وہ اسی پر قائم رہے اور اسی پر جدا ہوئے اور وہ شخصؔ جس کو ایک معزز اور خوبصورت عورت بلائے اور وہ کہے: میں اللہ سے ڈرتا ہوں اور وہ شخصؔ جو چھپا کر صدقہ دے یہاں تک کہ اس کے بائیں کو بھی علم نہیں کہ اس کا دایاں کیا خرچ کرتا ہے اور وہ شخصؔ جسے اللہ تعالیٰ تنہائی میں یاد آئے اور اس کے آنسو بہنے لگیں۔
صحیح بخاری 661
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن جعفر نے حمید سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا، کہا: حضرت انسؓ سے پوچھا گیا: کیا رسول اللہ ﷺ نے انگوٹھی پہنی تھی؟ تو انہوں نے کہا: ہاں ایک رات آپؐ نے عشاء کی نماز میں آدھی رات تک دیر کر دی۔ پھر آپؐ نماز پڑھنے کے بعد ہماری طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا: لوگ نماز پڑھ چکے اور سو گئے ہیں اور تم نماز میں ہی رہے۔ جب تک تم نے اس کا انتظار کیا ہے۔ کہتے تھے (کہ یہ واقعہ مجھے ایسا یاد ہے کہ) میں اب بھی آپؐ کی انگوٹھی کی چمک دیکھ رہا ہوں۔